نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر  جمہوریہ ہند نے کٹک کی سری سری یونیورسٹی میں آئیکونک ٹاور کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے  کہا کہ یہ بھارت کے مالا مال ثقافتی ورثے اور جدید تعلیمی عزائم کے امتزاج کی علامت ہے


نائب صدر  جمہوریہ کے مطابق گزشتہ ایک دہائی کے دوران بھارت کے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور تعلیمی اداروں کی تعداد اور داخلوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے

بھارت کو مضبوط اور باصلاحیت ملک بننا ہوگا تاکہ کوئی بھی اس پر اپنی شرائط مسلط نہ کرسکے: نائب صدر

نائب صدر نے اڈیشہ کی یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ وہ قبائلی طلباء کو تعلیم ادھوری چھوڑنے سے روکنے اور جامع تعلیم کو فروغ دینے کے لیے اسکول کنیکٹ پروگرام شروع کریں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 NOV 2026 3:03PM by PIB Delhi

نائب صدر  جمہوریہ ہند جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج اڈیشہ کے کٹک میں واقع سری سری یونیورسٹی میں آئیکونک ٹاور کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اڈیشہ کے گورنر جناب برج موہن رام، وزیر اعلیٰ جناب موہن چرن ماجھی اور سری سری یونیورسٹی کے بانی اور تاحیات صدر گرو دیو سری سری روی شنکر بھی موجود تھے۔

 

حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے  ، نائب صدر  جمہوریہ نے کہا کہ اس افتتاحی تقریب کی اہمیت محض ایک عمارت کے افتتاح تک محدود نہیں ہے، بلکہ یہ ایک ویژن، تعلیم کے ایک متاثر کن فلسفے، بھارت کے شاندار ثقافتی ورثے اور بھارت کے مستقبل کی تشکیل کے عزم کا جشن بھی ہے۔

سری سری یونیورسٹی کو گرو دیو سری سری روی شنکر کے غیر معمولی ویژن  کا مظہر قرار دیتے ہوئے  ، نائب صدر نے کہا کہ گرو دیو کا تصورِ تعلیم روایتی علمی تعلیم کی حدود سے کہیں آگے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مشرقی  دانش اور مغربی علم کے سنگم کے طور پر تصور کی گئی اس یونیورسٹی نے  2012  میں اپنے تعلیمی سفر کا آغاز کیا تھا۔ اس کا بنیادی فلسفہ یہ ہے کہ حقیقی تعلیم کے ذریعے فرد کے کردار، شعور اور ہمدردی کے جذبے کو پروان چڑھایا جانا چاہیے۔ موجودہ دور میں اس ویژن  کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے  ، انہوں نے کہا کہ تعلیم کا مقصد نوجوانوں کو نہ صرف تعلیمی میدان میں کامیابی کے لیے تیار کرنا ہونا چاہیے بلکہ انہیں معاشرے کے لیے بامعنی خدمات انجام دینے اور دنیا کے ذمہ دار شہری بننے کے قابل بھی بنانا چاہیے۔

نائب صدر  جمہوریہ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ سری سری یونیورسٹی خود کو ’’ دنیا کا سب سے خوش باش کیمپس‘‘ ( ہیپی ایسٹ  کیمپس  اِن دی ورلڈ )   قرار دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشی ایک ایسی کیفیت ہے  ، جس کی خواہش پوری انسانیت کرتی ہے اور جس کی جڑیں بھارت کی تہذیب و ثقافت اور روایات میں گہری پیوست ہیں۔ انہوں نے ان دیرینہ ثقافتی اقدار کے فروغ کے لیے یونیورسٹی کی کوششوں کی ستائش کی ۔

اڈیشہ کے شاندار تعمیراتی اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرتے ہوئے  ، نائب صدر  جمہوریہ نے کہا کہ ریاست میں فنِ تعمیر ہمیشہ سے محض عمارتوں اور طبعی مقامات کی تعمیر تک محدود نہیں رہا ہے، بلکہ یہاں کے مندر فنکارانہ مہارت، سائنسی علم، روحانیت اور ثقافتی تسلسل کے لازوال مظہر رہے ہیں۔ پوری کے مقدس بھگوان جگن ناتھ مندر، بھونیشور کے مندروں اور کونارک مندر کی عظمت کا حوالہ دیتے ہوئے  ،  انہوں نے کہا کہ کلنگا طرزِ تعمیر  بھارتی تہذیب کے غیر معمولی تخلیقی جوہر کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

نائب صدر  جمہوریہ نے کہا کہ آئیکونک ٹاور کی تعمیر میں اسی مالا مال ورثے سے تحریک حاصل کی گئی ہے۔ اس کی بلند ہوتی ہوئی ساخت انسانی امنگوں کے اس سفر کی علامت ہے، جو علم کی بنیادوں سے شروع ہوکر حکمت اور روشن خیالی کی بلندیوں تک پہنچتا ہے۔

ملک کے وسیع تر قومی عزائم کا حوالہ دیتے ہوئے  ، نائب صدر  جمہوریہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ملک کو ’’ وکست بھارت @2047‘‘ کا متاثر کن ویژن  دیا ہے، جس کے تحت ایک ایسے ترقی یافتہ بھارت کا تصور پیش کیا گیا ہے  ، جو اپنی آزادی کی صد سالہ تقریبات اعتماد، صلاحیت اور عالمی قیادت کے ساتھ منائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے  ، اس قومی مقصد کے حصول میں تعلیمی اداروں کے تبدیلی لانے والے  رول پر ہمیشہ زور دیا ہے۔

گزشتہ بارہ برسوں کے دوران   ، اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں توسیع کو اجاگر کرتے ہوئے  ، نائب صدر  جمہوریہ نے کہا کہ ملک میں یونیورسٹیوں کی تعداد 15-2014 ء   میں 760 تھی، جو  آج بڑھ کر  1400 سے زیادہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انڈین انسٹی ٹیوٹس آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کی تعداد  2014 ء  سے قبل 16 تھی، جو بڑھ کر 23 ہوگئی ہے، جب کہ انڈین انسٹی ٹیوٹس آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم) کی تعداد 13 سے بڑھ کر 22 ہوگئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹس آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کی تعداد بھی  2014  ء سے قبل 7 تھی، جو بڑھ کر 20 ہوگئی ہے، جب کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں طلباء  کے داخلوں کی تعداد  15-2014 ء   میں 3.42 کروڑ سے بڑھ کر 4.50 کروڑ سے زیادہ ہوگئی ہے۔

اڈیشہ میں قبائلی آبادی کی قابلِ ذکر تعداد کا حوالہ دیتے ہوئے  ، نائب صدر  جمہوریہ نے ریاست کی تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ وہ قبائلی بچوں کے لیے ’ اسکول کنیکٹ پروگرام‘ شروع کریں، تاکہ وہ تعلیم ادھوری  چھوڑنے سے باز رہیں اور انہیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب ملے۔

بھارت کی ثقافتی شناخت اور قومی طاقت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے  ، نائب صدر  جمہوریہ نے کہا کہ بھارت کے مستقبل کی تشکیل میں اس کی تہذیب اور روایات کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک مضبوط اور باصلاحیت ملک بننے کا خواہاں ہے، تاکہ کوئی بھی اس پر اپنی شرائط مسلط نہ کرسکے۔ انہوں نے ملک کی آزادی، وقار اور مفادات کے تحفظ کے لیے قومی طاقت کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

طلباء  کو یاد دلاتے ہوئے کہ کسی بھی فرد کی حقیقی عظمت کا اندازہ اس کے علم کی گہرائی، کردار کی مضبوطی اور جذبۂ ہمدردی کی وسعت سے لگایا جاتا ہے، نائب صدر  جمہوریہ نے ان پر زور دیا کہ وہ اپنے خیالات اور اعمال میں ہمیشہ ’’ ملک پہلے – راشٹر پر تھم‘‘ کے اصول کو مقدم رکھیں اور ’’ منشیات کو  نہ  کہیں  ‘‘ ( نو ٹو ڈرگز ) ۔

یونیورسٹی برادری سے آئیکونک ٹاور کے ذریعے پیش کردہ اصولوں اور اقدار کے تئیں اپنے عزم کی تجدید کرنے کی اپیل کرتے ہوئے  ، نائب صدر  جمہوریہ نے کہا کہ علم بنیاد، حکمت رہنمائی کرنے والی روشنی، اختراع ذریعہ، ہمدردی طاقت اور خدمت حتمی مقصد ہونی چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ٹاور آنے والی نسلوں تک تعلیم  و تدریس کے مینار، بلند عزائم کی یادگار اور اڈیشہ کی لازوال روح کے جشن کی علامت کے طور پر قائم رہے گا اور طلباء  کی نسلوں کو ایک پُر اعتماد، خوشحال، ہمدرد اور ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔

نائب صدر  جمہوریہ نے سری سری یونیورسٹی کے نو افتتاح شدہ آئیکونک ٹاور میں واقع جدید ترین پلانیٹیریم  کا بھی دورہ کیا، جو سائنسی جستجو، دریافت اور اختراع کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

 

******

( ش ح ۔ م م ۔ ع ا  )

U. No. 7719


(ریلیز آئی ڈی: 2336943) وزیٹر کاؤنٹر : 10