کامرس اور صنعت کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

این آئی سی ڈی سی نے وشاکھاپٹنم میں 31ویں سی آئی آئی پارٹنرشپ سمٹ 2026 کے دوران آندھرا پردیش کی صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا


این آئی سی ڈی سی کے سی ای او اور منیجنگ ڈائریکٹر نے آندھرا پردیش میں تین صنعتی مراکز کی پیش رفت کے بارے میں معزز شخصیات کو تفصیلات سے آگاہ کیا

سمٹ میں عالمی شراکت داری کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور بھارت کو عالمی مینوفیکچرنگ  ہب کے طور پر قائم کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی

این آئی سی ڈی سی پویلین میں آندھرا پردیش کی صنعتی صلاحیت، سرمایہ کاری کے مواقع اور گرین فیلڈ انڈسٹریل اسمارٹ شہروں کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 NOV 2026 11:33AM by PIB Delhi

کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) نے 12 اور 13 نومبر 2026 کو آندھرا پردیش کے شہر وشاکھاپٹنم میں ”سی آئی آئی پارٹنرشپ سمٹ 2026“ کے 31 ویں ایڈیشن کا انعقاد کیا، جس کا موضوع ”نئے عالمی نظام کی رہنمائی: تجارت | ٹیکنالوجی | اعتماد | فکری قیادت“ تھا۔ حکومتِ ہند کی وزارتِ تجارت و صنعت کے محکمہ برائے فروغِ صنعت و داخلی تجارت (ڈی پی آئی آئی ٹی) کے اشتراک سے منعقد ہونے والے اور حکومتِ آندھرا پردیش کی میزبانی میں ہونے والے اس سربراہی اجلاس میں پالیسی سازوں، بین الاقوامی مندوبین، عالمی کاروباری رہنماؤں اور سرمایہ کاروں نے شرکت کی، تاکہ تجارت، ٹیکنالوجی اور اقتصادی تعاون کے ابھرتے ہوئے مواقع پر غور و خوض کیا جا سکے۔

اس افتتاحی سیشن میں مرکزی وزیر برائے تجارت و صنعت جناب  پیوش گوئل، آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب این۔ چندرا بابو نائیڈو، آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ جناب کونیڈیلا پون کلیان، اور مرکزی وزیر برائے شہری ہوابازی جناب کینجارپو رام موہن نائیڈو نے شرکت کی۔ حکومتِ آندھرا پردیش کے وزیر برائے انسانی وسائل کی ترقی، آئی ٹی، الیکٹرونکس اینڈ کمیونیکیشن اور آر ٹی جی جناب نارا لوکیش نے بھی ایک خصوصی خطاب کیا۔

افتتاحی سیشن میں بھارت اور بیرونِ ملک سے متعدد سینئر رہنماؤں، مرکزی اور ریاستی وزراء، غیر ملکی وزرائے تجارت، اعلیٰ سرکاری عہدیداروں، پالیسی سازوں اور نمایاں صنعتی نمائندوں نے بھی شرکت کی، جو بین الاقوامی تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کی کوششوں میں بھرپور شرکت کی عکاسی کرتا ہے۔

اس سربراہی اجلاس نے بین الاقوامی تجارت، عالمی ویلیو چینز، مضبوط و لچکدار سپلائی چینز، جدید مینوفیکچرنگ، دفاعی ٹیکنالوجی، اہم معدنیات (کریٹیکل منرلز)، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، کوانٹم ٹیکنالوجیز، اسمارٹ مینوفیکچرنگ، سبز توانائی (گرین انرجی)، مستقبل کی نقل و حمل (فیوچر موبلٹی) اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر غور و خوض کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔ اس دوران ہونے والے مباحثوں میں بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور بھارت کو عالمی مینوفیکچرنگ اور جدت طرازی کے ایک مسابقتی مرکزکے طور پر پیش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

سربراہی اجلاس کے دوران، مرکزی وزیر برائے تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل اور آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب  این۔ چندرا بابو نائیڈو نے نیشنل انڈسٹریل کوریڈور ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این آئی سی ڈی سی) کے پویلین کا دورہ کیا۔ این آئی سی ڈی سی کے سی ای او اور منیجنگ ڈائریکٹر جناب رجت کمار سینی نے معزز مہمانوں کو آندھرا پردیش میں این آئی سی ڈی سی کے تین گرین فیلڈ انڈسٹریل اسمارٹ سٹی نوڈز یعنی کرشناپٹنم، اورواکل اور کوپرتھی کی ترقی اور پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔

این آئی سی ڈی سی کے پویلین میں مختلف اقدامات اور ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے ذریعے بھارت کے بدلتے ہوئے صنعتی بنیادی ڈھانچے اور سرمایہ کاری کے مواقع کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا۔ اس کے اہم پہلوؤں میں گرین فیلڈ صنعتی اسمارٹ شہروں کی ترقی، ’بی ایچ اے وی وائی اے‘ (بھارت اودیوگک وکاس یوجنا)، صنعتی راہداریوں کے لیے اراضی کا پلیٹ فارم (آئی سی ایل پی) شامل تھے۔ آئی سی ایل پی کے ذریعے سرمایہ کار بھارت بھر میں صنعتی استعمال کے لیے دستیاب تصدیق شدہ اراضی کے مواقع تلاش کرنے اور ان کا موازنہ کرنے کے اہل ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ، کوئلہ شکتی، یعنی کوئلے سے متعلق اعداد و شمار کے تجزیے کا اسمارٹ ڈیش بورڈ بھی پیش کیا گیا۔

پویلین میں 360 ڈگری ورچوئل ریئلٹی (وی آر) ٹور کا بھی اہتمام کیا گیا، جس کے ذریعے شرکاءکو این آئی سی ڈی سی کے صنعتی راہداری منصوبوں کا جامع اور حقیقت سے قریب تر جائزہ لینے کا موقع ملا۔

جناب رجت کمار سینی نے معزز مہمانوں کو تینوں صنعتی نوڈز کی ترقیاتی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اس بریفنگ میں ان منصوبوں میں بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کی تعمیر و ترقی کی رفتار اور ریاست میں سرمایہ کاری کے لیے مکمل طور پر تیار صنعتی مراکز قائم کرنے کی این آئی سی ڈی سی کی مسلسل کوششوں کو اجاگر کیا گیا۔

پویلین میں آندھرا پردیش کی صنعتی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا گیا، جس میں ان تینوں مراکز کے مجموعی 7,223 ایکڑ رقبے پر پھیلے منصوبے، 31,360 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی گنجائش اور 2 لاکھ افراد کے لیے روزگار کے مواقع کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا۔ یہ تینوں مراکز مختلف صنعتی راہداریوں (کوریڈورز) کے تحت تیار کیے جا رہے ہیں اور انہیں عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے اور بہترین رابطہ کاری (کنیکٹیویٹی) سے آراستہ مربوط صنعتی ایکو سسٹم کے طور پر تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ان کی ترقی کا مقصد بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کو فروغ دینا، مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور آندھرا پردیش میں صنعتی ترقی کی رفتار کو تیز کرنا ہے۔

ان نمائشوں اور تبادلہ خیال کے ذریعے، این آئی سی ڈی سی نے مینوفیکچرنگ اور ابھرتے ہوئے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا اور آندھرا پردیش کو ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش منزل کے طور پر پیش کیا۔

جاپان کنٹری سیشن کے دوران، بھارت میں جاپان کے سفیر عزت مآب جناب کیچی اونو نے بھارت اور جاپان کے درمیان بڑھتی ہوئی اقتصادی شراکت داری پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ آندھرا پردیش کے تین شہروں میں قائم 31 جاپانی کمپنیوں نے 8,000 سے زائد مقامی روزگار کے مواقع پیدا کیے ہیں۔ انہوں نے اسٹیل، ادویہ سازی (فارماسیوٹیکلز)، صاف توانائی (کلین انرجی) اور سیمی کنڈکٹرز کے شعبوں میں باہمی تعاون کے مواقع کو بھی اجاگر کیا۔

حکومتِ آندھرا پردیش کے وزیر برائے صنعت و تجارت اور فوڈ پروسیسنگ جناب ٹی۔ جی۔ بھرت نے ریاست کے صنعتی بنیادی ڈھانچے، اسٹریٹجک بندرگاہوں، مختلف شعبوں میں موجود مواقع اور سرمایہ کاری کے وعدوں کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے پر دی جانے والی خصوصی توجہ کو اجاگر کیا۔

جناب رجت کمار سینی نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پانچ اہم شعبوں کی نشاندہی کی: مینوفیکچرنگ اور صنعتی راہداریوں (انڈسٹریل کوریڈورز) کی ترقی، مضبوط و لچکدار سپلائی چینز، جدید ٹیکنالوجیز، پائیدار صنعتی ترقی، اور ایم ایس ایم ای شراکت داری و ہنر مندی کا فروغ ۔ انہوں نے آئندہ دہائی کے دوران  بھارت میں 10 ٹریلین جاپانی ین کی سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کے جاپان کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے، سرمایہ کاری کے مواقع کو عملی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

جیٹرو  چنئی کے ڈائریکٹر جنرل جناب کیوتاکا دوہو نے بھارت اور آندھرا پردیش میں جاپانی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ سروے میں شامل 80 فیصد سے زائد کمپنیاں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ اسوزو موٹرز انڈیا کے صدر اور منیجنگ ڈائریکٹر جناب راجیش متل نے جاپانی مینوفیکچرنگ طریقہ کار، معیار کے اصولوں، ہنر مندی کے فروغ اور مقامی سپلائرز کے نظام (ایکو سسٹم) کی اہمیت پر زور دیا۔

مختلف صنعتی راہداریوں (انڈسٹریل کوریڈورز) میں گرین فیلڈ انڈسٹریل اسمارٹ سٹیز کی ترقی کے ذریعے، این آئی سی ڈی سی بھارت کے مینوفیکچرنگ ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے، لاجسٹکس کی کارکردگی کو بہتر کرنے اور سرمایہ کاری کے لیے مکمل طور پر تیار صنعتی مراکز قائم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اس کے اقدامات کا مقصد ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور ہندوستانی صنعتوں کو عالمی ویلیو چینز کے ساتھ مربوط کرنے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

تقریب میں موجود دیگر معزز شخصیات میں حکومتِ آندھرا پردیش کے وزیر برائے صنعت و فوڈ پروسیسنگ جناب ٹی۔ جی۔ بھرت، حکومتِ آندھرا پردیش کے وزیر برائے سڑکیں و عمارات، بنیادی ڈھانچہ اور سرمایہ کاری جناب بی۔ سی۔ جناردھن ریڈی، حکومتِ آندھرا پردیش کے چیف سیکریٹری جناب جی۔ سائی پرساد، سی آئی آئی کے صدر اور ٹاٹا کیمیکلز لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر و سی ای او جناب آر۔ مکندن، اور سی آئی آئی کے ڈائریکٹر جنرل جناب چندرجیت بنرجی شامل تھے۔

این آئی سی ڈی سی کی31 ویں سی آئی آئی پارٹنرشپ سمٹ 2026 میں شرکت نے اس کے صنعتی راہداری (انڈسٹریل کوریڈور) منصوبوں کی پیش رفت کو واضح کرنے، عالمی شراکت داروں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے اور آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنے کا ایک بہترین موقع فراہم کیا۔ یہ کوششیں گھریلو مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور ”وکست بھارت @2047“ کے ہدف کو حاصل کرنے کے حکومتِ ہند کے وژن میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

حکومتِ ہند کی وزارتِ تجارت و صنعت کے محکمہ برائے فروغِ صنعت و داخلی تجارت (ڈی پی آئی آئی ٹی) کے تحت کام کرنے والے ادارے ’نیشنل انڈسٹریل کوریڈور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ‘ (این آئی سی ڈی سی) کو ملک بھر میں عالمی معیار کے گرین فیلڈ انڈسٹریل اسمارٹ سٹیز تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ مربوط صنعتی بنیادی ڈھانچے اور ڈیجیٹل اقدامات کے ذریعے، این آئی سی ڈی سی کا مقصد مینوفیکچرنگ کے شعبے میں مسابقتی صلاحیت کو بڑھانا، سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

****

 (ش ح ۔رک)

U. No.7710


(ریلیز آئی ڈی: 2336820) وزیٹر کاؤنٹر : 3
یہ ریلیز پڑھیں: English , Gujarati , Assamese