’’سرحدوں سے ماورا کہانیاں‘‘ کے موضوع کے تحت منعقد ہونے والا 57واں بھارتی بین الاقوامی فلمی میلہ (آئی ایف ایف آئی) فخر کے ساتھ روس کو اپنا معزز شراکت دار ملک قرار دے رہا ہے۔ یہ فلمی میلہ 20 سے 28 نومبر 2026 تک گوا میں منعقد ہوگا۔ اس موقع پر چار منتخب فلموں پر مشتمل ایک خصوصی پیکیج پیش کیا جائے گا، جس کے ذریعے عصرِ حاضر کے روسی فلم سازوں کے تخلیقی رجحانات اور سوویت دور کی ایک مشہور موسیقی پر مبنی کلاسیکی فلم کو یکجا کرکے ہند-روس کے دیرینہ ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔
ابھرتے ہوئے ہدایت کاروں کی آوازوں کے ساتھ طنزیہ مزاحیہ اوپیریٹا (موسیقی اور مکالموں پر مشتمل ڈراما) کے ایک شاہکار کو یکجا کرنے والا شراکت دار ملک روس کا یہ خصوصی فلمی حصہ، روسی سنیما کے جذباتی تنوع، اسلوبیاتی جرأت اور موضوعاتی گہرائی کی عکاسی کرتا ہے۔ خاندانی اختلافات، سماجی بیگانگی اور ذاتی اصلاح و نجات جیسے موضوعات کی گہری عکاسی کرنے والی فلموں سے لے کر شہر میں بہتر زندگی کے خوابوں پر شوستاکووچ کی موسیقی سے مزین ایک پُررونق طنزیہ فلم تک، یہ خصوصی نمائش فلمی میلے کے مندوبین اور شائقینِ سنیما کو انسانی زندگی اور اس کے مختلف پہلوؤں کے ایک گہرے اور ہمہ گیر تجربے سے روشناس کرائے گی۔
انستاسیا کوزینا کی فلم بو بو (98 منٹ)، جس کی 57ویں بھارتی بین الاقوامی فلمی میلے میں بھارت میں پہلی بار نمائش کی جائے گی، دیہی پس منظر میں شناخت، قبولیت اور تعصب کے موضوعات پر مبنی ایک درد انگیز فلم ہے۔ یہ فلم نادیہ نامی ایک کم عمر لڑکی کی کہانی بیان کرتی ہے، جسے چہرے پر ہیمنجیوما (خون کی نالیوں کی غیر معمولی افزائش سے بننے والا نشان) ہونے کی وجہ سے دوسروں کے مذاق اور تمسخر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ فلم میں موسیقی کے ذریعے اپنے جذبات اور خیالات کے اظہار کی اس کی جستجو کو پیش کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ حقیقی تبدیلی ظاہری شکل و صورت بدلنے میں نہیں، بلکہ معاشرتی تعصبات پر قابو پانے میں مضمر ہے۔
سڈنی لومیٹ کی سالگرہ
راؤل گیڈاروف کی فلم سڈنی لومیٹ کی سالگرہ (92 منٹ)، جس نے وائبرگ قومی فلمی میلے میں گرینڈ جیوری ایوارڈ حاصل کیا ہے، 57ویں بھارتی بین الاقوامی فلمی میلے میں بھارت میں پہلی بار پیش کی جائے گی۔ یہ دل کو چھو لینے والی فلم 17 سالہ داتو کی زندگی کے سفر کو پیش کرتی ہے، جو خاندانی کشیدگی، اپنوں کی بے رخی اور معافی جیسے مسائل سے نبرد آزما ہوتا ہے۔ فلم میں نسل در نسل منتقل ہونے والے زخموں کو مندمل کرنے کے لیے درکار قوتِ برداشت اور حوصلے کو موضوع بنایا گیا ہے۔
نیو ہوم
نکیتا گروشین کی فلم نیو ہوم (101 منٹ)، جس کا عالمی پریمیئر 2026 کے بھارتی بین الاقوامی فلمی میلے میں ہوگا، نئے مواقع اور اصلاح و نجات کے موضوع پر مبنی ایک متاثر کن فلم ہے۔ سات سال جیل میں گزارنے کے بعد انا سماجی خدمات کے اداروں کی مدد اور رومان کے تعاون سے اپنی زندگی دوبارہ سنوارنے کی کوشش کرتی ہے۔ جاندار اداکاری سے مزین یہ فلم معاشرے میں دوبارہ ضم ہونے، ذہنی و جذباتی طور پر سنبھلنے اور ایک نئی شروعات کے لیے ماضی کا سامنا کرنے جیسے چیلنجوں کو اجاگر کرتی ہے۔
چیریوموشکی
ہربرٹ راپاپورٹ کی فلم چیریوموشکی (91 منٹ)، جس کی بھارتی بین الاقوامی فلمی میلے میں بھارت میں پہلی بار نمائش کی جائے گی، جنگِ عظیم دوم کے بعد کے ماسکو کے پس منظر میں بنائی گئی ایک دل چسپ موسیقی پر مبنی طنزیہ فلم ہے۔ یہ فلم چار نوجوان جوڑوں کی کہانی بیان کرتی ہے، جو بہتر رہائش کے خواب دیکھتے ہیں۔ فلم میں دل کش دھنوں، پُررونق رقص اور مزاح کے امتزاج کے ذریعے سرکاری بدعنوانی کو بے نقاب کیا گیا ہے، جب کہ اس کے ساتھ ہی اجتماعی جذبے اور باہمی یکجہتی کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
فلموں کے اس خصوصی انتخاب کے ذریعے بھارتی بین الاقوامی فلمی میلہ 2026، بھارت اور روس کے درمیان دیرینہ ثقافتی تعلقات کی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ناظرین کو روسی سنیما کے تنوع اور اس کے بدلتے ہوئے تخلیقی رجحانات سے روشناس ہونے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ فلم سازی کے مختلف ادوار اور نسلوں سے تعلق رکھنے والی یہ چاروں فلمیں الگ الگ اصناف کا احاطہ کرتی ہیں اور اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہیں کہ سنیما جغرافیائی سرحدوں سے ماورا ہوکر مشترکہ انسانی تجربات کے ذریعے باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
57واں بھارتی بین الاقوامی فلمی میلہ (آئی ایف ایف آئی) 20 سے 28 نومبر 2026 تک گوا میں منعقد ہوگا۔ ’’سرحدوں سے ماورا کہانیاں‘‘ کے موضوع کے تحت منعقد ہونے والا یہ میلہ بھارت اور دنیا بھر کے فلم سازوں، فلمی صنعت سے وابستہ پیشہ ور افراد اور شائقینِ سنیما کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گا۔ بھارتی اور بین الاقوامی فلموں کے متنوع انتخاب، مختلف ممالک کی خصوصی فلمی نمائشوں، پہلی بار پیش کی جانے والی فلموں، مقابلوں اور فلمی صنعت سے متعلق سرگرمیوں کے ساتھ، آئی ایف ایف آئی 2026 سنیما کے اعلیٰ معیار کی پذیرائی اور فلموں کے ذریعے مختلف ثقافتوں کے درمیان تبادلے کو فروغ دینے کی اپنی روایت کو آگے بڑھائے گا۔
******
ش ح۔ ف ا ۔ م ر
U-NO. 7690