پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 NOV 2026 2:59PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مہاراشٹر کے گڑچرولی میں منعقدہ جن جاتیہ گورو دیوس پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے تقریباً 3,000 کروڑ روپے کی لاگت کے 246 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ دھرتی آبا بھگوان برسا منڈا کے 151ویں یومِ پیدائش کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ملک بھر کے شہریوں کو ’جوہار‘ کہہ کر مبارک باد دی اور بھگوان برسا منڈا کو احترام کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں منائی جانے والی یہ تقریبات قبائلی برادریوں کے فخر اور ان کی لازوال تحریک کی عکاسی کرتی ہیں، کیونکہ ملک اپنے قبائلی ہیروز اور ہیروئنوں کو یاد کر رہا ہے۔ مہاراشٹر کے گڑچرولی میں منعقدہ اس عظیم الشان تقریب کا ذکر کرتے ہوئے، جو مالا مال قبائلی ثقافت کی سرزمین ہے اور راگھوجی بھانگرے، بھاگوجی نائک اور ویر بابوراؤ شیدمکے کی بہادری کی داستانوں سے وابستہ ہے، انہوں نے تمام قبائلی جانبازوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ جناب مودی نے کہا، ’’میں اس تقریب میں ملک بھر سے شرکت کرنے والے تمام گورنروں، وزرائے اعلیٰ، نائب وزرائے اعلیٰ اور ہر ایک عوامی نمائندے کو بھی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ 15 نومبر 2021 کو شروع ہونے والی جن جاتیہ گورو دیوس منانے کی روایت اب ایک قومی تہوار کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ گزشتہ سال بھگوان برسا منڈا کے 150ویں یومِ پیدائش کے موقع پر اس سلسلے میں دو لاکھ سے زیادہ تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں کروڑوں شہریوں نے شرکت کی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’آج ہندوستان اپنے ورثے، اپنی تاریخ اور اپنے ہیروز کو دیسی خودداری کے جذبے کے ساتھ یاد کر رہا ہے، جو ہمارے قومی شعور میں آنے والی ایک بڑی تبدیلی کی علامت ہے۔‘‘
قبائلی برادریوں کی جانب سے نوآبادیاتی دور کے مظالم اور ناانصافیوں کے خلاف مسلسل آواز بلند کیے جانے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کھاسی پہاڑیوں میں تیروت سنگھ کی جدوجہد، چھوٹا ناگپور کی کول تحریک اور سیدو-کانہو کی قیادت میں ہونے والی سنتھال بغاوت سے لے کر مان گڑھ میں گووند گرو کے پیروکاروں کی قربانیوں اور رانی گائیدِنو، تنتیا بھیل، الوری سیتاراما راجو اور رانی درگاوتی کی بہادری کو یاد کیا اور ان تمام تحریکوں کی مشترکہ وراثت کو اجاگر کیا۔ جناب مودی نے کہا، ’’ان تمام داستانوں کے ساتھ بھگوان برسا منڈا کی اَلوگُلان تحریک اور کم عمری میں ان کی جدوجہد آج بھی ہم کروڑوں ہم وطنوں کے لیے بہت بڑی تحریک کا ذریعہ ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے جن جاتیہ گورو دیوس کے موقع پر مختلف ریاستوں میں تقریباً 3,000 کروڑ روپے کی لاگت کے 170 سے زیادہ قبائلی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور 70 سے زائد منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھے جانے کا ذکر کیا۔ انہوں نے میزورم میں مجاہدِ آزادی روپوئیلیانی کے نام سے منسوب عجائب گھر اور اروناچل پردیش میں قبائلی تحقیقاتی ادارے کی نئی عمارت کے افتتاح کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں، صحت کی سہولتوں، قبائلی مصنوعات کی مارکیٹنگ کے مراکز اور دیہی بنیادی ڈھانچے سے متعلق کاموں کا بھی ذکر کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’ان تمام منصوبوں کے لیے میں پورے ملک کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ اس سال جن جاتیہ گورو دیوس ایسے وقت میں منایا جا رہا ہے جب ملک کی دو تاریخی کامیابیاں ہر طرف موضوعِ بحث بنی ہوئی ہیں۔ ان میں پہلی کامیابی تقریباً 50 کروڑ شہریوں کا انتہائی غربت سے باہر نکلنا اور دوسری ملک کا نکسل ازم اور ماؤ نواز دہشت گردی سے آزاد ہونا ہے۔ انہوں نے قبائلی علاقوں کے لیے ان دونوں کامیابیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا، ’’یہ دونوں کامیابیاں ہمارے قبائلی بھائیوں اور بہنوں کی زندگیوں سے گہرا تعلق رکھتی ہیں۔‘‘
عالمی بینک کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے، جس کے مطابق گزشتہ 12 سے 13 برسوں کے دوران تقریباً 50 کروڑ ہندوستانی انتہائی غربت سے باہر نکلے ہیں، وزیر اعظم نے اسے آزادی کے بعد ہندوستان کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی کسی ایک حکومت کی کوششوں کا نتیجہ نہیں، بلکہ پورے معاشرے کی اجتماعی قوت، ہر شہری کی محنت اور قبائلی بہبود کے لیے مرکز کی جانب سے نافذ کی گئی مخصوص اسکیموں اور کیے گئے فیصلوں کا ثمر ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’اس کامیابی کے لیے میں تمام ہم وطنوں، بالخصوص اپنے قبائلی بھائیوں اور بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔‘‘
کروڑوں لوگوں کے غربت سے باہر نکلنے کو وزیر اعظم نے اس پختہ عزم کی تکمیل قرار دیا جس کے تحت کئی دہائیوں سے ترقی کے ثمرات سے محروم لوگوں کو اولین ترجیح دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان انتہائی پسماندہ قبائلی علاقوں کی ترقی کے لیے اپنی پوری قوت صرف کر دی، جہاں بنیادی سہولتوں کا فقدان تھا۔ اس مقصد کے لیے پی ایم-جن من یوجنا اور دھرتی آبا جن جاتیہ گرام اُتکرش ابھیان کے تحت ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ مختص کیے گئے۔ جناب مودی نے کہا، ’’ہماری کوشش یہ رہی ہے کہ جن خاندانوں تک آزادی کے بعد سب سے آخر میں سہولتیں پہنچی تھیں، اب ان تک سب سے پہلے سہولتیں پہنچائی جائیں۔‘‘
غریبوں کے لیے چار کروڑ سے زیادہ پکے مکانات تعمیر کرنے، آزادی کے بعد کئی دہائیوں سے تاریکی میں ڈوبے 18 ہزار دیہاتوں میں بجلی پہنچانے، آیوشمان بھارت کے تحت پانچ لاکھ روپے تک کے مفت طبی علاج کی سہولت فراہم کرنے اور ایک لاکھ 75 ہزار سے زیادہ آیوشمان آروگیہ مندر قائم کرنے کے ذریعے محروم طبقات کو ترجیح دینے کے حکومت کے عزم کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بتایا کہ ان اقدامات سے دور دراز کے قبائلی علاقوں تک بھی صحت کی سہولتیں پہنچائی گئی ہیں۔ انہوں نے دیہی صفائی ستھرائی کے مثبت اثرات کو بھی اجاگر کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’جب غریب خاندانوں کو بیت الخلا کی سہولت ملی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات میں اضافہ ہوا تو متعدد بیماریوں کا خطرہ بھی کم ہو گیا۔‘‘
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ غربت کے خاتمے کے لیے غریب خاندانوں کی آمدنی کے مواقع میں اضافہ کرنا ضروری تھا۔ انہوں نے کہا کہ مدرا یوجنا کے تحت لاکھوں کروڑ روپے کے قرضے بغیر کسی ضمانت کے فراہم کیے گئے، جس سے غریبوں، دلتوں، پسماندہ طبقات اور قبائلی برادریوں کو یکساں طور پر فائدہ پہنچا۔ جناب مودی نے کہا، ’’اس کے ذریعے ان کے اندر آگے بڑھنے کا ایک نیا خود اعتمادی کا جذبہ پیدا ہوا۔‘‘
طویل عرصے سے ترقی کے معاملے میں پیچھے رہ جانے والے علاقوں میں کیے گئے خصوصی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بتایا کہ قبائلی آبادی کی بڑی تعداد والے 100 سے زیادہ امنگوں والے اضلاع اور 500 سے زائد امنگوں والے بلاکس میں خصوصی مہم چلائی گئی۔ اسی طرح پی ایم کرشی دھن دھانیہ یوجنا کے تحت زراعت کے اعتبار سے پسماندہ 100 اضلاع میں بھی ایک خصوصی مہم شروع کی گئی، تاکہ کسانوں، غریب خاندانوں اور قبائلی برادریوں کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ وزیر اعظم نے اجتماعی کوششوں کی تبدیلی لانے والی قوت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا، ’’ان اجتماعی کوششوں اور ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کے منتر نے ملک کے غریبوں میں ایک نیا خود اعتمادی کا جذبہ پیدا کیا اور کروڑوں غریبوں نے غربت کو شکست دے کر یہ ثابت کر دکھایا۔‘‘
ملک کی دوسری بڑی کامیابی یعنی نکسل ازم سے آزادی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس مسئلے نے گڑچرولی سمیت دیگر قبائلی علاقوں میں رہنے والی برادریوں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک وقت میں ملک کے تقریباً 125 اضلاع نکسل ازم سے متاثر تھے، جہاں ہر سال تشدد کے سیکڑوں واقعات پیش آتے تھے اور ہزاروں بے گناہ لوگوں کی جانیں جاتی تھیں، جن میں زیادہ تر قبائلی بھائی بہن شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج نکسل ازم کے خاتمے کے بعد مائیں اور وہ بہنیں، جو اب خود کو محفوظ محسوس کر رہی ہیں، حکومت کو دعائیں دے رہی ہیں، جبکہ وہ نوجوان جن کا بچپن کبھی چھین لیا گیا تھا، اب تعلیم اور روزگار کے مواقع حاصل کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے چند روز قبل چھتیس گڑھ کے بستر میں حفاظتی دستوں کے ساتھ دیوالی منانے کا بھی ذکر کیا، جہاں کبھی لوگ جانے سے بھی خوف محسوس کرتے تھے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’گڑچرولی سمیت نکسل ازم سے متاثر رہنے والے تمام علاقوں میں اس بار دیوالی پر مٹی کے دیوں کے ساتھ ساتھ امید کی روشنی بھی لوگوں تک پہنچی ہے۔‘‘
ہندوستان کی ترقی میں قبائلی برادریوں کے پُرجوش تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے اور اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ملک کے اعلیٰ ترین آئینی عہدے پر بھی قبائلی برادری سے تعلق رکھنے والی ایک بیٹی فائز ہے، وزیر اعظم نے پورے ملک کے مشترکہ فخر کا اظہار کیا۔ جناب مودی نے کہا، ’’ہم سب کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو جی پر فخر ہے۔‘‘
اپنے خطاب کے اختتام پر وزیر اعظم نے جن جاتیہ گورو دیوس کی مبارک باد پیش کی اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بھگوان برسا منڈا کی زندگی سے تحریک حاصل کریں۔ جناب مودی نے کہاکہ ’’آج وقت کا تقاضا ہے کہ بھگوان برسا منڈا سے تحریک حاصل کرتے ہوئے ہم ایک ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے کے لیے اپنی توانائیاں مزید صرف کریں۔‘‘
۔۔۔۔۔
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 7676 )