الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 NOV 2026 11:06AM by PIB Delhi
الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت، حکومتِ ہند کے تحت نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی (این آئی ای ایل آئی ٹی) کی جانب سے سائبر سکیورٹی، ڈیجیٹل فارینزکس اور انٹیلی جنس سے متعلق تیسری قومی کانفرنس (این سی سی ڈی ایف آئی 2026) کا انعقاد 16 اور 17 نومبر 2026 کو ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر، 15 جن پتھ، نئی دہلی میں کیا جا رہا ہے۔ اس کانفرنس کا موضوع ’’سائبر محفوظ بھارت: بھارت کے ڈیجیٹل مستقبل کو مستحکم بنانا‘‘ ہے۔
موجودہ ڈیجیٹل دور میں اس کانفرنس کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے، کیونکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر بڑھتے ہوئے انحصار، سائبر خطرات کی پیچیدہ صورتوں کے ظہور اور سائبر جرائم کی بدلتی ہوئی نوعیت نے سائبر سکیورٹی اور ڈیجیٹل تحقیقات کو قومی اہمیت کے اہم شعبے بنا دیا ہے۔
این سی سی ڈی ایف آئی کا آغاز 2024 میں ناگالینڈ کے کوہیما میں اس کے پہلے اجلاس کے انعقاد کے ساتھ ہوا تھا۔ یہ اجلاس 25 سے 26 جولائی 2024 تک کیپٹل کنونشن سینٹر میں منعقد ہوا تھا، جس کا اہتمام این آئی ای ایل آئی ٹی کوہیما نے ناگالینڈ پولیس اور حکومتِ ناگالینڈ کے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی و مواصلات کے اشتراک سے کیا تھا۔ کوہیما میں رکھی گئی بنیاد کو آگے بڑھاتے ہوئے این سی سی ڈی ایف آئی کا دوسرا اجلاس 2025 میں گوہاٹی، آسام کی گوہاٹی یونیورسٹی میں منعقد ہوا۔ گزشتہ اجلاسوں کی کامیابی سے حوصلہ حاصل کرتے ہوئے اس کانفرنس نے علاقائی پہل سے آگے بڑھ کر ایک وسیع قومی پلیٹ فارم کی شکل اختیار کر لی۔ تیسرے اجلاس کا مقصد وسیع تر شرکت، ٹیکنالوجی کے عملی مظاہروں، علم کے تبادلے اور اہم متعلقہ فریقوں کے درمیان مضبوط تعاون کے ذریعے اس پلیٹ فارم کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
این سی سی ڈی ایف آئی 2026 حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں، دفاع، عدلیہ، ٹیکنالوجی فراہم کرنے والے اداروں، صنعت، تعلیمی شعبے اور سائبر سکیورٹی کے نظام سے وابستہ متعلقہ فریقوں کو علم کے تبادلے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی، جہاں سائبر کے ابھرتے ہوئے خطرات اور ڈیجیٹل تحقیقات اور سائبر لچک کے شعبوں میں درپیش بدلتے ہوئے چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کانفرنس میں مختلف اداروں کے درمیان تال میل کو مضبوط بنانے، سائبر سکیورٹی اور ڈیجیٹل فارینزکس کے شعبوں میں صلاحیتوں کو بڑھانے، پالیسی سے متعلق تبادلۂ خیال کو فروغ دینے اور مصنوعی ذہانت، بلاک چین سکیورٹی اور سائبر انٹیلی جنس جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے استعمال کے امکانات کا جائزہ لینے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
این سی سی ڈی ایف آئی 2026 کو صنعت کے متعدد اہم شراکت داروں کا تعاون حاصل ہے، جو ڈیجیٹل فارینزکس، سائبر سکیورٹی اور تحقیقاتی ٹیکنالوجیز کے شعبوں کی سرکردہ تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر رہے ہیں۔ اس کانفرنس کے علمی شراکت داروں میں انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سینٹر (آئی 4 سی)، سرٹ اِن، دہلی پولیس، سائبر پیس، اسٹینڈرڈائزیشن ٹیسٹنگ اینڈ کوالٹی سرٹیفکیشن (ایس ٹی کیو سی)، ملٹری کالج آف ٹیلی کمیونیکیشن انجینئرنگ (ایم سی ٹی ای)، مہو، مہاراشٹر سائبر، منی پور پولیس، تلنگانہ سائبر سکیورٹی بیورو (ٹی جی سی ایس بی)، حیدرآباد، سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس آف انڈیا (ایس ٹی پی آئی) اور وزارتِ ہنرمندی و صنعت کاری شامل ہیں۔
صنعتی شراکت داروں میں اسٹیلر، پاور فارینزکس اینڈ ڈیجیٹل انٹیلی جنس، میگنیٹ فارینزکس، ایم ایس اے بی، سائِنٹ ٹیکنالوجیز، تھرڈ آئی ٹیکنو سولیوشنز، ایڈوانسڈ ڈیجیٹل فارینزک سولیوشنز اِنکارپوریٹڈ، آکسیجن فارینزکس اور ورٹیکسون لیبز شامل ہیں۔ ان کی شرکت سے صنعتی مہارت، ٹیکنالوجی کے عملی مظاہروں اور عملی تجربات پر مبنی معلومات کے تبادلے میں مدد ملے گی، جس سے سائبر سکیورٹی، ڈیجیٹل فارینزکس اور ڈیجیٹل تحقیقات کے شعبوں میں صلاحیتوں کو آگے بڑھانے کے کانفرنس کے مقصد کو تقویت ملے گی۔
کانفرنس میں سائبر سکیورٹی کے بدلتے ہوئے منظرنامے کا احاطہ کرنے والے 10 اہم موضوعات پر توجہ مرکوز کی جائے گی، جن میں سائبر سکیورٹی، ڈیجیٹل فارینزکس، مصنوعی ذہانت کی سکیورٹی، اہم بنیادی ڈھانچہ، خطرات سے متعلق انٹیلی جنس، بلاک چین اور کرپٹو، ڈرون اور انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) فارینزکس، ڈیجیٹل شواہد، سائبر قوانین اور کلاؤڈ سکیورٹی شامل ہیں۔ ان موضوعات کے تحت ماہرین اور عملی میدان سے وابستہ افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا، تاکہ ابھرتے ہوئے خطرات، تکنیکی ترقی، تحقیقاتی طریقۂ کار، ضابطہ جاتی پیش رفت اور محفوظ و مستحکم ڈیجیٹل نظام کی تعمیر کی حکمت عملیوں کا جائزہ لیا جا سکے۔
دو روزہ کانفرنس میں افتتاحی اجلاس، تکنیکی اور کاروباری اجلاس، پینل مباحثے، صنعتی نمائش اور ’’سائبر کشتی 2026 – سائبر سکیورٹی اور مصنوعی ذہانت ہیکاتھون‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔ تکنیکی اجلاسوں میں قومی سائبر سکیورٹی اور اہم بنیادی ڈھانچے، واقعات سے نمٹنے کی حکمت عملی، مصنوعی ذہانت سے تقویت یافتہ سائبر خطرات، خودکار ڈیجیٹل تحقیقات، سائبر خطرات سے متعلق انٹیلی جنس، مالیاتی سائبر جرائم، آلات اور ملٹی میڈیا کی جدید فارینزک جانچ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تیاری، بین الاقوامی تعاون، ڈیجیٹل شواہد، کوانٹم کمپیوٹنگ، خودکار نظام، جدید ترین ٹیکنالوجیز، صلاحیت سازی اور قومی سائبر نظام جیسے اہم شعبوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ کانفرنس کے دوران منعقد ہونے والی نمائش میں ڈیجیٹل فارینزکس، سائبر سکیورٹی، ڈرون ٹیکنالوجی، نگرانی کے نظام اور مصنوعی ذہانت پر مبنی سکیورٹی کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجیز اور حل پیش کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ تکنیکی تبادلۂ خیال اور کاروباری اداروں کے درمیان براہِ راست روابط کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔
این سی سی ڈی ایف آئی 2026 کی ایک اہم خصوصیت ’’سائبر کشتی 2026 – سائبر سکیورٹی اور مصنوعی ذہانت ہیکاتھون‘‘ ہوگی، جس کا انعقاد تکنیکی اجلاسوں کے ساتھ کیا جائے گا۔ تین سطحوں پر مشتمل اس مقابلے کو جائزہ، حملہ اور دفاع کے موضوعات کے تحت ترتیب دیا گیا ہے، جو جدید سائبر سکیورٹی کارروائیوں کے اہم پہلوؤں کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس ہیکاتھون کو زبردست پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور مقابلے کے لیے 3,093 شرکاء پر مشتمل 1,031 ٹیموں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔ ان میں سے 923 ٹیموں (2,769 شرکاء) کو پہلی سطح کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جب کہ 50 ٹیموں نے دوسری سطح اور 10 ٹیموں نے تیسری سطح کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
این سی سی ڈی ایف آئی 2026 کے دوران این آئی ای ایل آئی ٹی اور صنعتی شراکت داروں کے درمیان مفاہمت ناموں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔ ان کا مقصد سائبر سکیورٹی، ڈیجیٹل فارینزکس اور انٹیلی جنس وغیرہ کے شعبوں میں ادارہ جاتی شراکت داری، علم کے تبادلے، مشترکہ اقدامات، تحقیق و ترقی اور صلاحیت سازی کو مستحکم بنانا ہے۔ ان اشتراکات کے ذریعے طویل مدتی تعاون کے لیے ایک لائحہ عمل تیار کرنے، صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دینے اور ان اہم شعبوں میں مستقبل کے مشترکہ اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔
این سی سی ڈی ایف آئی 2026 کے ذریعے این آئی ای ایل آئی ٹی اپنے معاون اداروں اور ادارہ جاتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مضبوط بنانے، اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور ملک میں ایک محفوظ، مستحکم اور قابلِ اعتماد ڈیجیٹل نظام کی ترقی میں تعاون کرنا چاہتا ہے۔
***
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7671