ریلوے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بھارتی ریلوے نے نیپال کے جنک پور دھام کو  بھارت کے ایودھیا سے جوڑنے والی ہفتہ وار ٹرین سروس کی منظوری دے دی


سرحد پار رابطے، مذہبی سیاحت اور  بھارت -نیپال دوستی کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 14 NOV 2026 4:10PM by PIB Delhi

بھارت اور نیپال کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے،  بھارتی ریلوے نے نیپال کے جنک پور دھام اور بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ایودھیا کے درمیان نئی ہفتہ وار ٹرین سروس شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

یہ ٹرین سروس رامائن کی روایت سے گہری وابستگی رکھنے والے دو اہم مقامات کے درمیان ایک اہم ریلوے رابطہ قائم کرے گی۔ ان میں جنک پور دھام شامل ہے، جسے ماتا سیتا کی جائے پیدائش کے طور پر عقیدت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، جب کہ ایودھیا بھگوان شری رام کی جائے پیدائش ہے۔ اس اقدام سے دونوں ملکوں کے مسافروں کو  ، ان اہم مذہبی اور ثقافتی مراکز تک بہتر رسائی حاصل ہوگی اور ان کے مشترکہ تہذیبی ورثے کو بھی تقویت ملے گی۔

سرحد پار اہم مقامات کو جوڑنے والی ٹرین سروس

تقریباً 604 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے والی یہ ہفتہ وار ٹرین سروس جنک پور دھام کو ایودھیا کینٹ سے جوڑے گی۔ اس دوران یہ بہار اور اتر پردیش کے کئی اہم قصبوں اور شہروں سے گزرے گی۔

اس ٹرین کے دونوں آخری اسٹیشنوں کے علاوہ ، جینگر، مدھوبنی، شیشو، سیتا مڑھی، رکسول، نرکٹیا گنج، گورکھپور، بستی، منکا پور اور ایودھیا دھام میں بھی تجارتی بنیاد پر ٹھہراؤ ہوگا۔

یہ ٹرین ہفتے میں ایک دن چلے گی۔ جنک پور دھام سے اس کی روانگی ہر ہفتے سنیچر کو ہوگی، جب کہ ایودھیا کینٹ سے یہ ہر ہفتے پیر کے روز روانہ ہوگی۔

سیاحت، تجارت اور علاقائی ترقی کو فروغ

توقع ہے کہ اس نئی ٹرین سروس سے یاتریوں، سیاحوں اور دیگر مسافروں کے لیے سرحد پار سفر زیادہ آسان ہو جائے گا۔ اس سے جنک پور اور ایودھیا کے درمیان مذہبی سفر کو سہولت ملے گی، رامائن سے وابستہ سیاحتی مقامات کے دوروں کو فروغ حاصل ہوگا اور تعلیم، کاروبار اور خاندانی ضرورتوں کے سلسلے میں سفر کرنے والے لوگوں کو بھی آمد و رفت کی بہتر سہولت میسر آئے گی۔

ریل رابطے میں بہتری سے اس روٹ کے آس پاس کی مقامی معیشتوں کو بھی فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ اس سے سیاحت سے وابستہ کاروبار، ہوٹل اور مہمان نوازی کے اداروں، مقامی تاجروں اور روایتی دست کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ بہار اور نیپال کے سرحدی علاقوں میں رہنے والی برادریوں کو مسافروں کی آمد و رفت کے لیے ایک اضافی سہولت ملے گی اور اقتصادی و سماجی روابط بھی مضبوط ہوں گے۔

بھارت -نیپال دوستی کو مضبوط بنانا

بھارت اور نیپال کے درمیان صدیوں پرانے ثقافتی، تاریخی اور سماجی تعلقات ہیں۔ مذہبی روایات اور سرحد کے دونوں جانب رہنے والی برادریوں کے باہمی روابط ان تعلقات کا ایک اہم حصہ ہیں۔ نئی ٹرین سروس ریلوے رابطے کے ذریعے دونوں ملکوں کے لوگوں کو مزید قریب لا کر باہمی تعاون کو ایک نئی جہت دے گی۔

اس اقدام کے ذریعے  بھارتی ریلوے مسافروں کے لیے رابطے کی سہولت کو مسلسل وسعت دے رہی ہے۔ ساتھ ہی علاقائی سیاحت، اقتصادی سرگرمیوں اور دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان دیرینہ دوستی کو بھی فروغ ملے گا۔

 

****

( ش ح ۔ ا ع خ ۔ ر ا )

U.No. 7642

 

 


(ریلیز آئی ڈی: 2336243) وزیٹر کاؤنٹر : 28