پوسٹ کرنے کی تاریخ:
13 NOV 2026 6:13PM by PIB Delhi
بھارت کے نائب صدر، جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج وشاکھاپٹنم، آندھرا پردیش میں سی آئی آئی پارٹنرشپ سمٹ کے 31ویں ایڈیشن کے اختتامی اجلاس سے خطاب کیا۔
نائب صدر نے وزیر اعلیٰ جناب این چندرابابو نائیڈو کی قیادت میں آندھرا پردیش کی قابل ذکر ترقی کو سراہا۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ ریاست نے جون 2024 سے اب تک 22 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کے 714 سرمایہ کاری کے منصوبے حاصل کیے ہیں، جو مضبوط سرمایہ کاروں کے اعتماد اور اقتصادی رفتار کا غماز ہے۔
انھوں نے کہا کہ ریاست کا سوارنا آندھرا 2047 کا وژن وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وِکست بھارت 2047 کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔ سبز توانائی، مصنوعی ذہانت، سیمی کنڈکٹرز، کوانٹم ٹکنالوجی، بندرگاہوں، ایرو اسپیس اور جدید مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری آندھرا پردیش کو ایک ابھرتے ہوئے صنعتی اور جدت طرازی کے مرکز کے طور پر پوزیشن دے رہی ہے۔
اس سال کی سمٹ کے موضوع، ’نئے عالمی نظام کو نیویگیٹ کرنا - تجارت، ٹکنالوجی اور اعتماد‘ کا حوالہ دیتے ہوئے، نائب صدر نے زور دے کر کہا کہ جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورت حال، تکنیکی رکاوٹیں، ماحولیاتی تبدیلی اور ابھرتی ہوئی سپلائی چینز عالمی معیشت کو نئی شکل دے رہی ہیں۔ تاہم، غیر یقینی صورت حال کا ہر دور نئے مواقع بھی پیش کرتا ہے، اور وہ اقوام جو موافقت، جدت طرازی اور قابل اعتماد شراکت داری کا مظاہرہ کرتی ہیں، مستقبل کو تشکیل دینے کے لیے بہترین پوزیشن میں ہوں گی۔
انھوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ بھارت، وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں، 2047 تک ایک وِکست قوم بننے کی طرف مضبوطی سے بڑھ رہا ہے۔ بھارت کی بڑھتی ہوئی اقتصادی طاقت، نوجوان اور ہنرمند افرادی قوت، متحرک کاروباری ایکو سسٹم اور پھیلتے ہوئے مینوفیکچرنگ اور خدمات کے شعبوں پر زور دیتے ہوئے، انھوں نے کہا کہ بھارت ابھرتے ہوئے عالمی اقتصادی نظام میں محض حصہ لینے کی خواہش نہیں رکھتا بلکہ اسے تشکیل دینے میں ایک اہم کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔
نائب صدر نے مصنوعی ذہانت، سیمی کنڈکٹرز، کوانٹم کمپیوٹنگ، بائیو ٹکنالوجی، جدید مینوفیکچرنگ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی تبدیلی کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ انھوں نے زور دیا کہ آتمِ نربھر بھارت کو اندرونی طور پر مڑنے کے طور پر نہیں سمجھا جانا چاہیے، بلکہ گھریلو صلاحیتوں کی تعمیر، مسابقت کو بڑھانے اور عالمی منڈیوں کے ساتھ گہرائی سے مربوط ہونے کے طور پر سمجھا جانا چاہیے۔
وِکست بھارت 2047 کی طرف ایک اجتماعی قومی کوشش کا مطالبہ کرتے ہوئے، جناب سی پی رادھا کرشنن نے زور دیا کہ ایک وِکست بھارت کی تعمیر کی ذمہ داری صرف بھارت سرکار پر نہیں ہو سکتی۔ اس کے لیے صنعت، تعلیمی اداروں، کاروباری افراد، نوجوانوں اور بین الاقوامی شراکت داروں کی فعال شرکت کی ضرورت ہے، جو وزیر اعظم کے ’سب کا پریاس‘ کے مطالبے کے مطابق ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر، نائب صدر نے اسٹیک ہولڈروں سے مکالمے سے عمل کی طرف، موقع سے کام یابی کی طرف، اور شراکت داری سے مشترکہ خوش حالی کی طرف بڑھنے پر زور دیا۔ انھوں نے سمٹ میں ان کی شراکت کے لیے تمام شریک ممالک، بین الاقوامی مندوبین، صنعت کے رہ نماؤں اور اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر آندھرا پردیش کے گورنر، جناب ایس عبد النذیر؛ آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ، جناب این چندرابابو نائیڈو؛ مرکزی وزیر برائے نئی اور قابل تجدید توانائی، صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم، اور تعلیم، جناب پرہلاد جوشی؛ مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی، جناب کنجاراپو رام موہن نائیڈو؛ آندھرا پردیش کے وزرا جناب نارا لوکیش اور جناب ٹی جی بھارت؛ سی آئی آئی کے ڈائریکٹر جنرل جناب چندرجیت بنرجی؛ اور سی آئی آئی کے صدر نامزد ڈاکٹر سوچترا ایلا، دیگر معززین کے ساتھ موجود تھے۔
***
(ش ح - ع ا)
U.No. 7622