پوسٹ کرنے کی تاریخ:
13 NOV 2026 4:13PM by PIB Delhi
سماجی انصاف و تفویض اختیارات کی وزارت بزرگوں کی جامع نگہداشت، معاونت اور تربیت کی سہولت’ایس ایچ اے ٹی اے وائی یو‘(بزرگوں کی جامع نگہداشت، معاونت اور تربیت کی سہولت)کے ذریعے ضعیف العمری کی نگہداشت کے نظام کو مضبوط بنانے اور بزرگ شہریوں کے لیے باوقار، قابل رسائی اور قابل اعتماد دیکھ بھال کی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے، جو وزارت کے تحت محکمۂ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کا ایک ڈیجیٹل اقدام ہے۔
مورخہ22 مئی 2026 کو ’ایک مؤثر نگہداشت پر مبنی معیشت کی تشکیل‘ کے موضوع پر منعقدہ قومی ورکشاپ کے دوران شروع کیا گیا ایس ایچ اے ٹی اے وائی یو(شتایو) ضعیف العمری کی نگہداشت کرنے والوں کے لیے ایک مرکزی قومی ڈیش بورڈ اور ڈائریکٹری کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ اس پلیٹ فارم کا مقصد پیشہ ورانہ تربیت یافتہ نگہداشت کاروں اور بزرگ شہریوں، ان کے اہل خانہ نیز بزرگوں کی خصوصی نگہداشت کی خدمات کے متلاشی اداروں کے درمیان موجود فاصلے کو کم کرنا ہے۔
وزارت کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ہندوستان میں بزرگ آبادی میں مسلسل اضافے کے پیش نظر، ضعیف العمری کی نگہداشت کے لیے ایک منظم، ہنر مند اور قابل رسائی افرادی قوت کی ضرورت روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایچ اے ٹی اے وائی یو اس ضرورت کو پورا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو ایک مشترکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے تربیت یافتہ نگہداشت کاروں، اہل خانہ اور اداروں کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے۔ ان کے مطابق ہنر مند افراد کے لیے روزگار کے منظم مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ نگہداشت کے پیشہ ور افراد تک رسائی آسان بنا کر یہ اقدام ہندوستان کی نگہداشت پر مبنی معیشت کو مضبوط بنانے اور بزرگ شہریوں کے لیے ایک زیادہ جامع، قابلِ رسائی اور ان کی ضروریات کے مطابق معاونتی نظام کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
وزارت کے عہدیدار نے بتایا کہ’ ایس ایچ اے ٹی اے وائی یو ‘پورٹل کی قومی ڈائریکٹری میں فی الحال 30,151 نگہداشت کاروں کا اندراج ہے، جو ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں نگہداشت کی خدمات انجام دینے والے پیشہ ور افراد کا ایک ڈیجیٹل ڈیٹا بیس فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈائریکٹری کے ذریعے افراد اور اہل خانہ جغرافیائی محل وقوع، بشمول ریاست؍مرکز کے زیرانتظام علاقہ اور ضلع، کی بنیاد پر نگہداشت کاروں کی تلاش کر سکتے ہیں، جس سے مقامی سطح پر دستیاب نگہداشت کی خدمات کی شناخت آسان ہو جاتی ہے۔
عہدیدار نے کہا کہ شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دینے کے لیے ’ایس ایچ اے ٹی اے وائی یو‘ میں متعدد ڈیجیٹل سہولیات شامل کی گئی ہیں، جن میں’ کال بیک‘ کی درخواستوں کے لیے او ٹی پی پر مبنی تصدیق، نگہداشت کاروں کے پروفائل تک رسائی، اندراج کی پیش رفت کا سراغ لگانے اور رائے و درجہ بندی کا نظام شامل ہیں۔ یہ سہولیات نگہداشت کاروں اور خدمات کے متلاشی افراد کے درمیان رابطے کو آسان بناتی ہیں اور صارفین کو نگہداشت کی خدمات سے متعلق اپنے تجربات کا اظہار کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایچ اے ٹی اے وائی یو ایک ایسا براہ راست ڈیجیٹل رابطہ پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، جو شہریوں کو ضعیف العمری کی نگہداشت کے لیے تربیت یافتہ نگہداشت کاروں سے جوڑتا ہے۔ ان کے مطابق نگہداشت کاروں کی ڈائریکٹری کے ذریعے افراد اور اہل خانہ ان کے پروفائل دیکھ سکتے ہیں اور اپنی ضروریات کے مطابق پیشہ ور افراد کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
وزارت کے عہدیدار نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم نگہداشت کار کی خدمات حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے ’’کال بیک کی درخواست‘‘ کی ایک آسان سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صارفین اپنی پسند کی ریاست/مرکز کے زیرانتظام علاقہ اور ضلع منتخب کر سکتے ہیں، مطلوبہ نگہداشت کی نوعیت کی وضاحت کر سکتے ہیں اور او ٹی پی پر مبنی تصدیقی عمل کے ذریعے اپنی رابطے کی تفصیلات جمع کرا سکتے ہیں۔
عہدیدار نے کہا کہ اس کے بعد یہ درخواست منتخب ضلع میں موجود نگہداشت کاروں کو بھیج دی جاتی ہے، جس سے خدمات کے متلاشی افراد اور نگہداشت کی خدمات فراہم کرنے والے پیشہ ور افراد کے درمیان براہ راست رابطہ ممکن ہو جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سہولت کل وقتی اور فی گھنٹہ، دونوں طرح کی نگہداشت کی ضروریات پوری کرتی ہے، جبکہ ڈائریکٹری میں تلاش کرنے اور کال بیک کی درخواست جمع کرانے کی سہولت بالکل مفت دستیاب ہے۔
’ایس ایچ اے ٹی اے وائی یو‘ (شتایو)پورٹل سے درج ذیل لنک کے ذریعے استفادہ کیا جا سکتا ہے:
https://shatayu.dosje.gov.in/
عہدیدار نے کہا کہ بزرگ شہریوں کی نگہداشت سے متعلق ضروریات ان کی صحت کی حالت اور انفرادی تقاضوں کے مطابق مختلف ہوتی ہیں ، اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ یہ پلیٹ فارم خصوصی نگہداشت کی خدمات تک رسائی کو آسان بناتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان خدمات میں ضعیف العمری کی عمومی نگہداشت، جراحی کے بعد دیکھ بھال، ڈیمنشیا اور الزائمر کے مریضوں کی نگہداشت، فزیوتھراپی اور نقل و حرکت میں معاونت، تکلیف میں راحت فراہم کرنے والی نگہداشت (پیلی ایٹو کیئر) اور بزرگوں کی نگہداشت سے متعلق دیگر ضروریات شامل ہیں۔
عہدیدار نے کہا کہ یہ مربوط طریقۂ کار اہل خانہ کو اپنے بزرگ افراد کے لیے مناسب نگہداشت کی سہولیات تلاش کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، جن میں روزمرہ کے امور انجام دینے، صحت کی بحالی اور خصوصی نگہداشت کے لیے معاونت کے ضرورت مند بزرگ بھی شامل ہیں۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ بزرگوں کی نگہداشت کی سہولیات تک رسائی آسان بنانے کے علاوہ ایس ایچ اے ٹی اے وائی یو(شتایو) کا مقصد تربیت یافتہ نگہداشت کاروں کو نمایاں مقام اور روزگار کے مواقع فراہم کرکے ضعیف العمری کی نگہداشت کے پیشہ ورانہ شعبے کو بھی مضبوط بنانا ہے۔
وزارت کے عہدیدار نے بتایا کہ یہ پلیٹ فارم اہل پیشہ ور افراد کو اپنی ذاتی تفصیلات، پتے کی معلومات، کورس کی اسناد اور تربیتی سرٹیفکیٹ جمع کرا کے اپنا اندراج کرانے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ درخواست دہندگان ڈیش بورڈ کے ذریعے اپنے اندراج کی صورت حال سے بھی آگاہ رہ سکتے ہیں۔ درخواستوں کی جانچ اور منظوری کے بعد اہل نگہداشت کاروں کے پروفائل پلیٹ فارم پر درج کر دیے جاتے ہیں، جس سے ممکنہ آجرین اور اہلِ خانہ ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
عہدیدار نے بتایا کہ اس اقدام کے تحت پیشہ ورانہ تربیت کے چار وسیع زمروں کو تسلیم کیا گیا ہے، یعنی ضعیف العمری کی نگہداشت فراہم کرنے والے، ضعیف العمری کے نگہداشت کار (ادارہ جاتی اور گھریلو نگہداشت)، بزرگوں کی فلاح و بہبود کے معالج اور بزرگوں کے معاون ساتھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان تربیتی شعبوں میں بزرگوں کی جامع نگہداشت، جسمانی افعال کی نگرانی، ہنگامی حالات سے نمٹنے، بستر پر نقل و حرکت میں مدد، روزمرہ زندگی کے معمولات انجام دینے میں معاونت، علاج پر مبنی بحالی، ذہنی و ادراکی سرگرمیوں میں شمولیت، جذباتی رفاقت اور سماجی انضمام سمیت مختلف صلاحیتوں کو فروغ دیا جاتا ہے۔
وزارت کے عہدیدار نے بتایا کہ اس تربیتی نظام کو وزارت سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے تحت قومی ادارہ برائے سماجی دفاع (این آئی ایس ڈی) اور وزارت ہنرمندی کی ترقی و صنعت کاری کے تحت قومی کارپوریشن برائے فروغ ہنرمندی (این ایس ڈی سی) کی معاونت حاصل ہے۔
ایس ایچ اے ٹی اے وائی یو(شَتایو) کے ذریعے محکمۂ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات بزرگ شہریوں کے وقار، فلاح و بہبود، خود مختاری اور معیاری نگہداشت کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کو مسلسل آگے بڑھا رہا ہے، ساتھ ہی ضعیف العمری کی نگہداشت کے لیے ایک ہنر مند اور پیشہ ورانہ طور پر تسلیم شدہ افرادی قوت کی تیاری میں بھی معاونت کر رہا ہے۔
********
ش ح۔ م ع ن۔ ن ع
U-NO-7603