سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

اے این آر ایف نے بی آر آئی سی-این آئی پی جی آر میں آئی آر جی/ای ایم ای کیو کانکلیو کا انعقاد کیا


اس کانکلیو میں تقریباً 60 پرنسپل انویسٹی گیٹرز اور سائنس دانوں نے شرکت کی؛ اس کا مقصد درج فہرست قبائل سے تعلق رکھنے والے محققین کی تحقیقی سرگرمیوں میں شمولیت کو فروغ دینا اور ان کی تحقیقی صلاحیتوں کو مزید نکھارنا تھا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 12 NOV 2026 8:00PM by PIB Delhi

انوسندھان نیشنل ریسرچ فاؤنڈیشن (اے این آر ایف) نے آج نئی دہلی میں بی آر آئی سی–نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پلانٹ جینوم ریسرچ (این آئی پی جی آر) میں آئی آر جی/ای ایم ای کیو کے پرنسپل انویسٹی گیٹرز کے لیے ایک روزہ کانکلیو کا انعقاد کیا۔ وزارت قبائلی امور کی ہدایات کے مطابق، اس کانکلیو کا اہتمام ملک گیر سطح پر منائے جانے والے جن جاتیہ گورو دوس 2026 کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا۔ یہ تقریبات بھگوان برسا منڈا کے یومِ پیدائش، 15 نومبر کی مناسبت سے یکم  نومبرسے 15 نومبر 2026 تک منائی جا رہی ہیں۔

نیتی آیوگ کے رکن پروفیسر گوبردھن داس نے اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ کانکلیو میں اے این آر ایف کے سی ای او ڈاکٹر شیو کمار کلیانارمن، بی آر آئی سی-این آئی پی جی آر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر منوج پرساد، اے این آر ایف کے جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر نشانت ورما، اے این آر ایف کی سائنس داں-جی ڈاکٹر پریمیلا موہن،سائنس داں – جی ، اے این آر ایف؛ آئی آر جی کی سائنس داں-ایف اور پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر ٹی تھنگاراجو،  ڈاکٹر پرمود کمار پرساد، آئی آر جی اور ای ایم ای کیو کے پروگرام افسران ڈاکٹر رمیش وجین کے علاوہ اے این آر ایف کے سینئر افسران اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔ اس کانکلیو میں تقریباً 60 پرنسپل انویسٹی گیٹرز اور سائنس دانوں نے شرکت کی۔

افتتاحی خطاب کرتے ہوئے پروفیسر گوبردھن داس نے بھگوان برسا منڈا کی وراثت اور قبائلی برادریوں کی امنگوں کو آگے بڑھانے میں دیگر سماجی مصلحین اور رہنماؤں کی خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کی برادریوں کی شمولیت پر مبنی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ پروفیسر داس نے اقتصادی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی توسیع، غربت میں کمی اور مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی سمیت کئی اہم شعبوں میں ہندوستان کی پیش رفت کو بھی نمایاں کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی ترقی کا سفر سائنس، ٹیکنالوجی، تحقیق اور اختراع کے شعبوں میں مسلسل سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

اے این آر ایف کے سی ای او ڈاکٹر شیو کمار کلیانارمن نے صدارتی خطبہ پیش کیا۔ جن جاتیہ گورو دوس کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس امر کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ قبائلی برادریاں ہندوستان کو عالمی سطح پر علم اور اختراع کا ایک بڑا مرکز بنانے کے سفر میں مساوی شراکت دار اور معاون ہوں۔ انہوں نے تحقیق کے مواقع کو سب کے لیے یکساں طور پر دستیاب کرنے اور ایسا سازگار ماحول تیار کرنے کے لیے اے این آر ایف کے عزم کو اجاگر کیا، جہاں محققین آزادانہ طور پر تحقیق کر سکیں، اپنی صلاحیتوں کو مضبوط بنا سکیں اور ملک کی سائنسی ترجیحات میں اپنا تعاون دے سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ 2047 تک وکست بھارت کے وژن کو حقیقت میں بدلنے کے لیے تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے شعبوں میں قبائلی برادریوں کی فعال شرکت اور قیادت ضروری ہے۔ اے این آر ایف کے سی ای او نے تحقیقی مقالوں کی اشاعت اور پیٹنٹ کے اندراج کے حوالے سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہا۔ تاہم، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پرنسپل انویسٹی گیٹرز (پی آئی) کو اپنے تحقیقی نتائج کو اے این آر ایف کے وسیع تر اور اثرات پر مبنی نقطۂ نظر سے ہم آہنگ کرنا چاہیے، جس میں تحقیق کو معاشرے کے مثبت فوائد، تکنیکی ترقی اور ملک کو درپیش اہم چیلنجوں کے حل میں تبدیل کرنے پر توجہ مرکوز ہو۔ انہوں نے اے این آر ایف کی مالی اعانت سے ہونے والی تحقیق کے معاشرے اور ملک کے تحقیق و ترقی کے نظام پر قابل پیمائش نتائج اور طویل مدتی اثرات کو نمایاں کرنے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔

ڈاکٹر پریمیلا موہن نے سابقہ ای ایم ای کیو پروگرام کی کامیابیوں اور انکلوژن ریسرچ گرانٹ (آئی آر جی) کے ارتقا کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران 5,300 سے زائد تحقیقی مقالوں کی اشاعت اور 300 سے زیادہ پیٹنٹ درخواستیں داخل کیے جانے سمیت تحقیقی نتائج کے حوالے سے اس پروگرام کی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔ ڈاکٹر ٹی تھنگاراجو نے استقبالیہ خطبہ پیش کیا، جبکہ ڈاکٹر پرمود کمار پرساد نے اظہار تشکر کیا۔

تکنیکی پروگرام میں تحقیقی منصوبوں کے نفاذ، منصوبہ بندی اور اشاعت، تحقیقی تجاویز کی تیاری اور انجینئرنگ سائنسز میں تحقیقی ترجیحات سے متعلق ماہرین کے خطابات اور تبادلۂ خیال شامل تھے۔ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی)، حیدرآباد کے پروفیسر چندر شیکھر شرما نے ’’ہر تحقیقی گرانٹ سے بھرپور فائدہ اٹھانا: تحقیقی منصوبوں کا مؤثر نفاذ اور انتظام‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ گجرات بایوٹیکنالوجی یونیورسٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل اور حیدرآباد میں ڈی بی ٹی-نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل بایوٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سبیر ایس مجمدار نے ’’تحقیقی کام کی منصوبہ بندی، انجام دہی اور اشاعت کے دوران درست یا غلط انتخاب کا فن‘‘ کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔

دوسرے تکنیکی اجلاس میں وزارت قبائلی امور کی سرگرمیوں پر ایک پریزنٹیشن پیش کی گئی۔ بی آر آئی سی-این آئی پی جی آر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر منوج پرساد نے ’’کامیاب تحقیقی تجویز کی تیاری: حکمت عملی، بہترین طریقۂ کار، قابل عمل اور قابل اجتناب امور اور اے این آر ایف کی مالی اعانت سے چلنے والے منصوبوں سے حاصل ہونے والے اسباق‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ آئی آئی ٹی دہلی کے پروفیسر دیپتی رنجن ساہو نے ’’ہندوستان میں انجینئرنگ سائنسز کے شعبے میں تحقیقی ضروریات‘‘ کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔

انکلوژیوِٹی ریسرچ گرانٹ (آئی آر جی) کے بارے میں

معاشرے کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے محققین کی یکساں شرکت کو یقینی بنانے کی کوششوں کے تحت، انوسندھان نیشنل ریسرچ فاؤنڈیشن (اے این آر ایف) نے انکلوژیوِٹی ریسرچ گرانٹ (آئی آر جی) اسکیم شروع کی ہے۔ اس اسکیم میں سابقہ سائنس اینڈ انجینئرنگ ریسرچ بورڈ (ایس ای آر بی) کی ’’سائنس میں امتیازی کارکردگی کے لیے بااختیار بنانے اور مساوی مواقع کی اسکیم‘‘ (ای ایم ای کیو) کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس کے تحت درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل سے تعلق رکھنے والے محققین کو سائنس اور انجینئرنگ کے شعبوں میں جدید ترین تحقیق کرنے کے لیے معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ اس پروگرام کا مقصد ان کی تحقیقی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا، انہیں وسیع تر تحقیقی نظام کا حصہ بننے میں سہولت فراہم کرنا اور یہ یقینی بنانا ہے کہ باصلاحیت محققین کو ہندوستان کی سائنسی اور تکنیکی ترقی میں اپنا تعاون دینے کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔ آئی آر جی جیسے اقدامات کے ذریعے اے این آر ایف کا مقصد تحقیقی نظام کو زیادہ جامع بنانا اور سماجی و ادارہ جاتی پس منظر سے قطع نظر، تحقیق کے مواقع تک رسائی کو وسیع کرنا ہے۔

****

ش ح۔  ش ت۔ش ب ن

U-7579


(ریلیز آئی ڈی: 2335707) وزیٹر کاؤنٹر : 11
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी