پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 NOV 2026 8:40PM by PIB Delhi
بھارت نے تپ دق کے خلاف اپنی جنگ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کیا ہے، جس کے تحت 2015 کے بعد سے ٹی بی سے ہونے والی اموات میں 38 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ عالمی سطح پر یہ کمی 35 فیصد رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ادویات سے متاثر ہونے والے ٹی بی کے مریضوں میں علاج کی کامیابی کی شرح 94 فیصد تک پہنچ گئی ہے جو انتہائی متاثر کن ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی گلوبل ٹیوبرکلوسس رپورٹ 2026 میں، جو 12 نومبر 2026 کو جاری کی گئی، اجاگر کی گئی یہ کامیابیاں بروقت تشخیص، برمحل علاج، تکنیکی جدت اور مریضوں کی جامع دیکھ بھال کے ذریعے ٹی بی کے خاتمے کی جانب ہندوستان کی مسلسل پیش رفت کی عکاسی کرتی ہیں۔
ٹی بی سے ہونے والی اموات میں بھارت کی یہ کمی اس بیماری سے جڑی اموات کو کم کرنے میں ملک کی مضبوط کارکردگی کو اجاگر کرتی ہے۔ یہ پیش رفت قومی ٹی بی خاتمہ پروگرام (این ٹی ای پی) کے تحت کیے جانے والے تیز تر اقدامات کے اثرات کی عکاسی کرتی ہے، جن میں مصنوعی ذہانت سے لیس ایکس رے کے استعمال سمیت فعال طور پر مریضوں کی تلاش، تیز رفتار تشخیص، علاج کا فوری آغاز، مریضوں کی نوعیت کے مطابق خصوصی دیکھ بھال، اور 'نِکشے پوشن یوجنا' و 'نِکشے مترا' پہل قدمی کے ذریعے غذائی امداد فراہم کرنا شامل ہے۔ ان اقدامات کو زیادہ متاثرہ علاقوں کی شناخت، منفی نتائج کے خطرے سے دوچار شدید نوعیت کے ٹی بی کیسز کی پیش گوئی کرنے والے اے آئی ٹولز، اور 'خوشی' اے آئی چیٹ بوٹ اور اوتار ویڈیو بوٹ وغیرہ کے ذریعے مزید تقویت ملی ہے۔
علاج کی کامیابی کی 94 فیصد کی بلند شرح ہندوستان کے مریض پر مرکوز نقطہ نظر، علاج کی فراہمی کے مضبوط نظام اور ٹی بی سے متاثرہ افراد کے لیے مسلسل معاونت کی مؤثریت کو مزید ثابت کرتی ہے۔
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی بصیرت افروز قیادت میں، ٹی بی کے خلاف ہندوستان کی جنگ ایک ملک گیر 'جن آندولن' کی شکل اختیار کر چکی ہے، جس نے 'ٹی بی مکت بھارت' کے ہدف کے حصول کے لیے سرکاری اداروں، طبی ماہرین، برادریوں اور شہریوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کر دیا ہے۔ عوامی شراکت داری پر وزیر اعظم کے خصوصی زور سے، 'ٹی بی مکت بھارت ابھیان' نے کمیونٹی کی سطح پر اسکریننگ، مصنوعی ذہانت سے لیس سینے کے ایکس رے، تیز رفتار مالیکیولر تشخیص، ٹی بی سے بچاؤ کے علاج اور غذائی امداد کے عمل کو تیز کر دیا ہے، جس سے ضروری طبی خدمات کمزور اور متاثرہ آبادیوں کے مزید قریب پہنچ گئی ہیں۔
بھارت کے اس عزم کی عکاسی اس بات سے بھی ہوتی ہے کہ ٹی بی پروگرام کی مالی ضروریات کا 96 فیصد حصہ ملکی وسائل سے پورا کیا جا رہا ہے، جو مسلسل قومی سرمایہ کاری، مضبوط سیاسی عزم اور ٹی بی کے خاتمے کے لیے 'پوری حکومت اور پورے معاشرے' پر مبنی جامع نقطہ نظر کو ظاہر کرتا ہے۔
ٹی بی مکت بھارت ابھیان: 25 کروڑ سے زائد افراد کو سخت جانچ کے تحت لایا گیا
'ٹی بی مکت بھارت ابھیان' بھارت کی تیز رفتار ٹی بی کے خاتمے کی کوششوں کا ایک بڑا محرک بن کر ابھرا ہے، جس نے فعال اسکریننگ، ٹیکنالوجی پر مبنی تشخیصی سہولیات اور عوامی رابطہ مہم کے ذریعے ٹی بی کی تشخیص کے طریقہ کار میں انقلابی تبدیلی پیدا کی ہے۔
پہلی تیز تر 100 روزہ مہم، جو 7 دسمبر 2024 کو 33 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 347 انتہائی ترجیحی اضلاع میں شروع کی گئی تھی، بعد ازاں ملک بھر میں پھیلا دی گئی تاکہ بروقت تشخیص کو مضبوط بنایا جا سکے، خاص طور پر کمزور اور زیادہ خطرے سے دوچار آبادیوں میں۔ اس مہم سے حاصل ہونے والے تجربات اور رفتار کی بنیاد پر، حکومت نے 24 مارچ 2026 کو ایک اور تیز تر 100 روزہ مہم شروع کی، جس کی توجہ 1.58 لاکھ زیادہ خطرے والے دیہاتوں اور وارڈز، بھیڑ بھاڑ والے مقامات اور کمزور آبادی میں ٹی بی کی اسکریننگ پر مرکوز تھی۔
7 دسمبر 2024 اور 8 نومبر 2026 کے درمیان، ابھیان نے اہم پیشرفت حاصل کی:
- 25 کروڑ سے زائد افراد کی شناخت کی گئی اور انہیں ٹی بی اسکریننگ کی سرگرمیوں کے دائرہ کار میں لایا گیا۔
- بروقت تشخیص کو مضبوط بنانے کے لیے 11 کروڑ سے زیادہ سینے کے ایکس رے کیے گئے۔
- تیز رفتار اور درست تشخیص کے لیے 3 کروڑ سے زائد ’نیوکلک ایسڈ ایمپلی فکیشن ٹیسٹ ‘(این اے اے ٹی) کیے گئے۔
- ٹی بی کے 48.64 لاکھ نئے کیسز کی شناخت ہوئی، جن میں بغیر علامات والے 14.97 لاکھ کیسز بھی شامل ہیں۔
بغیر علامات والے تقریباً 15 لاکھ کیسز کی تشخیص خاص طور پر نہایت اہم ہے، جو ایسے افراد کی شناخت کرنے میں فعال اسکریننگ کی مؤثریت کو ظاہر کرتی ہے جن کی تشخیص بصورتِ دیگر شاید ممکن نہ ہو پاتی۔ بروقت شناخت سے برمحل علاج میں آسانی ہوتی ہے اور اس سے ٹی بی کے پھیلاؤ کو کم کرنے اور بیماری کو شدید ہونے سے روکنے کے مواقع فراہم ہوتے ہیں۔
یہ ابھیان علاج کے نتائج کو بہتر بنانے کے لیے علاج کے فوری آغاز، مریضوں کی نوعیت کے مطابق خصوصی دیکھ بھال، غذائی امداد اور کمیونٹی کی سطح پر مسلسل معاونت پر بھی توجہ مرکوز کرتا ہے۔ ان کوششوں کی بدولت سال 2025 میں 67,933 پنچایتوں کو ٹی بی سے مبرا قرار دیا جا چکا ہے۔
تکنالوجی اور جدت سے ٹی بی کی تشخیص اور دیکھ بھال میں انقلابی تبدیلی
بھارت ٹی بی کی اسکریننگ اور تشخیص کو تیز تر، زیادہ درست اور قابلِ رسائی بنانے کے لیے جدید تکنالوجیوں سے تیزی کے ساتھ فائدہ اٹھا رہا ہے۔
پورٹ ایبل اے آئی سے لیس ڈیجیٹل ایکس رے مشینوں کی تنصیب، این اے اے ٹی سمیت تیز رفتار مالیکیولر تشخیصی ٹیکنالوجیز کی توسیع، اور تشخیصی بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی نے متنوع جغرافیائی اور سماجی ماحول میں بسنے والی آبادیوں تک پہنچنے کی پروگرام کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
نِکشے ڈیجیٹل پلیٹ فارم مریضوں کی نگرانی، علاج کی دیکھ ریکھ اور پروگرام کے انتظام میں معاونت فراہم کرتا ہے، جس سے دیکھ بھال کے تسلسل اور بروقت طبی اقدامات کو مزید تقویت ملتی ہے۔
ذیابیطس، غذائی قلت اور دیگر شریک بیماریوں کی شناخت اور انتظام کے ساتھ ٹی بی اسکریننگ کا انضمام جامع اور مریض پر مرکوز علاج کو مزید ممکن بنا رہا ہے۔
تغذیائی تعاون تپ دق کے خلاف بھارت کے اقدامات کا ایک کلیدی ستون بنی ہوئی ہے۔ 'نِکشے پوشن یوجنا' کے ذریعے اہل مریضوں کو علاج کے دوران غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے مالی امداد فراہم کی جاتی ہے، جبکہ 'نِکشے مترا' پہل قدمی غذائی اور نفسیاتی و سماجی مدد فراہم کرنے کے لیے افراد، اداروں اور تنظیموں کو متحرک کرتا ہے۔
یہ اقدامات، بہتر تشخیصی سہولیات اور مریضوں کی باقاعدہ نگرانی کے ساتھ مل کر، علاج کے مضبوط نتائج اور ٹی بی سے ہونے والی اموات میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
تپ دق کے خلاف بھارت کی پیش رفت کو مضبوط سائنسی نگرانی اور شواہد کا تعاون حاصل ہے
بھارت کی ان کامیابیوں کو وبائی امراض کی مضبوط نگرانی، سائنسی تحقیق اور شواہد پر مبنی ٹی بی کے تخمینوں کی بھی بھرپور حمایت حاصل ہے۔
عالمی ادارہ صحت کی عالمی تپ دق رپورٹ 2026 میں تپ دق سے ہونے والی اموات کے تخمینے کو مزید مستحکم بنانے کے لیے متعدد معاون ذرائع سے حاصل کردہ شواہد کو شامل کیا گیا ہے، جن میں رجسٹرار جنرل آف انڈیا کا سیمپل رجسٹریشن سسٹم (آر جی آئی / ایس آر ایس)، کمیونٹی پر مبنی زبانی پوسٹ مارٹم کے جائزے اور 'نِکشے' پورٹل سے حاصل کردہ پروگرام کا ڈیٹا شامل ہے۔
ان جائزوں کی بنیاد پر، رپورٹ میں ہندوستان کی متوقع ٹی بی اموات میں 38 فیصد کمی درج کی گئی ہے، جہاں اموات کی شرح 2015 میں فی لاکھ آبادی پر 28 سے کم ہو کر 2025 میں فی لاکھ آبادی پر 18 رہ گئی ہے۔
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ-نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ ان ٹیوبرکلوسس (آئی سی ایم آر – این آئی آر ٹی) نے سال 2025 میں ٹی بی کے پھیلاؤ کا ایک ملک گیر نمائندہ سروے کیا، جسے عالمی ادارہ صحت کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے اور اس پر تکنیکی تبادلہ خیال جاری ہے، جس کے بعد ڈبلیو ایچ او بھارت کے لیے ایک تازہ ترین کنٹری پروفائل شائع کرے گا۔"
جن بھاگیداری: تپ دق کے خاتمے کو عوامی تحریک کی شکل دینا
تپ دق کے خاتمے کے لیے ہندوستان کی کوششوں کی ایک نمایاں خصوصیت اس قومی مشن میں برادریوں اور اداروں کو فعال شراکت دار کے طور پر متحرک کرنا رہی ہے۔
پنچایتی راج اداروں، شہری بلدیاتی اداروں، منتخب نمائندوں، سول سوسائٹی کی تنظیموں، نجی طبی خدمات فراہم کرنے والوں، کارپوریٹ شراکت داروں اور کمیونٹی رہنماؤں کی شرکت نے نچلی سطح پر بیداری، اسکریننگ، غذائی امداد اور مریضوں کی معاونت کو مزید مضبوط بنایا ہے۔
'نِکشے مترا' پہل قدمی نے شہریوں اور اداروں کو ٹی بی کا علاج کرانے والے افراد کی صحت یابی اور فلاح و بہبود میں براہِ راست اپنا حصہ ڈالنے کے لیے مزید ترغیب دی ہے، جس سے اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کو تقویت ملی ہے۔
اس رفتار کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے، 'جوش ٹیمز' پہل قدمی ٹی بی کے خاتمے کی تحریک میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنا رہا ہے۔ بلاک اور وارڈ کی سطح پر ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں، جن کی قیادت نامزد کلاس ون افسران کر رہے ہیں اور انہیں پانچ این سی سی کیڈٹس اور پانچ 'مائی بھارت' رضاکاروں کی معاونت حاصل ہے۔
بیداری مہم، عوامی رابطے اور متحرک کرنے کی سرگرمیوں کے ذریعے، 'جوش ٹیمز' نچلی سطح پر عوامی شرکت کو مضبوط بنانے اور 'ٹی بی مکت بھارت' کے وژن کو آگے بڑھانے میں مدد فراہم کر رہی ہیں۔
تپ دق سے مبرا بھارت کی جانب رفتار کو برقرار رکھنا
عالمی ادارہ صحت کی گلوبل ٹیوبرکلوسس رپورٹ 2026 میں اجاگر کی گئی یہ کامیابیاں صحتِ عامہ، تکنیکی جدت، سائنسی نگرانی اور کمیونٹی کی قیادت میں کیے جانے والے اقدامات میں ہندوستان کی مسلسل سرمایہ کاری کی عکاسی کرتی ہیں۔
تپ دق سے ہونے والی اموات میں 38 فیصد کمی، علاج کی کامیابی کی 94 فیصد شرح اور 'ٹی بی مکت بھارت ابھیان' کے تحت بے مثال پیمانے پر کی جانے والی اسکریننگ، ٹی بی کے خاتمے کی جانب ہندوستان کے سفر میں ایک اہم پیش رفت کی علامت ہیں۔
حکومت تیز تر اسکریننگ، معیاری تشخیصی سہولیات تک وسیع تر رسائی، فوری اور مؤثر علاج، ٹی بی سے بچاؤ کے علاج، غذائی امداد اور مزید گہری عوامی شمولیت کے ذریعے ان کامیابیوں کو مزید آگے بڑھانا جاری رکھے گی۔
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں، بھارت عالمی ادارہ صحت، تحقیقی اداروں، ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں، ترقیاتی شراکت داروں اور برادریوں کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کرتے ہوئے ٹی بی کے عالمی اہداف کی جانب پیش رفت کو تیز کرنے اور 'ٹی بی مکت بھارت' کے وژن کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے پختہ طور پر پرعزم ہے۔"
تپ دق ہارے گا، دیش جیتے گا!
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:7569