سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 خطرات سے عزت  اور وقار تک


 پڈوچیری کے جناب متھوویل نے نمستے اسکیم کے تحت  حفاظت، عزت و وقار اور باعزت ذریعہ معاش حاصل کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 12 NOV 2026 6:11PM by PIB Delhi

پڈوچیری کے صفائی کارکن جناب متھوویل (نام تبدیل کر دیا گیا ہے) کی جدوجہد اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ نمستے اسکیم نے کام کی جگہ پر تحفظ، روزگار کے استحکام اور سماجی شناخت کو بہتر بنانے میں کس طرح اہم کردار ادا کیا ہے۔

نمستے جیسی پہل کے ذریعے حکومتِ ہند صفائی کارکنوں کی حفاظت، عزت و وقار اور انہیں بااختیار بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کر رہی ہے۔ یہ کارکن ملک بھر میں صحتِ عامہ اور صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

حکومتِ ہند کی سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کی وزارت کی مشینوں کے ذریعہ صفائی ستھرائی کے نظام کےلئے قومی کارروائی (نمستے) اسکیم ملک بھر میں صفائی کارکنوں کے پیشہ ورانہ تحفظ، عزت و وقار اور روزگار کے مواقع کو مسلسل مستحکم بنا رہی ہے۔

اسکیم کے مثبت اثرات کی عکاسی کرتے ہوئے، پڈوچیری کی اولگاریت میونسپلٹی کے 58 سالہ صفائی کارکن جناب متھوویل نے اس پہل کے تحت ذاتی حفاظتی آلات (پی پی ای) کی فراہمی اور پیشہ ورانہ تحفظ سے متعلق تربیت حاصل کرنے کے بعد اپنے کام کے حالات، صحت اور مالی استحکام میں نمایاں بہتری محسوس کی ہے۔

دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) سے تعلق رکھنے والے اس مستفید شخص کو گزشتہ دس برس سے زائد عرصے سے سیور لائنوں کی صفائی کا کام انجام دینے کا تجربہ ہے۔ پانچویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد، وہ چار افراد پر مشتمل اپنے خاندان کی کفالت کے لیے اسی پیشے پر انحصار کرتے رہے اور ماہانہ تقریباً 9,000 سے 10,000 روپے کماتے تھے۔

صفائی ستھرائی کی لازمی خدمات انجام دینے کے لیے پوری لگن سے کام کرنے کے باوجود، مناسب حفاظتی آلات کی عدم دستیابی کے باعث انہیں مضر فضلے، زہریلی گیسوں اور کام کے دوران صحت کو لاحق دیگر خطرات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ صحت کے مسائل بار بار پیدا ہونے اور ان کے علاج پر آنے والے اخراجات نے بھی ان کی باقاعدہ روزی کمانے اور مالی استحکام برقرار رکھنے کی صلاحیت کو متاثر کیا۔

ان کے مسائل صرف کام کے دوران پیش آنے والے خطرات اور معاشی مشکلات تک محدود نہیں تھے۔ صفائی کے کام سے وابستہ سماجی بدنامی نے بھی ان کی پیشہ ورانہ شناخت اور عزت و وقار کے احساس کو متاثر کیا۔ ضروری حفاظتی وسائل تک محدود رسائی کے باعث وہ کام کے لیے زیادہ محفوظ اور صحت بخش ماحول حاصل کرنے، پیشہ ورانہ خطرات کم کرنے اور اپنے خاندان کے لیے بہتر مالی تحفظ یقینی بنانے کے خواہش مند تھے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261112181219_d26bab.jpg

 

2025 میں اس وقت ایک اہم موڑ آیا جب مشینوں کے ذریعہ صفائی ستھرائی کے نظام کےلئے قومی کارروائی (نمستے)  اسکیم کے تحت ان کی شناخت مستفید شخص کے طور پر کی گئی۔ اس پہل کے تحت انہیں ذاتی حفاظتی آلات (پی پی ای) کی ایک مکمل کٹ فراہم کی گئی، جس میں حفاظتی دستانے، ربڑ کے جوتے، حفاظتی لباس، چہرے کا ماسک اور حفاظتی ہیلمٹ شامل تھے۔ اس کے علاوہ انہیں صفائی کے محفوظ طریقوں، حفاظتی آلات کے درست استعمال اور کام کے دوران پیش آنے والے خطرات سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں بھی تربیت دی گئی۔

اس مدد سے ان کے روزمرہ کام کے حالات میں نمایاں بہتری آئی۔ حفاظتی آلات کی دستیابی اور کام کی جگہ پر تحفظ کے حوالے سے آگاہی میں اضافے کے باعث وہ مضر مادوں سے براہِ راست رابطے کے خطرے کو کم کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں انجام دینے کے قابل ہوئے۔ کام کے محفوظ طریقے اپنانے سے صحت کے مسائل میں کمی آئی،کام کے دن میں حاضری بہتر ہوئی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں زیادہ باقاعدگی سے انجام دینا ممکن ہوا۔

اس پہل کے مثبت اثرات ان کی مالی حالت میں بھی نمایاں طور پر دیکھنے میں آئے۔ ان کی ماہانہ آمدنی، جو پہلے 9,000 سے 10,000 روپے کے درمیان تھی، بڑھ کر تقریباً 13,000 سے 14,000 روپے ہو گئی۔ صحت میں بہتری اور کام پر زیادہ باقاعدگی سے حاضری کے باعث وہ مسلسل کام کرنے اور اپنے خاندان کی مالی ضروریات پوری کرنے میں زیادہ مستقل طور پر تعاون کرنے کے قابل ہوئے۔ آمدنی میں اضافے سے گھر کی مالی حالت بھی مستحکم ہوئی اور بار بار علاج پر ہونے والے اخراجات کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملی۔

کام کے دوران تحفظ اور آمدنی میں بہتری کے علاوہ، اس پہل سے ان کے اعتماد اور پیشہ ورانہ عزت و وقار کو بھی تقویت ملی۔ حفاظتی آلات کی فراہمی اور ادارہ جاتی تعاون نے اس اہمیت کو اجاگر کیا کہ صفائی کارکنوں کو صحتِ عامہ اور سماجی بہبود میں ان کے ناگزیر کردار کے لیے تسلیم کیا جانا چاہیے۔ مستفید شخص کو برادری میں اپنے کام کے لیے زیادہ پذیرائی بھی حاصل ہوئی، جو صفائی کے محفوظ اور باوقار طریقوں کی جانب مثبت تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے۔

اس مستفید شخص کے لیے پی پی ای کٹ محض حفاظتی آلات کا مجموعہ نہیں تھی، بلکہ اس نے اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کے لیے ان کے اعتماد میں اضافہ کیا، پیشہ ورانہ تحفظ سے متعلق ان کی سمجھ بوجھ کو بہتر بنایا اور اس احساس کو تقویت دی کہ ان کی صحت، فلاح و بہبود اور سماج کے لیے ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔

نمستے اسکیم کا مقصد کام کے دوران پیش آنے والے خطرات کو کم کرنے، صفائی کے کاموں میں مشینوں کے استعمال کو فروغ دینے اور مناسب حفاظتی اقدامات و ادارہ جاتی مدد تک رسائی کو مستحکم بنانے کے لیے مختلف اقدامات کے ذریعے صفائی کارکنوں کے تحفظ اور عزت و وقار کو فروغ دینا ہے۔ حفاظتی آلات کی فراہمی اور تحفظ سے متعلق تربیت کے ذریعے یہ پہل صفائی کارکنوں کے لیے کام کا صحتمند ماحول اور بہتر سماجی و معاشی مواقع فراہم کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔

*****

) ش ح –م ع-ف ر)

U.No. 7559


(ریلیز آئی ڈی: 2335562) وزیٹر کاؤنٹر : 9
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी