پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 NOV 2026 5:49PM by PIB Delhi
بین الاقوامی منشیات کے گروہوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے، ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے سیرا لیون سے آنے والی ایک غیر ملکی خاتون مسافر کو روک کر اس کے قبضے سے 22 کلوگرام (خالص وزن) کوکین ضبط کی ہے۔ ضبط شدہ منشیات کی غیر قانونی بین الاقوامی منڈی میں مالیت کئی کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ اس کارروائی کے دوران ہوائی اڈے کی حفاظتی جانچ سے بچنے کے لیے سفارتی دستاویزات میں جعل سازی کے استعمال پر مبنی ایک انتہائی منظم اور دیدہ دلیری سے اختیار کیے گئے طریقۂ واردات کا پردہ فاش ہوا ہے۔


مسافر خاتون نے خود کو سفارتی کوریئر لے جانے والی اہلکار بتایا اور اس کے پاس بریف کیس نما ایک بڑا ڈبہ تھا، جس پر ’’ڈپلومیٹک میل ‘‘ اور ’’مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر نہ کھولیں‘‘ جیسے الفاظ درج تھے۔ اس نے بظاہر فرضی دستاویزات بھی پیش کیں، جن میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ کھیپ اقوام متحدہ کے ایک سفارتی کورئیر کی ہے۔ اس کا مقصد واضح طور پر جانچ پڑتال سے بچنا تھا۔
خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے، ڈی آر آئی کے افسران نے مقررہ ضابطے کے مطابق بریف کیس کی مکمل تلاشی لی۔ اس دوران پلاسٹک کی متعدد تہوں میں چھپائے گئے 22 پیکٹ برآمد ہوئے۔ ان پیکٹوں سے برآمد ہونے والے سفید رنگ کے اینٹ نما مادے کی فیلڈ جانچ میں کوکین ہونے کی تصدیق ہوئی۔


کوکین کے 22 پیکٹوں پر مشتمل منشیات کی پوری کھیپ کو منشیات اور نفسیاتی اثرات مرتب کرنے والے مادّوں سے متعلق قانون (این ڈی پی ایس ایکٹ)، 1985 کی دفعات کے تحت ضبط کر لیا گیا۔ خاتون مسافر کو بھی این ڈی پی ایس ایکٹ، 1985 کی دفعات کے تحت گرفتار کرکے مجاز عدالت میں پیش کیا گیا۔
ڈی آر آئی منشیات کی اسمگلنگ کے نئے راستوں کو بے نقاب کرنے، خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مؤثر کارروائی کرنے اور غیر قانونی تجارت کے لیے ادارہ جاتی مراعات کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنے والے بین الاقوامی گٹھ جوڑ کو توڑنے کے اپنے عزم پر پوری طرح قائم ہے۔
******
ش ح۔م ش ۔ ن ع
UNO-7557