قبائلی امور کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

صدرِ جمہوریہ ہند  کی  راشٹرپتی بھون میں ای ایم آر ایس کے ہونہار طلبہ سے ملاقات


صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ کارکردگی کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھیں، اپنی جڑوں سے وابستہ رہیں اور اپنی برادریوں کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 12 NOV 2026 5:31PM by PIB Delhi

صدرِ جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے 12 نومبر 2026 کو نئی دہلی کے راشٹرپتی بھون میں واقع راشٹرپتی بھون کلچرل سینٹر (آر بی سی سی) میں ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں (ای ایم آر ایس) کے ہونہار طلبہ اور سابق طلبہ سے ملاقات کی۔ اس پروگرام کا اہتمام حکومتِ ہند کی قبائلی امور کی وزارت کے تحت قومی قبائلی طلبہ تعلیمی سوسائٹی (نیسٹ) نے جن جاتیہ گورو پکھواڑہ 2026 کے ایک حصے کے طور پر کیا تھا۔ یہ پکھواڑہ بھگوان برسا منڈا کی 151ویں یومِ پیدائش کی یاد میں منایا جا رہا ہے۔

اس ملاقات کے دوران ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے طلبہ کو صدرِ جمہوریہ کے ساتھ اپنی تعلیمی کامیابیوں، تعلیمی سفر، تجربات اور مستقبل کے عزائم شیئر کرنے کا موقع ملا۔ اس پروگرام میں معیاری تعلیم کی فراہمی اور قبائلی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے اور پیشہ ورانہ شعبوں میں اپنا مستقبل بنانے کے مواقع فراہم کرنے میں ای ایم آر ایس کے کردار کو بھی اجاگر کیا گیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261112173215_cea469.jpg

ایکلویہ کی اہمیت کا حوالہ دیتے ہوئے صدرِ جمہوریہ نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ان کی زندگی سے وابستہ اقدار کو سمجھیں اور ان سے ترغیب حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ای ایم آر ایس قبائلی طلبہ کو اپنی صلاحیتوں اور ہنر کو نکھارنے کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس کا بھی ذکر کیا کہ ای ایم آر ایس میں لڑکوں اور لڑکیوں کی یکساں نمائندگی شمولیاتی ترقی کی جانب پیش رفت کو ظاہر کرتی  ہے۔

صدرِ جمہوریہ نے بالخصوص اپنی جڑوں، شناخت اور ثقافتی ورثے سے وابستہ رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے قبائلی ورثے پر فخر کریں اور اپنے گاؤں اور برادریوں کے ساتھ مضبوط رشتہ برقرار رکھیں۔

صدرِ جمہوریہ نے طلبہ کواس بات کی بھی  نصیحت کی کہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے اور ڈاکٹر، انجینئر، منتظم اور مختلف شعبوں کے ماہرین کی حیثیت سے اپنا مقام بنانے کے بعد وہ اپنے گاؤں اور برادریوں کی فلاح و بہبود اور ترقی میں اپنا تعاون دیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی تعلیم اسی وقت زیادہ بامعنی ثابت ہوگی جب اس کے ثمرات ان لوگوں اور علاقوں تک پہنچیں گے جہاں سے وہ تعلق رکھتے ہیں۔

قبائلی امور کے مرکزی وزیر جناب جوال اورام نے استقبالیہ خطاب کیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ بلند عزائم رکھیں اور لگن، نظم و ضبط، محنت اور خود اعتمادی کے ساتھ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے کوشش کریں۔

 

اس پروگرام میں ملک بھر کے ای ایم آر ایس سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 146 ہونہار طلبہ اور سابق طلبہ نے شرکت کی۔ ان میں دسویں اور بارہویں جماعت کے نمایاں کامیاب طلبہ کے علاوہ وہ طلبہ بھی شامل تھے جنہوں نے آئی آئی ٹی، این آئی ٹی، نیشنل لاء یونیورسٹیز (این ایل یو)،این آئی ایف ٹی  اور سرکاری میڈیکل کالجوں جیسے ممتاز تعلیمی اداروں میں داخلہ حاصل کیا تھا۔

اس موقع پر نیسٹ نے پانچ منٹ کی ایک مختصر فلم پیش کی، جس میں ای ایم آر ایس کے طلبہ کی کامیابی کی کہانیوں اور اپنے اسکولوں سے اپنے خوابوں کی تعبیر تک کے سفر کو دکھایا گیا۔ طلبہ نے بھی اجتماع کے ساتھ اپنے تعلیمی سفر اور تجربات شیئر کئے اور اس بات کو اجاگر کیا کہ ای ایم آر ایس نے سازگار تعلیمی ماحول، تعلیمی مواقع، مختلف شعبوں سے واقفیت اور سہولیات فراہم کرکے ان کی ذاتی اور تعلیمی ترقی میں کس طرح اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس پروگرام میں ای ایم آر ایس پہل کے نفاذ سے وابستہ عہدیداروں اور اداروں کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ صدرِ جمہوریہ نے ہماچل پردیش، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر اور اڈیشہ کے قبائلی بہبود کے محکموں کے سکریٹریوں/پرنسپل سکریٹریوں، پانچ ضلع مجسٹریٹوں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پانچ ای ایم آر ایس کے پرنسپلوں کو اعزاز سے نوازا۔ اس کے علاوہ، کاروباری سرگرمیوں اور اختراع کے فروغ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے قبائلی اسٹارٹ اَپس کو بھی ایوارڈ پیش کیے گئے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261112173223_ba7c21.jpg

اس ملاقات سے قبائلی طلبہ کو معیاری تعلیم، یکساں مواقع اور مناسب ادارہ جاتی تعاون فراہم کرنے کی اہمیت اجاگر ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی قبائلی نوجوانوں میں تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی، خود اعتمادی، قائدانہ صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ عزائم کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی ثقافتی شناخت کے تحفظ اور اپنی برادریوں کی ترقی میں تعاون دینے کی ترغیب دینے میں ای ایم آر ایس کے کردار کو بھی تقویت ملی۔

****

ش ح۔ ک ح۔ خ م

U.NO.7556


(ریلیز آئی ڈی: 2335558) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil