پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 NOV 2026 4:13PM by PIB Delhi
سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت کی جانب سے 15 اگست 2020 کو شروع کیا گیا نشہ مکت بھارت ابھیان (این ایم بی اے) منشیات کے استعمال کے خلاف ملک گیر عوامی تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ 12 نومبر 2026 تک اس مہم کے ذریعے ملک بھر میں 35.88 کروڑ سے زائد افراد تک رسائی حاصل کی جا چکی ہے۔
اس مہم کے تحت 14.35 کروڑ سے زیادہ نوجوانوں اور 11.33 کروڑ خواتین کو بھی جوڑا گیا ہے، جو معاشرے کے اہم طبقات میں اس کی بڑھتی ہوئی رسائی کاعکاس ہے۔ اس کے علاو، 2 لاکھ سے زائد شہریوں نے نشہ مکتی متر کے طور پر اپنا اندراج کرایا ہے، جس سے منشیات سے پاک ہندوستان کی تعمیر کی اجتماعی کوششوں میں عوامی شرکت کو مزید تقویت ملی ہے۔

وزارت کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اس ابھیان کا آغاز ابتدائی طور پر ایسے 272 اضلاع میں کیا گیا تھا جنہیں منشیات کے استعمال کے حوالے سے خاص طور پر حساس قرار دیا گیا تھا۔ بعد ازاں، اگست 2022 میں اس کا دائرہ بڑھا کر 372 اضلاع تک کر دیا گیا اور 15 اگست 2023 سے اسے ملک کے تمام اضلاع تک توسیع دے دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چھ برسوں کے دوران ، نشہ مکت بھارت ابھیان(این ایم بی اے ) ادارہ جاتی شرکت پر مبنی ایک پہل سے ترقی کرتے ہوئے عوامی قیادت میں چلنے والی تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس کے نفاذ میں ریاستیں، اضلاع، تعلیمی ادارے، سماجی تنظیمیں اور مقامی متعلقہ شراکت دار تندہی کے ساتھ اپنا تعاون دے رہے ہیں۔

عہدیدار نے بتایا کہ اس مہم کے ذریعے اب تک 35.88 کروڑ سے زائد افراد تک رسائی حاصل کی جا چکی ہے، جو 2021 میں تقریباً 1.4 کروڑ افراد تک محدود تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہم کے بڑھتے ہوئے دائرۂ کار سے منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے، لوگوں کو متحرک کرنے اور منشیات کے استعمال کے خلاف تحریک میں شہریوں کی فعال شرکت کی حوصلہ افزائی کے لیے کی جانے والی مسلسل کوششوں کی عکاسی ہوتی ہے۔

عہدیدار نے بتایا کہ تعلیمی اداروں میں 34.07 لاکھ سے زائد بیداری سرگرمیاں منعقد کی جا چکی ہیں، جن کے ذریعے طلبہ اور نوجوانوں کو منشیات کے استعمال کے مضر اثرات سے متعلق مباحثوں میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان سرگرمیوں کا مقصد نوجوان نسل کو سوچ سمجھ کر درست فیصلے کرنے کی ترغیب دینا، صحت مند طرز زندگی کو فروغ دینا اور منشیات کے استعمال کی روک تھام سے متعلق بیداری کو مستحکم بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نشہ مکت بھارت ابھیان (این ایم بی اے)کی توسیع کی بنیاد اس ضرورت پر ہے کہ منشیات پر انحصار کو ایک پیچیدہ نفسیاتی، سماجی اور طبی مسئلے کے طور پر حل کیا جائے، جو افراد، خاندانوں اور برادریوں کو متاثر کرتا ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ ہندوستان میں منشیات کے استعمال کی نوعیت اور اس کے پھیلاؤ سے متعلق 2018 میں کیے گئے پہلے قومی سروے میں اس مسئلے کی سنگینی کو اجاگر کیا گیا تھا۔ سروے کے مطابق، ملک میں 7 کروڑ سے زائد افراد منشیات کے استعمال سے متعلق امراض سے متاثر تھے، جن میں تقریباً 1.2 کروڑ بچے اور 58 لاکھ خواتین شامل تھیں۔
عہدیدار نے کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک جامع اور مسلسل حکمت عملی کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے وزارت نے منشیات کی طلب میں کمی کے قومی ایکشن پلان (این اے پی ڈی ڈی آر) کے تحت نشہ مکت بھارت ابھیان کو اپنی اہم ترین بیداری مہم کے طور پر شروع کیا۔ یہ منصوبہ منشیات کے استعمال کی روک تھام، علاج اور بازآبادکاری پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ بیداری پیدا کرنے کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ وزارت نے منشیات کی طلب میں کمی کے قومی ایکشن پلان (این اے پی ڈی ڈی آر) کے تحت علاج اور مشاورت کے نظام کو بھی مستحکم کیا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان خدمات کے دائرۂ کار میں توسیع سے منشیات پر انحصار کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے قابل رسائی علاج، بروقت اقدامات اور مسلسل بازآبادکاری کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ علاج اور مشاورت کے خواہش مند افراد کی تعداد 2020-21 میں 2.08 لاکھ سے بڑھ کر26-2025 میں 9.11 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جو معاون خدمات کی بڑھتی ہوئی رسائی اور ان سے استفادے کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ضلع سطح کے نشہ چھڑانے کے مراکز کی مجموعی تعداد اب 198 ہو گئی ہے۔
عہدیدار نے مزید بتایا کہ نشہ مکت بھارت ابھیان کا ایک اہم جزو نشہ مکتی متر پہل ہے، جس کے تحت شہریوں کو منشیات کے استعمال کے خلاف تحریک میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 12 نومبر 2026 تک 2 لاکھ سے زائد شہری نشہ مکتی متر کے طور پر اپنا اندراج کرا چکے ہیں۔ اس پہل کے ذریعے رضاکاروں کا ایک ایسا نیٹ ورک تشکیل دیا جا رہا ہے، جو بیداری پیدا کرنے، افراد کو مدد حاصل کرنے کی ترغیب دینے اور منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل میں تعاون فراہم کر رہا ہے۔
مسلسل بیداری مہمات، علاج اور بازآبادکاری کی مستحکم خدمات اور شہریوں کی فعال شرکت کے ذریعے نشہ مکت بھارت ابھیان ایک صحت مند، باشعور اور منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کے تصور کو آگے بڑھا رہا ہے۔
******
ش ح۔م ش ۔ ن ع
UNO-7549