پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 NOV 2026 5:27PM by PIB Delhi
29 سالہ محقق محترمہ انجلی کماری (تبدیل شدہ نام) کا تعلیمی اور پیشہ ورانہ سفر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ تعلیمی معاونت تک رسائی کس طرح کسی فرد کی کامیابی، خاندان کی ترقی اور وسیع تر سماجی پیش رفت میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
این ایف ایس سی اسکیم جیسے اقدامات کے ذریعے حکومتِ ہند درج فہرست ذاتوں سے تعلق رکھنے والے طلبا کے لیے مواقع کو وسعت دینے اور انہیں ملک کی ترقی میں بامعنی کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔
سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کی وزارت، حکومتِ ہند کی جانب سے چلائی جانے والی درج فہرست ذاتوں کے طلبا کے لیے قومی فیلوشپ (این ایف ایس سی) اسکیم، درج فہرست ذاتوں سے تعلق رکھنے والے طلبا کو اعلیٰ تعلیم اور جدید تحقیق کے مواقع فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس اسکیم کے مثبت اثرات کی عکاسی کرتے ہوئے، محترمہ انجلی کماری نے 2022 سے 2025 کے دوران این ایف ایس سی اسکیم کے تحت تقریباً 11 لاکھ روپے کی مالی امداد حاصل کرکے جینیات اور نباتاتی افزائش کے شعبے میں پی ایچ ڈی کامیابی کے ساتھ مکمل کی۔
درج فہرست ذات سے تعلق رکھنے والی محترمہ انجلی کماری کی خواہش تھی کہ وہ تدریس اور سائنسی تحقیق کے شعبے میں اپنی شناخت قائم کریں۔ پختہ عزم اور تعلیمی لگن کے باوجود مالی تنگی نے اعلیٰ تعلیم کے حصول کی راہ میں ان کے لیے کئی مشکلات پیدا کیں۔ اعلیٰ تعلیم اور تحقیق پر آنے والے بھاری اخراجات اور محدود مالی وسائل ان کے تعلیمی خوابوں کی تکمیل میں رکاوٹ بن رہے تھے۔
ان کے تعلیمی سفر میں ایک اہم موڑ اس وقت آیا جب انہیں درج فہرست ذاتوں کے طلبا کے لیے قومی فیلوشپ (این ایف ایس سی) اسکیم کے تحت مالی امداد فراہم کی گئی۔ 2022 سے 2025 کے دوران تقریباً 11 لاکھ روپے کی اس امداد سے ڈاکٹریٹ کی تعلیم کے اخراجات کا بوجھ کم ہوا اور انہیں اپنی تعلیمی سرگرمیوں، تحقیقی کام اور جینیات و نباتاتی افزائش کے شعبے میں پی ایچ ڈی کی کامیاب تکمیل پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع ملا۔
ڈاکٹریٹ کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد محترمہ انجلی کماری اس وقت ہماچل پردیش کے کانگڑا میں زرعی پیداوار مارکیٹنگ کمیٹی (اے پی ایم سی) میں مارکیٹ سپروائزر کے طور پر کام کر رہی ہیں۔ ان کی تعلیمی کامیابی اور پیشہ ورانہ ترقی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ہدف پر مبنی مالی امداد کس طرح محروم طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبا کو معاشی رکاوٹوں پر قابو پانے، خصوصی مہارت اور علم حاصل کرنے اور بامعنی پیشہ ورانہ مواقع سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنا سکتی ہے۔

اس اسکیم کے فوائد صرف ان کی انفرادی تعلیمی کامیابیوں تک محدود نہیں رہے۔ مالی امداد اور اس کے نتیجے میں حاصل ہونے والے پیشہ ورانہ مواقع نے ان کے خاندان کی سماجی و معاشی حیثیت کو بہتر بنانے میں بھی مدد دی ہے، ساتھ ہی ان کے اعتماد اور مالی خودمختاری کو بھی تقویت بخشی ہے۔ ان کا سفر اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ طلبا کو اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے قابل بنانے کے لیے ادارہ جاتی سطح پر مسلسل تعاون کس قدر اہم ہے۔
محترمہ انجلی کماری دیگر ایسے طلبا کی حوصلہ افزائی اور مدد بھی کر رہی ہیں جو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں، لیکن مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ اپنے تجربات کی روشنی میں وہ آرزومند محققین کو تعلیمی مواقع سے فائدہ اٹھانے اور عزم و اعتماد کے ساتھ اپنے تعلیمی مقاصد حاصل کرنے کی ترغیب دیتی رہتی ہیں۔
درج فہرست ذاتوں کے طلبا کے لیے قومی فیلوشپ اسکیم کا مقصد اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے لیے مالی امداد فراہم کرکے درج فہرست ذاتوں سے تعلق رکھنے والے طلبا میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینا ہے۔ ایسے اقدامات کے ذریعے سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کی وزارت تعلیمی شمولیت کو مستحکم کرنے، تعلیمی میدان میں امتیازی کارکردگی کو فروغ دینے اور سماجی و معاشی طور پر بااختیار بنانے کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔
****
ش ح– ا ک – ت ع
Urdu No:7553