پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 NOV 2026 12:58PM by PIB Delhi
محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی (ڈی ایس ٹی) کے ایک ادارے، ہندوستانی قومی سائنس اکیڈمی (آئی این ایس اے) نے سائنس 20 (ایس 20) کے رابطہ کاری عمل کے تحت 2026 کے پورے عمل میں سرگرمی سے حصہ لیا اور جی20 ممالک کی سائنس اکیڈمیوں کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ ایس20 اعلامیے کی توثیق کی۔ یہ اعلامیہ10 نومبر 2026 کو امریکی قومی سائنس اکیڈمی(این اے ایس) کی قیادت میں جاری کیا گیا تھا۔
مشترکہ اعلامیے کی توثیق کے ذریعے، جس میں قدرتی خطرات اور آفات سے نمٹنے کے لیے تیاری اور ان کے اثرات سے مؤثر طور پر نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کی غرض سے جدید ٹیکنالوجیز سے استفادہ کرنے کے مواقع کو اجاگر کیا گیا ہے، ہندوستانی قومی سائنس اکیڈمی نے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے سائنسی بنیادوں پر مبنی طریقۂ کار کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ اعلامیہ جی20 ممالک کی سائنس اکیڈمیوں کے درمیان مشاورت اور ان کی تجاویز و آرا کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد متعلقہ ممالک کی حکومتوں کے ساتھ ہونے والی بات چیت اور غور و خوض میں رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ اسے دسمبر 2026 میں میامی، فلوریڈا میں منعقد ہونے والی جی 20 سربراہ کانفرنس سے قبل جی 20 کے سامنے بھی پیش کیا جائے گا۔
شدید بارش، زلزلے، خشک سالی، جنگلات میں آگ لگنے اور شدید گرمی و سردی جیسی قدرتی آفات اور خطرات سے آبادی، ماحولیاتی نظام اور معیشتوں کو درپیش چیلنجوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس اعلامیے میں زمین کے مشاہدے، دور سے معلومات حاصل کرنے کی ٹیکنالوجی، پیشگی انتباہی نظام، ڈیجیٹل ٹوئنس ، ڈرون ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سمیت ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی افادیت کو اجاگر کیا گیا ہے، جو فیصلہ سازی کے عمل کو بہتر بنانے اور آفات سے نمٹنے کی تیاری و صلاحیت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
اس اعلامیے میں اس بات کو بھی تسلیم کیا گیا ہے کہ ان ٹیکنالوجیز کے مؤثر استعمال کے لیے اعداد و شمار کی دستیابی، بنیادی ڈھانچے، تکنیکی صلاحیت اور ادارہ جاتی تال میل سے متعلق خامیوں کو دور کرنا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان ٹیکنالوجیز تک سب کی منصفانہ رسائی اور ضرورت کے وقت ان کے استعمال کے لیے مناسب تیاری کو یقینی بنانا بھی ناگزیر ہے۔
مشترکہ ایس 20 اعلامیے میں کارروائی کے لیے پانچ اہم شعبوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان میں اعداد و شمار جمع کرنے کے عمل اور خطرات سے متعلق فہم کو مضبوط بنانا، اعداد و شمار اور ٹیکنالوجی تک محفوظ، قابلِ اعتماد اور منصفانہ رسائی کو یقینی بنانا، مقامی مہارتوں اور صلاحیتوں کو فروغ دینا اور مقامی ضروریات و حالات کے مطابق حل وضع کرنا، انسانی فیصلہ سازی اور حکمرانی کے نظام کو مستحکم بنانا، نیز بین الاقوامی اور مختلف شعبوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا شامل ہیں۔
اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ٹیکنالوجی کو انسانی مہارت کا متبادل بنانے کے بجائے اسے مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ اس میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ آفات سے مؤثر طور پر نمٹنے اور ان کے اثرات سے محفوظ رہنے کی صلاحیت پیدا کرنے کے لیے ایسے حل ضروری ہیں جو مقامی ضروریات اور حالات سے مطابقت رکھتے ہوں اور جنہیں مضبوط سائنسی تعاون اور ادارہ جاتی شراکت داری کا تعاون حاصل ہو۔
ہندوستان کی قومی سائنس اکیڈمی کی حیثیت سے، آئی این ایس اے اعلامیے کی سفارشات کو متعلقہ قومی فریقوں کے علم میں لانے اور سائنسی ماہرین، تحقیقی اداروں اور سرکاری ایجنسیوں کے درمیان رابطے اور تعاون کو فروغ دینے کی کوشش کرے گی۔ اپنے قومی اور بین الاقوامی نیٹ ورکس کے ذریعے، آئی این ایس اے آفات سے نمٹنے کی تیاری اور ان کے اثرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت سے متعلق شعبوں میں بین العلومی تحقیق، علم کے تبادلے اور باہمی تعاون کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی۔
ایس 20 کے 2026 کے عمل نے جی 20 ممالک کی سائنس اکیڈمیوں کو ایک مشترکہ عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لیے اپنے خیالات اور تجربات کے تبادلے اور اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔ آئی این ایس اے 2027 میں رائل سوسائٹی کی قیادت میں اس سلسلے کو جاری رکھنے کی منتظر ہے۔
کارروائی کے اہم شعبے
- اعداد و شمار جمع کرنے کے عمل اور خطرات کی تفہیم کو مضبوط بنانا: آفات سے نمٹنے کی تیاری، ان کے دوران مؤثر کارروائی اور بعد ازاں بحالی کے عمل میں مدد کے لیے مشاہداتی نظام کو بہتر بنانا اور قدرتی خطرات، ان سے متاثر ہونے کے خدشات اور کمزوریوں سے متعلق قابلِ اعتماد اعداد و شمار کی دستیابی کو یقینی بنانا۔
- اعداد و شمار اور ٹیکنالوجی تک محفوظ، قابلِ اعتماد اور مساوی رسائی کو ممکن بنانا: اعداد و شمار کے تبادلے، مشترکہ معیارات، باہمی مطابقت اور مستحکم نظاموں کو فروغ دینا، ساتھ ہی اعداد و شمار کے نظم و نسق، تحفظ، سلامتی اور رازداری سے متعلق قومی ذمہ داریوں کا احترام کرنا۔
- مقامی مہارتوں اور صلاحیتوں کو فروغ دینا اور مقامی ضروریات کے مطابق حل تیار کرنا: تعلیم، افرادی قوت کی ترقی، تربیت اور کمیونٹی کی شمولیت میں سرمایہ کاری کرنا، تاکہ ٹیکنالوجیز کو مقامی ضروریات کے مطابق ڈھالا جا سکے اور انہیں مؤثر طریقے سے برقرار رکھا جا سکے۔
- انسانی فیصلہ سازی اور نظم و نسق کو مضبوط بنانا: اس بات کو یقینی بنانا کہ جدید ٹیکنالوجیز مناسب نگرانی، مقامی سطح پر توثیق، شفافیت، جواب دہی اور خطرات سے متعلق مؤثر ابلاغ کے ذریعے انسانی مہارت و تجربے کو تقویت پہنچائیں۔
- بین الاقوامی اور مختلف شعبوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا: حکومتوں، تعلیمی اداروں، صنعت، سول سوسائٹی، مقامی برادریوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے درمیان دیرپا شراکت داری کی حوصلہ افزائی کرنا، جس میں علم اور ٹیکنالوجی کی مشترکہ تیاری پر خصوصی زور دیا جائے۔
*****
ش ح۔ت ف۔ش ت
U.NO-7531