پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 NOV 2026 6:28PM by PIB Delhi
24 سالہ طالب علم مسٹر راہل ڈبھادے (نام تبدیل ) کا سفر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ معیاری اعلیٰ تعلیم تک رسائی اور مخصوص مالی امداد کس طرح درج فہرست ذاتوں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت طلبہ کو معاشی رکاوٹوں پر قابو پانے اور بین الاقوامی شہرت یافتہ تعلیمی اداروں میں اپنے خوابوں کو پورا کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
قومی بیرونِ ملک اسکالرشپ کے ذریعے حکومتِ ہند تعلیمی خودمختاری، مساوی مواقع اور جامع ترقی کو مسلسل فروغ دے رہی ہے، تاکہ مستحق طلبہ اپنے علم، صلاحیتوں اور مہارتوں کے ذریعے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے درج فہرست ذات کے طالب علم مسٹر راہل ڈبھادے نے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے غیر معمولی تعلیمی لگن اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ مالی اور سماجی مشکلات کے باوجود وہ اپنی تعلیمی پیش رفت کو جاری رکھنے اور ایک روشن پیشہ ورانہ مستقبل کی تعمیر کے لیے پُرعزم رہے۔
دنیا کے ایک معروف تعلیمی ادارے میں کنسٹرکشن اکنامکس اینڈ مینجمنٹ میں پوسٹ گریجویٹ تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند راہل کو بیرونِ ملک تعلیم کے بھاری اخراجات کے باعث مالی مشکلات کا سامنا تھا۔ ان اخراجات میں ٹیوشن فیس، رہائش کے اخراجات، سفری مصارف اور دیگر تعلیمی ضروریات شامل تھیں۔
انہیں 2025-26 میں اس وقت ایک اہم موقع ملا، جب حکومتِ ہند کی وزارتِ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کی قومی بیرونِ ملک اسکالرشپ (این او ایس) اسکیم کے تحت انہیں مالی امداد حاصل ہوئی۔ اس اسکیم کی بدولت وہ برطانیہ کی یونیورسٹی کالج لندن (یو سی ایل) میں کنسٹرکشن اکنامکس اینڈ مینجمنٹ کے شعبے میں ایم ایس سی کی تعلیم حاصل کر سکے۔ یہ یونیورسٹی دنیا کے ممتاز تعلیمی اداروں میں شمار ہوتی ہے۔ اسکالرشپ کے تحت انہیں جامع مالی امداد فراہم کی گئی، جس میں 39,800 پاؤنڈ کی ٹیوشن فیس، 9,900 پاؤنڈ کا ماہانہ اخراجات کا الاؤنس، ہوائی سفر کا خرچ، ویزا فیس، بیمہ اور دیگر قابلِ قبول تعلیمی اخراجات شامل تھے۔
اس اسکیم کے تحت فراہم کی جانے والی مالی امداد نے بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے سے وابستہ معاشی بوجھ کو نمایاں طور پر کم کر دیا۔ اس کی بدولت انہیں مالی مشکلات کے باعث اپنی تعلیم ادھوری چھوڑنے کے خطرے کے بغیر اسے جاری رکھنے اور بین الاقوامی تعلیمی مواقع سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملا۔ اس تعاون نے انہیں اپنی تعلیمی ذمہ داریوں پر پوری توجہ مرکوز کرنے اور یونیورسٹی میں دستیاب تعلیمی سہولتوں اور سازگار ماحول سے بھرپور استفادہ کرنے کے قابل بھی بنایا۔

قومی بیرونِ ملک اسکالرشپ کے تحت حاصل ہونے والی امداد کی بدولت مسٹر راہل ڈبھادے اس وقت یونیورسٹی کالج لندن میں پوسٹ گریجویٹ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ وہ لیکچرز، ٹیوٹوریلز اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں میں سرگرمی سے حصہ لے رہے ہیں، جس سے انہیں بین الاقوامی سطح کا قیمتی تجربہ حاصل ہو رہا ہے اور تعمیراتی معاشیات، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور پروجیکٹ مینجمنٹ کے شعبوں میں خصوصی مہارت پیدا کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ یہ تعلیمی تجربہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور تعمیراتی شعبے میں عالمی طور طریقوں کے بارے میں ان کی سمجھ کو وسیع کرنے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔
قومی بیرونِ ملک اسکالرشپ کے تحت فراہم کی جانے والی اس امداد نے بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مالی رکاوٹوں کو دور کرنے اور ان کے تعلیمی و پیشہ ورانہ مواقع کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ مالی امداد کے علاوہ اس اسکیم نے انہیں عالمی معیار کی تعلیم تک رسائی، اپنے علم میں اضافے اور اپنے منتخب کردہ شعبے میں روشن مستقبل کی جانب پیش قدمی کا موقع فراہم کیا ہے۔
******
ش ح۔ ف ا ۔ م ر
U-NO. 7512