پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 NOV 2026 4:07PM by PIB Delhi
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ (ڈی جی ایف ٹی)، محکمہ تجارت نے لیتھیم آئن بیٹری کے بلیک ماس کی برآمد پر پابندی عائد کر دی ہے، جو آئی ٹی سی (ایچ ایس) کوڈ 85491400 کے تحت آتا ہے۔ 10 نومبر 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر 49/2026-27 کے ذریعے اس مادے کی برآمداتی پالیسی میں فوری اثر سے اور اگلے احکامات تک تبدیلی کرتے ہوئے اسے ’آزاد‘ زمرے سے نکال کر ’ممنوع‘ زمرے میں شامل کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں خارجہ تجارتی پالیسی (ایف ٹی پی) 2023 کے پیراگراف 1.05 کے تحت عبوری انتظامات نافذ ہوں گے۔
آئی ٹی سی (ایچ ایس) کوڈ 85491400 کے تحت پرائمری سیل، پرائمری بیٹریوں اور الیکٹرک ایکیومولیٹرز کا فضلہ اور اسکریپ، نیز استعمال شدہ سیلز، بیٹریاں اور ایکیومولیٹرز شامل ہیں، جنہیں ابھی الگ الگ زمروں میں تقسیم نہیں کیا گیا ہو اور جن میں سیسہ، کیڈمیم یا پارہ موجود نہ ہو۔ نوٹیفکیشن میں خاص طور پر اس مادے کی شناخت ’لیتھیم آئن بیٹری بلیک ماس‘ کے طور پر کی گئی ہے۔
بلیک ماس دراصل استعمال کی مدت پوری کر چکی لیتھیم آئن بیٹریوں اور بیٹریوں کی تیاری کے دوران پیدا ہونے والے فضلے کو مشینوں کے ذریعے باریک ٹکڑوں میں پیسنے سے حاصل ہونے والا پاؤڈر نما مادہ ہے۔ اس میں لیتھیم، کوبالٹ، نکل اور مینگنیز سمیت کئی اہم معدنیات قابلِ بازیافت مقدار میں موجود ہوتی ہیں۔
اہم معدنیات الیکٹرک گاڑیوں، جدید کیمسٹری پر مبنی سیل بیٹریوں، توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام، الیکٹرانکس اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں کے لیے بنیادی خام مال کی حیثیت رکھتی ہیں۔ ہندوستان ان میں سے کئی معدنیات کے لیے بڑی حد تک درآمدات پر انحصار کرتا ہے۔ بیٹریوں کے فضلے کی ری سائیکلنگ ان وسائل کی ملک میں فراہمی کا نظام قائم کرنے کے تیز ترین اور پائیدار طریقوں میں سے ایک ہے۔
اگرچہ ملک میں بیٹریوں کے فضلے کی ری سائیکلنگ اور اس سے اہم معدنیات کو الگ کرکے صاف کرنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، تاہم خام مال کی ناکافی دستیابی کے باعث اس صلاحیت کا مکمل استعمال نہیں ہو پا رہا ہے۔ ہندوستان میں تیار ہونے والے بلیک ماس کی برآمد سے یہ قیمتی ثانوی خام مال بیرونِ ملک چلا جاتا ہے، جبکہ بعض اوقات ملک کے اندر موجود ری سائیکلنگ اداروں کو اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے یہی مواد درآمد کرنا پڑتا ہے۔
بلیک ماس کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ہندوستان میں تیار ہونے والے بلیک ماس کی ری سائیکلنگ اور اس سے معدنیات کی بازیافت ملک کے اندر ہی کی جائے۔ توقع ہے کہ اس اقدام سے ملک میں قائم ری سائیکلنگ اور معدنیات کو صاف کرنے والے یونٹس کو خام مال کی مسلسل دستیابی یقینی ہوگی، ان کی پیداواری صلاحیت کا بہتر استعمال ممکن ہوگا اور اس شعبے میں مزید سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
اس اقدام سے لیتھیم، کوبالٹ، نکل اور دیگر اہم معدنیات کی ملک میں بازیافت میں اضافہ ہوگا، جس سے درآمدات پر انحصار اور اس پر خرچ ہونے والا زرمبادلہ کم ہوگا۔ اس کے علاوہ بیٹریوں کی تیاری، الیکٹرک گاڑیوں، توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام اور صاف توانائی کی ٹیکنالوجیز سے وابستہ سپلائی چین بھی مضبوط ہوگی، جو ’آتم نربھر بھارت‘ کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔
مزید برآں، یہ اقدام سرکلر اکانومی اور اربن مائننگ کو فروغ دے گا۔ اس سے قدرتی ذخائر سے براہِ راست کان کنی پر انحصار کم ہوگا اور ماحولیاتی ضوابط کے مطابق اس مضرِ صحت مواد کی محفوظ اور ماحول دوست ری سائیکلنگ کو ملک کے اندر ہی فروغ ملے گا۔
یہ اقدام قومی اہم معدنیات مشن (این سی ایم ایم) کے تحت حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے اقدامات کی تکمیل کرے گا۔ ان میں ستمبر 2025 میں مرکزی کابینہ کی جانب سے منظور کردہ 1500 کروڑ روپے کی ترغیبی اسکیم بھی شامل ہے، جس کا مقصد بیٹریوں کے فضلے اور الیکٹرانک فضلے جیسے ثانوی ذرائع سے اہم معدنیات کو الگ کرنے اور ان کی پیداوار کے لیے ری سائیکلنگ کی صلاحیت کو فروغ دینا ہے۔ بلیک ماس کو ملک کے اندر ہی رکھنے سے اس اسکیم کے تحت تیار کی جانے والی ری سائیکلنگ کی صلاحیت کے لیے مناسب مقدار میں ملکی خام مال کی دستیابی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
یہ پہل دنیا کی کئی بڑی معیشتوں کی جانب سے اختیار کی گئی ان پالیسیوں سے بھی ہم آہنگ ہے، جن کا مقصد اہم معدنیات پر مشتمل بیٹریوں کے فضلات اور بلیک ماس کو ملک کے اندر ہی رکھ کر ان کی پروسیسنگ اور معدنیات کی بازیافت کو فروغ دینا ہے۔
یہ نوٹیفکیشن ڈی جی ایف ٹی کی سرکاری ویب سائٹ www.dgft.gov.in. پر دستیاب ہے۔
******
(ش ح۔ م ش ع۔ م ا)
UR. No-7502