وزارت سیاحت
azadi ka amrit mahotsav

گجرات کے ایکتا نگر میں ’ بھارت پرو  2026 ‘ کے ذریعے بھارت کے  مالا مال ثقافتی ورثے اور گونا گونیت کی جھلک پیش کی جا رہی ہے


وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے  30  اکتوبر  ، 2026 ء کو اس میلے کا افتتاح کیا تھا، یہ میلہ  ’ ایک  بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کے موضوع کے تحت 15 نومبر  ، 2026  ء تک جاری رہے گا

ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی جانب سے ایک ضلع ایک  پروڈکٹ (او ڈی او پی) کے تحت مصنوعات، روایتی دست کاری، مقامی فنون اور ثقافتی پروگرام پیش کیے جا رہے ہیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 NOV 2026 5:43PM by PIB Delhi

وزارتِ سیاحت، حکومتِ ہند نے گجرات کے محکمۂ سیاحت اور ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے تعاون سے ’ بھارت پرو  2026 ‘ کا انعقاد کیا ہے۔ یہ میلہ گجرات کے ایکتا نگر میں جاری ہے، جہاں ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کے موضوع کے تحت بھارت کے مالا مال ثقافتی ورثے، رنگا رنگ روایات اور  گونا گونیت کو پیش کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے قومی   یکجہتی  کے دن کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر 30 اکتوبر  ، 2026 ء کو اس میلے کا افتتاح کیا تھا اور یہ 15 نومبر  ، 2026 ء تک جاری رہے گا۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261111174403_b221cf.jpg

 

یہ میلہ ملک بھر کے روایتی فنون، دست کاری، علاقائی  پکوان ، لوک روایات، موسیقی، رقص اور مقامی ہنرمندی کو ایک جگہ جمع کرتا ہے۔ اس کے ذریعے  شائقین کو ایک ہی مقام پر بھارت کے ثقافتی تنوع سے واقف ہونے کا موقع مل رہا ہے۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261111174415_ba53ad.jpg

 

’بھارت پرو‘ کی ایک اہم کشش خصوصی موضوعاتی پویلین ہے، جس میں 29 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں، ’انکریڈیبل انڈیا‘ اور مرکزی کاٹیج انڈسٹریز کی شرکت شامل ہے۔ اس پویلین میں ایک ضلع ایک  پروڈکٹ (او ڈی او پی) کے تحت 100 سے زائد مصنوعات کے ساتھ روایتی دست کاری، کپڑے، پینٹنگز، زرعی پیداوار اور مختلف علاقوں کی دیگر منفرد مصنوعات پیش کی جا رہی ہیں۔ ان کے ذریعے بھارت کے مختلف خطوں کی فنکارانہ مہارت اور ثقافتی شناخت کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔

ایک ضلع ایک  پروڈکٹ (او ڈی او پی) کے تحت پیش کی جانے والی مصنوعات اس میلے کی اہم خصوصیت ہیں۔ اس میں حصہ لینے والی ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے ایسی مصنوعات پیش کر رہے ہیں  ، جو اپنے اپنے خطوں کی منفرد مہارت، روایتی دست کاری اور مقامی خصوصیات کی عکاسی کرتی ہیں۔  نفیس نقش و نگار والے کپڑوں اور ہتھ کرگھے کی مصنوعات سے لے کر روایتی پینٹنگز، دست کاری کی اشیا اور مخصوص علاقوں کی زرعی پیداوار تک، یہ نمائشیں شائقین کو  ، بھارت کی  متنوع مقامی مصنوعات اور دست کاری کی روایات سے روشناس کراتی ہیں۔ مقامی سطح پر مشہور مصنوعات کو قومی پلیٹ فارم پر پیش کرکے ’بھارت پرو‘ علاقائی دست کاری کو فروغ دینے، روایتی ہنر کو تحفظ دینے اور مقامی کاریگروں و دست کاروں کی تیار کردہ مصنوعات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔ ’انکریڈیبل انڈیا‘ پویلین میں بھی ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے ملک کے ورثے، ثقافت اور تہواروں کو نمایاں کیا جا رہا ہے۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261111174424_504208.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261111174432_044b5e.jpg

 

روایتی دست کاروں کی جانب سے براہِ راست فن کا مظاہرہ بھی اس میلے کی ایک اہم کشش ہے، جس کے ذریعے  یہاں آنے والے افراد کو بھارت کی مقامی دست کاری کا عملی مشاہدہ کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ ان مظاہروں میں آسام کے روایتی ماسک بنانے کا فن، بہار کی مدھوبنی پینٹنگ اور سکّی دست کاری، گجرات کا روگن آرٹ اور روایتی مصوری، چھتیس گڑھ کا بانس سے تیار کردہ فن پارے بنانے کا ہنر، کیرالہ میں ناریل کے ریشے سے مصنوعات تیار کرنے کا فن، اڈیشہ کی پٹ چتر پینٹنگ اور چاندی کی باریک نقش کاری، اتراکھنڈ کی آئپن پینٹنگ اور رنگال سے ٹوکریاں بنانے کا ہنر، نیز جموں و کشمیر کا سوزنی فن شامل ہیں۔ ان نمائشوں کے ذریعے دست کاروں کو اپنی مہارت دکھانے اور شائقین کو روایتی فنون، ان کی تکنیکوں اور نسل در نسل منتقل ہونے والے مقامی علم سے روشناس کرانے کا موقع مل رہا ہے۔

 

Picture 4

 

میلے میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی متنوع لوک اور کلاسیکی روایات پر مبنی رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے جا رہے ہیں۔ شائقین کو آندھرا پردیش کا کُچی پوڑی رقص، آسام کا بیہو اور دیگر لوک رقص، گجرات کا گربا، ہریانہ کے روایتی لوک  فن ، کیرالہ کا تھول پاوا کووتھو، راجستھان کی راون ہتھا ساز پر پیش کی جانے والی موسیقی، تمل ناڈو کے روایتی رقص، جموں و کشمیر کی سنتور کی دھنیں اور مغربی بنگال کی باؤل لوک موسیقی اور پُرولیا چھاؤ رقص دیکھنے اور سننے کا موقع مل رہا ہے۔ ان کے علاوہ  ، بھی مختلف خطوں کے ثقافتی پروگرام پیش کیے جا رہے ہیں۔ یہ پروگرام بھارت کے ثقافتی ورثے کا لازمی حصہ بننے والی موسیقی، رقص اور فنون کی روایات کو اجاگر کر رہے ہیں۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image006_20261111174513_3950e5.jpg

 

23 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے علاقائی کھانوں اور روایتی لذیذ پکوانوں پر مشتمل فوڈ کورٹ بھی میلے کی ایک بڑی کشش ہے، جہاں  شائقین کو بھارت کے  مختلف اقسام  کے کھانوں کی روایات سے واقف ہونے کا موقع مل رہا ہے۔ اس تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے نیشنل کونسل فار ہوٹل مینجمنٹ اینڈ کیٹرنگ ٹیکنالوجی (این سی ایچ ایم سی ٹی) کے زیر انتظام خصوصی طور پر تیار کیا گیا اسٹوڈیو کچن بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں علاقائی کھانوں اور روایتی پکوان تیار کرنے کے طریقوں کا عملی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ فوڈ کورٹ میں روزانہ شام 5 بجے سے رات 8 بجے تک ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیے جاتے ہیں، جن میں ہر روز 10 ریاستوں کے فن کار حصہ لیتے ہیں۔ اس طرح علاقائی کھانوں، موسیقی اور رقص کا ایک دلکش امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے۔

Picture 5

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image008_20261111174528_cacb9d.jpg

 

بھارت کے ثقافتی تنوع کا جشن منانے کے ساتھ ساتھ ’بھارت پرو‘ علاقائی مصنوعات کی نمائش، مقامی فنون کے فروغ اور روایتی دست کاروں، ہنر مندوں اور فن کاروں کو  ، ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے لوگوں کے قریب لانے کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ یہ میلہ سیاحت کے تجربات کو مزید خوشگوار اور دلچسپ بنانے اور مختلف خطوں کی منفرد ثقافتی شناخت کو نمایاں کرنے میں مقامی روایات، دست کاری اور کھانوں کے کردار کو بھی اجاگر کر رہا ہے۔

’بھارت پرو 2026‘ ثقافتی تبادلے کو فروغ دے کر، قومی یکجہتی کو مضبوط بنا کر اور بھارت کے  کثرت میں  وحدت کا جشن مناتے ہوئے ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کے جذبے کو مزید مستحکم کر رہا ہے۔ گجرات کے ایکتا نگر میں یہ میلہ لوگوں کے لیے 15 نومبر  ، 2026  ءتک   کھلا رہے گا۔

 

***

 ( ش ح ۔   م ع ۔ ع ا )

U.No. 7508


(ریلیز آئی ڈی: 2335154) وزیٹر کاؤنٹر : 4
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati