نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

تمل ناڈو مرکنٹائل بینک (ٹی ایم بی) کی 105ویں یومِ تاسیس کی تقریبات میں نائب صدرِ جمہوریہ کی شرکت، تقریب کا انعقاد توتھوتھوکوڑی میں ہوا

ٹی ایم بی کا 105 سالہ سفر اعتماد، خدمت اور مالیاتی شمولیت کے عزم کا روشن ثبوت ہے

’وکست بھارت 2047‘ کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کی خاطر بینکوں کو چاہیے کہ وہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایم ایس ایم ای)، کسانوں، کاروباری افراد اور خواتین کی زیرِ قیادت چلنے والے کاروباری اداروں کی بھرپور معاونت کریں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 NOV 2026 4:03PM by PIB Delhi

نائب صدرِ جمہوریہ جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج توتھوتھوکوڑی میں تمل ناڈو مرکنٹائل بینک (ٹی ایم بی) کے 105ویں یومِ تاسیس کی تقریبات میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے بینک پر زور دیا کہ وہ آنے والے برسوں میں ملک کے سرکردہ نجی شعبے کے بینکوں میں شامل ہونے کا ہدف مقرر کرے۔

بینک کے شاندار 105 سالہ سفر پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے نائب صدرِ جمہوریہ نے یاد دلایا کہ اس بینک کا آغاز 1921 میں ’نادار بینک لمیٹڈ‘ کے نام سے ہوا تھا۔ انہوں نے ملک کے بینکاری شعبے میں بینک کی خدمات کی بھی بھرپور ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے معمولی آغاز سے ترقی کرتے ہوئے یہ بینک آج ایک بڑے بینکاری ادارے کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس کی 17 ریاستوں اور چار مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں 632 شاخیں ہیں۔ بینک 53 لاکھ سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کر رہا ہے اور اس کا مجموعی کاروبار ایک لاکھ 30 ہزار کروڑ روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔

قومی تعمیر و ترقی میں بینکوں کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے ذمہ دارانہ قرض فراہمی اور چھوٹی و درمیانے درجے کی صنعتوں (ایم ایس ایم ای)، کسانوں، چھوٹے تاجروں، کاروباری افراد، خواتین کی زیرِ قیادت کاروباری اداروں اور بڑی کمپنیوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

نائب صدرِ جمہوریہ نے ہندوستان کی غیر معمولی اقتصادی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’وکست بھارت 2047‘ کے وژن کو حقیقت میں بدلنے میں بینکاری شعبے کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل بینکاری اور یو پی آئی کے ذریعے آنے والی تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ مالیاتی شمولیت کے فروغ کو بھی نمایاں کیا، جس کے نتیجے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو باقاعدہ بینکاری خدمات تک رسائی حاصل ہوئی ہے۔

ٹی ایم بی کی حالیہ کارکردگی اور تکنیکی ترقی کو سراہتے ہوئے انہوں نے بینک پر زور دیا کہ وہ سائبر سکیورٹی کو مزید مضبوط بنائے، صارفین کی رقم اور ذاتی معلومات کا تحفظ یقینی بنائے اور جدت و اختراع کو اپناتا رہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قومی سطح پر اپنی موجودگی کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ بینک کو اپنے جائے آغاز یعنی توتھوکوڈی سے اپنے تعلق اور وابستگی کو برقرار رکھنا چاہیے۔

نائب صدرِ جمہوریہ نے اعتماد ظاہر کیا کہ تمل ناڈو مرکنٹائل بینک مستقبل میں بھی مسلسل ترقی کی نئی بلندیاں حاصل کرے گا اور خود کو ہندوستان کے سرکردہ نجی شعبے کے بینکوں میں شامل کرنے میں کامیاب ہوگا۔

اس موقع پر تمل ناڈو کے گورنر جناب راجندر وشوناتھ آرلیکر، ٹی ایم بی کے جزوقتی چیئرمین جناب کے رام چندرن، منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب سلی ایس نائر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناب ونسنٹ مینچری، بورڈ کے اراکین اور دیگر اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔

******

 

(ش ح۔ م ش ع۔ م ا)

UR. No-7500

 

 

 


(ریلیز آئی ڈی: 2335105) وزیٹر کاؤنٹر : 7