وزارت خزانہ
azadi ka amrit mahotsav

 سنٹرل بیورو آف نارکوٹکس(سی بی این) نے اتر پردیش کے مئو میں میفیڈرون(ایم ڈی) تیار کرنے والے خفیہ لیب کو تباہ کر دیا؛ 11.7 کلوگرام میفیڈرون، خام کیمیائی مادے اور لیب کے آلات ضبط؛ آپریشن وجرا  3.0 کے تحت دو مشتبہ افراد گرفتار

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 NOV 2026 3:51PM by PIB Delhi

سنٹرل بیورو آف نارکوٹکس (سی بی این )نے بین الریاستی منشیات تیار کرنے والے نیٹ ورک کے خلاف ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے اتر پردیش کے مئو میں تاجوپور صنعتی علاقے میں میفیڈرون(ایم ڈی)تیار کرنے والے ایک خفیہ لیب کا پردہ فاش کیا۔ یہ کارروائی آپریشن وجرا 3.0 کے تحت انجام دی گئی۔

سی بی این کے مدھیہ پردیش یونٹ کی جانب سے حاصل کردہ مخصوص خفیہ معلومات کی بنیاد پر،سی بی این کے مدھیہ پردیش یونٹ اور اتر پردیش یونٹ کی ایک مشترکہ ٹیم نے 08.11.2026 کو مشترکہ کارروائی کی اور مصنوعی منشیات تیار کرنے والی ایک فعال خفیہ تجربہ گاہ کی کامیابی سے نشاندہی کرتے ہوئے اسے بے نقاب کیا۔

اس کارروائی کے دوران مختلف مراحل میں تیار کی جا رہی 11.7 کلوگرام میفیڈرون (ایم ڈی) برآمد کی گئی۔ ٹیم نے میفیڈرون کی تیاری میں استعمال ہونے والے اہم خام کیمیائی مادے20.9 کلوگرام کے 2-برومو-4-میتھائل پروپیوفینون کے علاوہ 3.5 کلوگرام ایسیٹک این ہائیڈرائیڈ اور تقریباً 119.9 کلوگرام/لیٹر مختلف کیمیائی مادے، محلل اور تیاری کے عمل میں استعمال ہونے والے دیگر مادے بھی ضبط کیے۔ ان میں ڈائیکلورو میتھین، ہائیڈروکلورک ایسڈ، سوڈیم بائی کاربونیٹ، سوڈیم کلورائیڈ اور نامیاتی امائنز شامل ہیں۔

تیاری کے مختلف مراحل میں ضبط کی گئی میفیڈرون

اس کارروائی کے دوران خفیہ تجربہ گاہ کے تمام سازوسامان کو بھی ضبط کرکے ختم کر دیا گیا۔ اس میں صنعتی گرائنڈر اور مکسر، اسٹیل کے ٹینک اور برتن، حرارتی آلات، شیشے کے ری ایکشن اور کشید کے آلات، درجۂ حرارت ناپنے والے آلات، وولٹیج بیلنسرز اور مصنوعی منشیات کی غیر قانونی تیاری میں استعمال ہونے والے دیگر آلات شامل تھے۔ اس کے علاوہ ذاتی تحفظ کے سازوسامان بھی ضبط کیے گئے۔

خفیہ لیب کو ختم کرنا

اس کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر منشیات تیار کرنے والے نیٹ ورک میں ملوث دو افراد کو این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کے تحت گرفتار کیا گیا۔ اس نیٹ ورک کے وسیع تر بین الریاستی روابط، پیشگی کیمیائی مادوں کے ذرائع، مالیاتی لین دین اور منشیات کی تقسیم کے ممکنہ نیٹ ورک کا پتہ لگانے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ضبطی کی پوری کارروائی اور اس کے بعد کی تمام قانونی کارروائیاں این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کی دفعات اور مقررہ قانونی طریقۂ کار کے مطابق انجام دی گئیں۔

خفیہ لیب کو ختم کیے جانے سے بڑی مقدار میں غیر قانونی میفیڈرون کی مزید تیاری اور تقسیم کو روکنے میں مدد ملی ہے اور بین الریاستی مصنوعی منشیات کے نیٹ ورک کو بڑا جھٹکا پہنچا ہے۔

سال 2026 کے دوران اب تک سی بی این نے چھ خفیہ تجربہ گاہوں کا پردہ فاش کیا ہے، جہاں سے 130.2 کلوگرام میفیڈرون (ایم ڈی) اور 1465.4 کلوگرام/لیٹر پیشگی کیمیائی مادے ضبط کیے گئے ہیں۔ ان معاملات کے سلسلے میں 20 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

یہ کارروائی منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ اور نشہ آور ادویات و نفسیاتی اثرات مرتب کرنے والے مادوں کی خفیہ تیاری کے خلاف کارروائی کرنے کے تئیں سنٹرل بیورو آف نارکوٹکس (سی بی این) کی مسلسل چوکسی، لگن اور عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

سی بی این خفیہ طور پر منشیات تیار کرنے والے نیٹ ورکس کو ختم کرنے، پیشگی کیمیائی مادوں کے غیر قانونی استعمال کو روکنے، بین الریاستی اسمگلنگ کے گروہوں کی شناخت کرکے ان کے خلاف کارروائی کرنے، این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کی دفعات نافذ کرنے اور نشہ مکت بھارت، وکست بھارت کے قومی مشن میں تعاون دینے کے لیے اپنی کوششیں پوری ثابت قدمی کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے۔

****

 (ش ح ۔رک)

U. No.7499

 


(ریلیز آئی ڈی: 2335043) وزیٹر کاؤنٹر : 11
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati