پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 NOV 2026 3:13PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی صدارت میں آج مرکزی کابینہ نے ربیع سیزن 27-2026 ء (یکم اکتوبر ، 2026 ء سے 31 مارچ ، 2027 ء تک) کے لیے فاسفیٹ اور پوٹاش والی (پی اینڈ کے) کھادوں پر تغذیہ پر مبنی سبسڈی (این بی ایس) کی شرحوں کو منظوری دے دی ہے۔ ربیع 27-2026 ء کے لیے عارضی بجٹ کی ضرورت تقریباً 62,370.02 کروڑ روپے ہوگی۔ یہ رقم ربیع 26-2025 ء کے سیزن کے لیے مختص بجٹ 37,952.29 کروڑ روپے کے مقابلے میں تقریباً 24,417.73 کروڑ روپے زیادہ ہے۔
فوائد:
- کسانوں کو رعایتی، سستی اور مناسب قیمتوں پر کھادوں کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے گی۔
- کھادوں اور ان کی تیاری کےلیے درکار خام مال کی بین الاقوامی قیمتوں کے حالیہ رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے ، فاسفیٹ اور پوٹاش والی کھادوں پر دی جانے والی سبسڈی کو معقول بنایا جا سکے گا۔
عمل درآمد کی حکمت عملی اور اہداف:
کسانوں کو یہ کھادیں مناسب قیمتوں پر آسانی سے دستیاب کرانے کے لیے ربیع سیزن 27-2026 ء (یکم اکتوبر ، 2026 ء سے 31 مارچ ، 2027 ء تک) کے لیے منظور شدہ شرحوں کے مطابق ڈی اے پی اور این پی کے ایس اقسام سمیت فاسفیٹ اور پوٹاش والی کھادوں پر سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
پس منظر:
حکومت کھاد تیار کرنے والی کمپنیوں اور درآمد کاروں کے ذریعے کسانوں کو ڈی اے پی سمیت 28 اقسام کی فاسفیٹ اور پوٹاش والی کھادیں رعایتی قیمتوں پر فراہم کر رہی ہے۔ فاسفیٹ اور پوٹاش والی کھادوں پر سبسڈی یکم اپریل ، 2010 ء سے تغذیہ پر مبنی سبسڈی اسکیم (این بی ایس) کے تحت دی جا رہی ہے۔ حکومت ، کسانوں کے مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے ، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے کہ انہیں یہ کھادیں مناسب اور سستی قیمتوں پر دستیاب ہوں۔
کھادوں اور ان کی تیاری کے لیے درکار خام مال، مثلاً یوریا، ڈی اے پی، ایم او پی اور سلفر کی بین الاقوامی قیمتوں کے حالیہ رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے ، حکومت نے فاسفیٹ اور پوٹاش والی کھادوں، بشمول ڈی اے پی اور این پی کے ایس اقسام، کے لیے ربیع سیزن 27-2026 ء (یکم اکتوبر ، 2026 ء سے 31 مارچ ، 2027 ء تک) کے لیے تغذیہ بخش اجزاء پر مبنی سبسڈی (این بی ایس) کی شرحوں کو منظوری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ منظور شدہ اور اعلان کردہ سبسڈی کی شرحوں کے مطابق کھاد کمپنیوں کو سبسڈی فراہم کی جائے گی، تاکہ کسانوں کو یہ کھادیں مناسب اور کفایتی قیمتوں پر دستیاب ہو سکیں۔
۔۔۔۔۔۔
( ش ح ۔ م ع ۔ ع ا )
U.No. 7493