پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 NOV 2026 9:48PM by PIB Delhi
تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے آج نئی دہلی میں بھارت موبلٹی گلوبل ایکسپو کے تیسرے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس نمائش کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور ہندوستان کی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں اور عالمی اقتصادی عزائم کے حصول میں نقل و حرکت کے شعبے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے نقل و حرکت کی پوری صنعت سے وابستہ متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ ملک کی منڈی تک محدود رہنے کے بجائے عالمی منڈیوں اور برآمدات کے مواقع سے بھی بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی وسیع گھریلو بازار کو بین الاقوامی منڈیوں کے ساتھ جوڑنے سے کاروباری اداروں کو بڑے پیمانے پر پیداوار کے فوائد حاصل کرنے اور قیمتوں کے معاملے میں عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بننے میں مدد ملے گی۔ ہندوستانی صنعت کاروں کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاپان اور یوروپ کی گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کے علاوہ ہوا بازی اور دفاعی شعبوں کو سامان فراہم کرنے والے ہندوستانی صنعت کار عالمی معیار کی خوبیوں پر پورا اترنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
بھارت موبلٹی کے تصور سے متعلق شروعاتی بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ اس پہل کے ذریعے نقل و حرکت کے ماحولیاتی نظام کے مختلف شعبوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا گیا ہے، جو روایتی طور پر الگ الگ اوقات اور مقامات پر اپنی نمائشیں منعقد کرتے تھے اور اکثر ان میں ایک ہی قسم کے لوگ شرکت کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ماحولیاتی نظام کو ایک ہی چھت کے نیچے لانا وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اس وژن کے تحت تعمیر کیے گئے بھارت منڈپم اور یشو بھومی کی دستیابی سے ممکن ہو سکا ہے، جس کا مقصد ہندوستان کو بین الاقوامی نمائشوں کے ایک اہم مرکز کے طور پر قائم کرنا ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستان موبلٹی نے محکموں، وزارتوں اور ریاستوں کے درمیان باہمی رابطے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے اور نقل و حرکت کے شعبے سے وابستہ مختلف صنعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے حکومت کے تمام شعبوں کے مشترکہ نقطۂ نظر کی قوت کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان صنعتوں میں اسٹیل، کیمیکل، الیکٹرانکس، دو پہیہ، تین پہیہ اور چار پہیہ گاڑیوں، تجارتی اور مسافر بردار گاڑیوں، تعمیراتی آلات اور ٹائروں کی صنعتیں شامل ہیں۔
دوسرے ایڈیشن کی کامیابی پر صنعت سے وابستہ متعلقہ فریقوں کو مبارک باد دیتے ہوئے جناب گوئل نے اعتماد ظاہر کیا کہ تیسرا ایڈیشن اس سے بھی زیادہ وسیع اور بہتر ہوگا اور مقامی و بین الاقوامی شرکا سمیت نمائش کی وسعت اور شرکا کی تعداد، دونوں اعتبار سے دنیا کی سب سے بڑی نقل و حرکت نمائش بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کے لیے جگہ کی طلب اور سہولتوں میں توسیع کے لحاظ سے بھارت موبلٹی عالمی سطح پر اپنی نوعیت کا سب سے بڑا پروگرام بن سکتا ہے۔
وزیر موصوف نے منتظمین اور صنعت سے اپیل کی کہ وہ دنیا بھر میں اس پروگرام کی بڑے پیمانے پر تشہیر کریں اور متوقع 10 لاکھ شرکا میں کم از کم 25 ہزار بین الاقوامی افراد کو راغب کرنے کا ہدف مقرر کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس پروگرام کا دائرہ صرف اصل سازوسامان تیار کرنے والی کمپنیوں (او ای ایم) تک محدود نہ رہے بلکہ اسے عالمی سطح پر اس وسیع تر نظام تک بھی پہنچایا جائے، جس میں ٹائروں کے ڈیلر، سپلائرز، آٹو پارٹس تیار کرنے والے ادارے اور فروخت کے بعد فراہم کی جانے والی خدمات کی وسیع مارکیٹ شامل ہے۔
جناب گوئل نے کہا کہ بھارت موبلٹی میں نمائندگی کرنے والے ہر شعبے میں بین الاقوامی سطح پر اشتراک اور ہندوستان سے مصنوعات کی خریداری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے صنعت سے وابستہ متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ انفرادی شعبوں اور ملکوں میں موجود مواقع کی نشاندہی کریں اور پوری عالمی سپلائی چین کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی حکمت عملی تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر سوچنے میں ناکامی سے بھارت موبلٹی کے انعقاد کے لیے کی جانے والی وسیع تر کوششیں بے معنی ہو جائیں گی۔
جناب گوئل نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی کی راہ میں واحد ممکنہ رکاوٹ ملک کی صلاحیتیں نہیں بلکہ سوچنے کا انداز ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صنعت کو ہندوستان کی صلاحیتوں کو پہچاننے اور انہیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
بیرون ملک دوروں کے دوران بین الاقوامی صنعت کاروں کے رہنماؤں سے اپنی ملاقاتوں کا تجربہ بیان کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستان کے تئیں ان کی دلچسپی اور جوش و خروش غیر معمولی رہا ہے۔ جاپان کے اپنے حالیہ دورے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاپانی صنعت کی جانب سے ملنے والا ردعمل کافی حوصلہ افزا رہا ہے اور کئی کمپنیوں نے عالمی منڈیوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہندوستانی صنعت کاروں کے ساتھ شراکت داری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ دلچسپی صرف چھوٹی سرمایہ کاری تک محدود نہیں ہے ،بلکہ کئی کمپنیاں دنیا بھر کی منڈیوں کے لیے مصنوعات تیار کرنے کی غرض سے ہندوستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پر غور کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روایتی طور پر بین الاقوامی منڈیوں پر توجہ مرکوز کرنے والے یوروپ کے صنعت کار اب اس بات کو شدت سے محسوس کر رہے ہیں کہ یوروپ میں پیداواری لاگت اور ضابطوں سے متعلق اضافی پابندیوں کے پیش نظر عالمی سطح پر مسابقت برقرار رکھنا ایک چیلنج بنتا جا رہا ہے۔ آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) سے متعلق مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستان میں منڈی تک رسائی ملنے سے یوروپی گاڑیاں تیار کرنے والے صنعت کار ابتدائی طور پر ہندوستانی منڈی میں محدود تعداد میں ماڈل متعارف کرا کے ان کی مانگ کا اندازہ لگا سکیں گے۔ مناسب مانگ والے ماڈلوں کی نشاندہی کے بعد صنعت کار ہندوستان میں اپنی پیداواری یونٹس قائم کر سکتے ہیں، تاکہ نہ صرف ملکی منڈی کی ضروریات پوری کی جا سکیں ،بلکہ دنیا کے دیگر ممالک کو بھی برآمدات کی جا سکیں۔
جناب گوئل نے کہا کہ ہندوستان میں پیداوار شروع کرنے سے کمپنیوں کووسیع گھریلو منڈی تک رسائی ملے گی اور وہ عالمی منڈیوں کے لیے مسابقتی قیمتوں پر گاڑیاں تیار کر سکیں گی۔ اس سے ہندوستان میں پرزہ تیار کرنے والے اداروں، نئے کاروباری اداروں، اسٹیل اور ربڑ کی صنعتوں نیز نقل و حرکت کے پورے نظام سے وابستہ دیگر فریقوں کے لیے بھی بڑے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے صنعت سے وابستہ متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ دوسرے ملکوں کے ان مواقع سے فائدہ اٹھانے سے پہلے خود ان سے بھرپور استفادہ کریں۔
وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کی وسیع گھریلو منڈی عالمی صنعت کاروں کو مینوفیکچرنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے کا ایک بڑا فائدہ ہے۔ انہوں نےتہواروں کے سیزن میں گاڑیوں کی فروخت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صرف نوراتری کے دوران 10 لاکھ کاریں فروخت ہوئیں، جبکہ دھن تیرس کے دو دنوں میں تقریباً 70 ہزار کاروں کی فروخت درج کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی منڈی کا وسیع حجم عالمی صنعت کاروں کے لیے ہندوستان میں پیداواری مراکز قائم کرنے اور بین الاقوامی منڈیوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ملک کو ایک مرکز کے طور پر استعمال کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
جناب گوئل نے پہلے دو ایڈیشنوں کی کامیابی کو مزید آگے بڑھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تیسرے ایڈیشن کا پیمانہ پہلے سے زیادہ وسیع، انتظامات زیادہ مؤثر اور ٹیکنالوجی کے اعتبار سے مزید ترقی یافتہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش کے پہلے دو دن کاروباری سرگرمیوں، نئے کاروبار کے آغاز اور نئی مصنوعات کی نمائش کے لیے مختص کیے گئے تھے، جس سے کمپنیوں کو دنیا کے سامنے اپنے معیار اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملا۔
انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ نقل و حرکت کے شعبے کی پوری قدر پر مبنی زنجیر کو ایک ہی مقام پر جمع کرنے سے یہ پروگرام بین الاقوامی شرکا کے لیے خاص طور پر پُرکشش بن گیا ہے، کیونکہ وہ ایک ہی دورے میں صنعت کے مختلف شعبوں سے وابستہ افراد اور اداروں کے ساتھ رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔ وزیر موصوف نے تقریباً 40 سال قبل بحیثیت صنعت کار ہینوور کے اپنے دورے کے تجربے کا ذکر کیا، جہاں وہ انجینئرنگ کے پورے نظام سے وابستہ افراد کے ساتھ رابطے کے لیے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ اب ہندوستان بھی بھارت موبلٹی، بھارت ٹیکس، اسٹارٹ اپ مہاکمبھ اور بھارت بلڈ کون کے ذریعے اسی نوعیت کے بڑے پلیٹ فارم تیار کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قدر پر مبنی زنجیر کو ایک ساتھ جوڑنے والے یہ پلیٹ فارم ہندوستان کو دنیا کے سامنے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے قابل بناتے ہیں۔ ہندوستان کی ٹیلی کام اور الیکٹرانکس صنعتوں کے بھی بڑے پیمانے پر نمائشوں کے انعقاد کے لیے ایک ساتھ آنے کا ذکر کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ ہندوستان دنیا کے سامنے ایسا پیمانہ پیش کر رہا ہے، جس کا اس نے پہلے کبھی مشاہدہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ موضوع ’’حدود سے آگے‘‘ہندوستان کے جذبے اور ہندوستانی صنعت کے مستقبل کے تصور کی عکاسی کرتا ہے۔
جناب گوئل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ رواں سال ایک ٹریلین ڈالر کی برآمدات کا ہندوستان کا ہدف غیر متزلزل ہے اور ملک اس کے حصول کی راہ پر مکمل طور پر گامزن ہے۔ برآمدات سے متعلق ستمبر کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان پہلے ہی تقریباً 480 ارب ڈالر کی برآمدات کر چکا ہے، جو سالانہ ہدف کا 48 فیصد ہے اور یہ کامیابی پہلے چھ ماہ میں حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عام طور پر سال کے دوسرے نصف حصے میں برآمدات میں تیزی آتی ہے۔ وزیر موصوف نے ملک کی برآمدی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیر موصوف نے کہا کہ اکتوبر کے برآمدی اعداد و شمار 15 تاریخ کو سکریٹری تجارت کے ذریعے جاری کیے جائیں گے اور اشارہ دیا کہ یہ اعداد و شمار حوصلہ افزا ہوں گے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اس کے بعد ترقی کا سفر مزید تیز ہوگا اور پیچھے مڑ کر دیکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے صنعت سے اپیل کی کہ وہ محض بتدریج ترقی تک محدود نہ رہے، بلکہ بڑے پیمانے پر توسیع کا ہدف مقرر کرے۔
برآمدات میں اضافے کے لیے انجینئرنگ کے شعبے کے تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ اس شعبے میں تقریباً 22 فیصد اضافہ درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے صنعت پر زور دیا کہ وہ اس رفتار کو برقرار رکھے اور اسے ایک وقتی کامیابی سمجھنے کے بجائے مستقبل کے لیے ایک معیار بنائے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ 27 ملکوں پر مشتمل یوروپی یونین کی منڈی مارچ یا اپریل تک ہندوستانی کاروباری اداروں کے لیے صفر کسٹم ڈیوٹی پر کھلنے کی توقع ہے، جس سے آنے والے سال میں ہندوستانی برآمد کنندگان کو مزید مواقع حاصل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان مزید سات سے آٹھ ملکوں کے ساتھ بھی مذاکرات کر رہا ہے، جس سے منڈیوں تک رسائی میں مزید توسیع ہوگی۔ ان مواقع کے حقیقت کا روپ اختیار کرنے کے بعد ہندوستان کو ایسی منڈیوں تک ترجیحی رسائی حاصل ہو جائے گی، جو عالمی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کے تقریباً 75 فیصد حصے کی نمائندگی کرتی ہیں۔
جناب گوئل نے صنعت پر زور دیا کہ وہ ابھرتے ہوئے بین الاقوامی مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے بروقت اقدامات کرے، کیونکہ دنیا بھر کے ممالک عالمی منڈیوں اور سرمایہ کاری کے حصول کے لیے ایک دوسرے سے مسابقت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے منڈیوں تک رسائی میں توسیع اور مختلف اقدامات کے ذریعے تعاون فراہم کرکے صنعت کی توقعات اور امنگوں کو پورا کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے آٹو پرزہ جات کی صنعت کے لیے پیداوار سے منسلک ترغیبی اسکیم (پی ایل آئی) اور خصوصی اسٹیل کے لیے پی ایل آئی اسکیم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے برآمدات کے فروغ کے مشن کا بھی ذکر کیا اور صنعت سے وابستہ متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ برآمدات کو مستحکم بنانے، اپنی مصنوعات کی تشہیر کرنے اور اپنی صنعتی شناخت کو ایک مضبوط برانڈ کے طور پر قائم کرنے کے لیے اس پہل سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
جناب گوئل نےنقل و حرکت کے شعبے کی وسیع تر اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نقل و حرکت کا تعلق محض اقتصادی اعداد و شمار، پیداواری اعداد و شمار یا معیشت میں اس شعبے کے تعاون تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے اور ان کی امنگوں کو پورا کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ عالمی بینک کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے، جن کے مطابق ہندوستان میں 12 سال کے عرصے کے دوران 50 کروڑ افراد انتہائی غربت سے باہر آئے ہیں، انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کی سیڑھی پر آگے بڑھنے والے لوگوں کی ابتدائی خواہشات میں سے ایک اپنی آمدورفت اور نقل و حمل کے ذرائع کو بہتر بنانا ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلی سائیکل سے دو پہیہ گاڑیوں اور پھر دو پہیہ گاڑیوں سے ابتدائی درجے کی چار پہیہ گاڑیوں کی جانب بڑھتے ہوئے رجحان میں واضح طور پر نظر آتی ہے۔ خاندانوں اور افراد کے معاشی ترقی کی سیڑھی پر آگے بڑھنے کے ساتھ ان کی خودداری، خود اعتمادی اور ملک کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کا جذبہ بھی بڑھتا ہے۔ انہوں نے نئے متوسط طبقے کی ترقی، پہلی بار مسافر گاڑیاں خریدنے والوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ملک بھر میں شاہراہوں اور سڑکوں کے وسیع ہوتے ہوئے جال کا بھی ذکر کیا۔
وزیر موصوف نے برقی ذرائع نقل و حمل کی بڑھتی ہوئی کشش اور اس کی استطاعت کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ ہندوستان کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی بڑی معیشت کی حیثیت سے نقل و حرکت کا شعبہ سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والے شعبوں میں شامل ہوگا۔ انہوں نے صنعت سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان میں نقل و حرکت کا پورا نظام قائم کرے اور گاڑیوں، پرزہ جات اور نقل و حرکت سے متعلق ٹیکنالوجیز سمیت ملک کو دنیا کا پیداواری مرکز بنائے۔
جناب گوئل نے کہا کہ ہندوستان کو ٹیکنالوجیز کی تیاری اور ڈیزائن وضع کرنے کے مرکز کے طور پر بھی ابھرنا چاہیے، جہاں صلاحیتوں اور ہنر پر مبنی تمام حل کا محور ہندوستان ہو۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ نقل و حرکت کے پورے شعبے میں ترقی کے بے پناہ امکانات موجود ہیں اور کہا کہ ہندوستان کو جلد ہی ملکی منڈی میں ایک کروڑ مسافر گاڑیاں فروخت کرنے کا ہدف مقرر کرنا چاہیے، جبکہ اس کے علاوہ برآمدات بھی جاری رہیں۔
دو پہیہ گاڑیوں کے شعبے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ برآمدات کو چھوڑ کر بھی ان کی سالانہ فروخت پہلے ہی تقریباً ڈھائی کروڑ یونٹ تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نقل و حرکت کے پورے نظام کے تمام شعبوں میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے صنعت سے وابستہ متعلقہ فریقوں کو دعوت دی کہ وہ بڑے خواب دیکھ کر، بلند حوصلہ جاتی منصوبہ بندی کرتے ہوئے، اشتراک کو فروغ دے کر، نئی ٹیکنالوجیز اپنا کر اور نئے کاروباری تصورات متعارف کرانے کے لیے نئے کاروباری اداروں کی معاونت کرکے ہندوستان کے ترقیاتی سفر کا حصہ بنیں۔
وزیر موصوف نے یہ بھی اشارہ دیا کہ بھارت موبلٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر بھارت منڈپم اور یشو بھومی میں نمائش کے بنیادی ڈھانچے کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کے لیے دستیاب جگہ مکمل طور پر بک ہونے کا امکان ہے اور عارضی ہینگر کی سہولتوں سے بھی دوبارہ فائدہ اٹھانے کے امکان کو بھی مسترد نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ تیسرے ایڈیشن کے دوران سامنے آنے والی طلب کا جائزہ لے کر دونوں مقامات پر توسیع کے اگلے مرحلے کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ اس کا مقصد یہ ہوگا کہ بھارت موبلٹی کے چوتھے ایڈیشن کے انعقاد تک نمائش کے لیے دستیاب موجودہ جگہ میں کم از کم ڈیڑھ گنا، بلکہ ممکن ہو تو دوگنا اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اس وقت تک نقل و حرکت کی صنعت بھی عالمی معیشت کے ساتھ کہیں زیادہ مربوط ہو چکی ہوگی، جس سے کاروباری اداروں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی موجودگی اور منڈیوں تک رسائی بڑھانے میں مدد ملے گی۔
جناب گوئل نے کہا کہ بھارت موبلٹی ہندوستان کی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے اور ملک کو تیزی سے نقل و حرکت کے شعبے میں عالمی رہنما کی حیثیت حاصل کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بعض دیگر منڈیوں میں پیداواری صلاحیتوں اور مسابقت میں کمی آ رہی ہے، ایسے میں ہندوستان کو ان کاروباری اداروں کے لیے ایک قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر اپنی شناخت قائم کرنی چاہیے، جو اپنی سرگرمیاں اور پیداواری اکائیاں دوسرے مقامات پر منتقل کرنے کے خواہش مند ہیں۔
اپنے خطاب کے اختتام پر وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستان خوش خبریوں کا پیش خیمہ اور ایک خوش حال و ترقی یافتہ ملک کی تعمیر میں مشعل بردار ثابت ہوگا۔ انہوں نے نقل و حرکت کے شعبے کے روشن مستقبل پر اعتماد کا اظہار کیا اور صنعت سے وابستہ متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ اپنے پُرامید عزائم کو بڑے پیمانے، تیز رفتاری اور مہارت کے ذریعے عملی جامہ پہنائیں۔
انہوں نے بھارت موبلٹی گلوبل ایکسپو 2027 کے تیسرے ایڈیشن کے کامیاب انعقاد اور ہندوستان کی ترقی کے سفر میں ان کے مسلسل تعاون کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کو نیک خواہشات پیش کیں۔
بھارت موبلٹی گلوبل ایکسپو 2027 کا تیسرا ایڈیشن دنیا کا سب سے بڑا عالمی موبلٹی پروگرام ہونے جا رہا ہے، جس میں 1,750 سے زائد نمائش کنندگان، بیک وقت منعقد ہونے والی 11 نمائشیں اور 2.5 لاکھ مربع میٹر سے زیادہ کے نمائشی رقبے پر 10 لاکھ سے زائد افراد کے نمائش دیکھنے کی امید ہے۔ یہ نمائش بھارت منڈپم اور یشو بھومی میں منعقد ہوگی۔ وزارت تجارت و صنعت اور حکومت ہند کی بھاری صنعتوں کی وزارت نے آج بھارت موبلٹی گلوبل ایکسپو 2027 کی افتتاحی تقریب سے قبل ایک خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا، جس کے ساتھ ہی ہندوستان کے اہم ترین عالمی نقل و حرکت پروگرام کے تیسرے اور اب تک کے سب سے بڑے ایڈیشن کے انعقاد کی تیاریاں شروع ہوگئیں۔
بھارت موبلٹی گلوبل ایکسپو 2027 کا انعقاد 4 سے 9 فروری 2027 تک نئی دہلی کے بھارت منڈپم اور دوارکا، دہلی کے یشو بھومی میں ہوگا۔
گزشتہ ایڈیشنوں کی کامیابی کو آگے بڑھاتے ہوئے بھارت موبلٹی گلوبل ایکسپو 2027 کے پیمانے اور دائرۂ کار میں نمایاں توسیع کی جائے گی۔ آئندہ ایڈیشن میں روایتی آٹوموبائل شعبوں کے ساتھ جدید نقل و حرکت کی ٹیکنالوجیز، فضائی نقل و حرکت، شہری سطح پر بڑے پیمانے کی عوامی نقل و حمل، زرعی نقل و حرکت، بیٹریوں اور توانائی سے متعلق حل اور نئی نسل کے نقل و حمل کے نظام جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں کو بھی ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا۔
اس توسیع سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت موبلٹی گلوبل ایکسپو نے محض نقل و حرکت کی نمائش سے ترقی کرکے پورے نقل و حرکت کے نظام کی نمائندگی کرنے والے ایک جامع عالمی پلیٹ فارم کی شکل اختیار کرلی ہے۔ ’’بہتر کل کے لیے زیادہ اسمارٹ نقل و حرکت‘‘ کے موضوع کے تحت بی ایم جی ای کا تیسرا ایڈیشن مینوفیکچرنگ، انجینئرنگ، ٹیکنالوجی، اختراع اور پائیدار نقل و حرکت کے شعبوں میں ہندوستان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی صنعت، حکومت، نئے کاروباری اداروں، ٹیکنالوجی فراہم کرنے والوں، تعلیمی اداروں اور بین الاقوامی متعلقہ فریقوں کے درمیان اشتراک کو بھی فروغ دے گا۔
اس نمائش میں دونوں مقامات پر مختلف شعبوں سے متعلق متعدد خصوصی نمائشوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
بھارت منڈپم میں بی ایم جی ای 2027 کے تحت آٹو ایکسپو – دی موٹر شو 2027، انڈیا انٹرنیشنل ٹائر شو 2027، بھارت بیٹری شو 2027، موبلٹی ٹیک پویلین، انڈیا سائیکل شو 2027 اور اسٹیل و جدید مواد کا پویلین شامل ہوں گے۔ یشو بھومی میں اس نمائش کے تحت دی کمپوننٹس اینڈ ٹیکنالوجی شو 2027، بھارت کنسٹرکشن ایکوپمنٹ ایکسپو 2027، ایگری موبلٹی اینڈ ٹیکنالوجی ایکسپو 2027، ایئر موبلٹی ایکسپو 2027 اور میٹرو اینڈ اربن ماس ٹرانزٹ ایکسپو 2027 منعقد ہوں گے۔ دونوں مقامات پر ریاستوں اور وزارتوں کی شرکت، کانفرنسوں، خصوصی پویلینز اور تجرباتی زونز، نئے کاروباری اداروں کی نمائش، اجلاسوں، ذرائع ابلاغ کے لیے سہولتوں اور نقل و حرکت سے متعلق دیگر نمائشوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
بھارت موبلٹی کے تحت ان متنوع شعبوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے سے نمائش کے شوقین افراداور صنعت سے وابستہ متعلقہ فریقوں کو نقل و حرکت کے پورے نظام کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملے گا، جس میں گاڑیوں، پرزہ جات اور مواد سے لے کر سافٹ ویئر، بیٹریوں، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، بنیادی ڈھانچے اور مستقبل کی نقل و حرکت کے حل تک تمام پہلو شامل ہوں گے۔
سال 2027 کے ایڈیشن میں نقل و حرکت کے مستقبل کی تشکیل کرنے والی ٹیکنالوجیز پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جن میں برقی کاری، بیٹری اور توانائی ذخیرہ کرنے کی جدید ٹیکنالوجیز، باہم مربوط اور سافٹ ویئر کے ذریعے کنٹرول ہونے والی گاڑیاں، مصنوعی ذہانت، خودکار نظام، جدید مینوفیکچرنگ، پائیدار مواد اور نقل و حرکت کے ابھرتے ہوئے نئے حل شامل ہیں۔
نمائش کے علاوہ بھارت موبلٹی گلوبل ایکسپو 2027 معلومات کے تبادلے اور کاروباری روابط کو فروغ دینے کے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر بھی اپنا کردار جاری رکھے گا۔ اس نمائش میں کانفرنسوں، قائدانہ اجلاسوں، پالیسی سے متعلق مباحثوں، مصنوعات کی رونمائی، ٹیکنالوجی کے عملی مظاہروں، خریداروں اور فروخت کنندگان کی ملاقاتوں اور کاروباری اداروں و حکومتی اداروں کے درمیان روابط (بی ٹو بی/بی ٹو جی) کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں ہندوستان اور دنیا بھر کے ماہرین اور فیصلہ ساز شرکت کریں گے۔
چھوٹی، بہت چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایم ایس ایم ایز)، نئے کاروباری اداروں اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی شرکت بڑھانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ بی ایم جی ای ان اداروں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے، عالمی سطح پر اصل سازوسامان تیار کرنے والی کمپنیوں (او ای ایمز) اور ٹیکنالوجی کے سرکردہ اداروں سے روابط قائم کرنے، ممکنہ شراکت داری کے امکانات تلاش کرنے اور ملکی و بین الاقوامی سطح پر کاروبار کے نئے مواقع حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ مختلف ملکوں کے پویلینز اور بین الاقوامی مندوبین کی شرکت بھی اس پروگرام کی ایک اہم خصوصیت ہوگی۔
یہ نمائش مرکزی وزارتوں، ریاستی حکومتوں، جانچ اور تصدیق کرنے والے اداروں، تحقیقی اداروں اور نقل و حرکت کے نظام سے وابستہ دیگر متعلقہ فریقوں کو بھی ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرے گی، جہاں وہ ہندوستان میں تیزی سے بدلتے ہوئے نقل و حرکت کے منظرنامے سے متعلق اپنے اقدامات، پالیسیوں، بنیادی ڈھانچے کی صلاحیتوں اور پروگراموں کو پیش کر سکیں گے۔
بھارت موبلٹی گلوبل ایکسپو کو حکومت اور صنعت کے درمیان قریبی اشتراک سے فروغ دیا جا رہا ہے، جس میں نقل و حرکت کے نظام کے مختلف شعبوں کی نمائندگی کرنے والی صنعت کی سرکردہ انجمنیں بھی شرکت کر رہی ہیں۔
اس نمائش کے انعقاد سے متعلق ابتدائی تقریب میں حکومت کے سینئر عہدیداروں، معاون وزارتوں کے نمائندوں، صنعتی انجمنوں، آٹوموبائل اور نقل و حرکت کے شعبے کے رہنماؤں، بیرونی ممالک کے سفارتی مشنوں اور سفارت خانوں کے نمائندوں، علمی شراکت داروں اور دیگر اہم متعلقہ فریقوں نے شرکت کی۔
اپنے وسیع تر پیمانے، مختلف شعبوں کی بڑھتی ہوئی شمولیت اور بین الاقوامی شرکت میں اضافے کے ساتھ، بھارت موبلٹی گلوبل ایکسپو 2027 کا مقصد ہندوستان کو نقل و حرکت کے شعبے میں مینوفیکچرنگ، اختراع، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے ایک اہم عالمی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس کا مقصد بی ایم جی ای کی حیثیت کو دنیا کے سرکردہ نقل و حرکت پلیٹ فارمز میں مزید مستحکم کرنا بھی ہے۔
بھارت موبلٹی گلوبل ایکسپو 2027 کے بارے میں مزید معلومات کے لیے برائے مہربانی www.bharat-mobility.com رابطہ کریں۔
*****
ش ح ۔م ع ن۔ ن م
U. No.7480