پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 NOV 2026 7:27PM by PIB Delhi
حکومت ہند کی وزارت سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے زیر اہتمام قومی دارالحکومت میں واقع دلی ہاٹ، آئی این اے میں جاری 15 روزہ شلپ سماگم میلہ 2026، بھارت کی زر خیز روایتی دستکاری، ثقافتی ورثے اور کاروباری جذبے کو بڑھاوا دینے والا ایک متحرک پلیٹ فارم بن کر ابھرا ہے۔

یہ میلہ 15 نومبر 2026 تک جاری رہے گا، جس سے درج فہرست ذاتوں، دیگر پسماندہ طبقات، صفائی کرمچاریوں اور معذور افراد سے تعلق رکھنے والے دست کاروں اور مستفیدین کو اپنی مصنوعات کی نمائش کرنے اور انہیں وسیع تر صارفین تک پہنچانے کے ساتھ ان کی فروخت کا موقع فراہم ہو رہا ہے۔

وزارت 2022 سے شلپ سماگم میلوں کا انعقاد کر رہی ہے۔ ان میلوں کے ذریعے درج فہرست ذاتوں، دیگر پسماندہ طبقات اور صفائی کرمچاری برادریوں سے تعلق رکھنے والے 1,000 سے زائد دست کاروں کو اپنی مصنوعات کی نمائش اور فروخت کے مواقع سے فائدہ پہنچا ہے۔

اس پہل کا مقصد خود روزگاری کو فروغ دینا، کاروباری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور مستفید ہونے والی برادریوں کو سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

’’پرکاش اور پرمپرا – جیوتی سے جیوتی جلائیں‘‘ (روشنی اور روایت – ایک چراغ سے دوسرا چراغ روشن کریں) کے موضوع پر منعقدہ دو ہفتوں پر مشتمل اس میلے میں سات الگ الگ موضوعاتی زونز کے ذریعے بھارت کے مالامال ثقافتی ورثے اور روایتی دستکاری کو یکجا کیا گیا ہے۔ ان زون میں کلا آنگن، پرکاش چوک، پوجا پتھ، سجاوٹ بازار، گھرانہ، سواد چوک اور منچ شامل ہیں، جو زائرین کو بھارت کے فنون، ثقافت اور کھانوں کے تنوع کا ایک جامع تجربہ فراہم کرتے ہیں۔
وزارت کے ایک سینیئر عہدیدار نے بتایا کہ میلے کے آغاز سے ہی اس میں حوصلہ افزا فروخت دیکھنے میں آئی ہے، جو زائرین کے پُرجوش ردعمل اور مستفید ہونے والی برادریوں کے دست کاروں کی تیار کردہ مصنوعات کے لیے بڑھتی ہوئی پسندیدگی کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس میلے میں شرکت کرنے والی چار کارپوریشنوں، یعنی نیشنل شیڈیولڈ کاسٹس فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس ایف ڈی سی)، نیشنل بیک ورڈ کلاسز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این بی سی ایف ڈی سی)، نیشنل صفائی کرمچاریز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس کے ایف ڈی سی) اور نیشنل دیویانگ جن فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ڈی ایف ڈی سی) نے یکم نومبر سے 9 نومبر 2026 کے درمیان مجموعی طور پر تقریباً 64.52 لاکھ روپے کی فروخت درج کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فروخت کے یہ اعداد و شمار میلے میں پیش کی گئی مصنوعات کے تئیں صارفین کے مثبت ردعمل اور اس میں شرکت کرنے والے دست کاروں کے لیے مارکیٹ کے بڑھتے ہوئے مواقع کی عکاسی کرتے ہیں۔

وزارت مستفیدین کو مفت اسٹال، سفری اخراجات، یومیہ الاؤنس اور ان کے سامان کی نقل و حمل کی سہولیات فراہم کرکے ان کی شرکت کو آسان بناتی ہے۔ امداد کے یہ اقدامات دست کاروں کو رسد اور مالی وسائل سے متعلق رکاوٹوں پر قابو پانے میں مدد دیتے ہیں اور ساتھ ہی انہیں نئی منڈیوں اور صارفین تک رسائی کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔
اس میلے میں 130 سے زائد اسٹال کے ذریعے مختلف اقسام کی دستکاری کی اشیاء، ہینڈلوم مصنوعات، روایتی ٹیکسٹائل، تہواروں کی سجاوٹ کا سامان، چراغ، گھریلو آرائش کی اشیاء اور دیگر مقامی مصنوعات کی نمائش کی جا رہی ہے۔

یہ نمائش دست کاروں اور مستفیدین کو صارفین سے براہ راست رابطہ قائم کرنے، اپنی مصنوعات کی مارکیٹ تک رسائی بڑھانے اور اپنی کاروباری صلاحیتوں کو مستحکم کرنے کے لیے ایک آسان اور قابل رسائی مارکیٹنگ پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔
یہ میلہ بھارت ٹیولپ جیسے اقدامات کے ذریعے بھی دست کاروں کو اپنی مصنوعات کی مارکیٹ تک رسائی بڑھانے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ یہ پہل دست کاروں کو ای کامرس پلیٹ فارمز سے جوڑتی ہے۔ اسی طرح پرپل فیسٹ معذور افراد کی تخلیقی صلاحیتوں اور استعداد کا جشن منانے کے ساتھ شمولیت اور مساوی مواقع کو فروغ دیتا ہے۔

سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار، سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے وزیر مملکت جناب رام داس اٹھاولے، امورِ صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزیر مملکت محترمہ نیموبین جینتی بھائی بمبھانیہ اور وزارت سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے سکریٹری جناب سدھانش پنت نے دیگر سینیئر عہدیداروں کے ہمراہ اس میلے کا دورہ کیا۔

اپنے دوروں کے دوران معزز شخصیات نے نمائش کے اسٹالوں کا معائنہ کیا، روایتی دستکاری کو سراہا اور شرکت کرنے والے دست کاروں سے تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پسماندہ طبقات کی شمولیت پر مبنی کاروباری سرگرمیوں، معاشی خودمختاری اور روزگار کے پائیدار مواقع کو فروغ دینے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

میلے کی ایک اہم کشش منچ پر ہر شام منعقد ہونے والے ثقافتی پروگراموں اور سرگرمیوں کا سلسلہ ہے۔ مختلف ریاستوں کے فن کار اور فن کاروں کی ٹیمیں یکجا ہوکر رنگا رنگ لوک رقص، روایتی موسیقی اور علاقائی فنون کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ یہ پیشکشیں ناظرین کو ایک ہی پلیٹ فارم پر بھارت کے کثیر جہتی ثقافتی اظہار کی جھلک دکھاتی ہیں، جس سے میلے کا ماحول جشن و مسرت سے سرشار ہوجاتا ہے اور مختلف خطوں کے درمیان ثقافتی تبادلے کو فروغ ملتا ہے۔





شہری، خاندان اور نوجوان زائرین روایتی مصنوعات کی متنوع اقسام کو دیکھنے، شرکت کرنے والے دست کاروں کے ہنر اور دستکاری کو سراہنے اور کاروباری سرگرمیوں، معاشی خودمختاری اور خود انحصاری کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کی حمایت کرنے کی غرض سے پُرجوش انداز میں میلے کا رخ کر رہے ہیں۔



عام زائرین میلے کے رنگا رنگ ماحول سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور ہندوستان کے زر خیز ثقافتی ورثے کا تجربہ حاصل کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ ایک جامع اور خود کفیل ہندوستان کے تصور کو حقیقت میں ڈھالنے میں اپنا تعاون پیش کرنے والے دست کاروں اور کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی بھی کر رہے ہیں۔
***
ش ح۔ ف ش ع
U: 7474