پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 NOV 2026 6:30PM by PIB Delhi
حکومت ہند کی جانب سے طبی آلات کی گھریلو تیاری کو فروغ دینے کی پروڈکشن لنکڈ انسینٹیو (پی ایل آئی) اسکیم کے تحت نئی درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ اس اسکیم کی مدت اب بڑھا کر 2035-36 تک کر دی گئی ہے۔ اسکیم کے تحت دستیاب تقریباً 2700 کروڑ روپے کے مجموعی مالیاتی مختص رقم کو اس مقصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ درخواست دہندگان آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواستیں جمع کرا سکیں گے، جو آئندہ 10 دنوں میں فعال ہو جائے گا۔
سال 2021-22 میں شروع کی گئی پی ایل آئی-ایم ڈی اسکیم کے نتیجے میں اب تک 60 سے زائد اعلیٰ درجے کے طبی آلات اور ان کے اجزا کی ملک میں تیاری شروع ہو چکی ہے۔ ان میں ایکس رے ٹیوبیں اور ڈیٹیکٹر، 1.5 ٹیسلا ایم آر آئی، لینیئر ایکسیلیریٹر (ایل آئی این اے سی)، سی ٹی اسکینر، میموگرافی مشینیں، کیتھ لیب، ہڈیوں اور قلبی امراض کے علاج میں استعمال ہونے والے امپلانٹس، ڈائیلائزر وغیرہ شامل ہیں۔ اس اسکیم کے تحت اب تک 16,000 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کی پیداوار حاصل کی جا چکی ہے۔
اسکیم کے پہلے مرحلے کے تجربات اور حاصل شدہ اسباق کی بنیاد پر درخواست دہندگان کے لیے اہلیت کی شرائط اور ترغیبی رقم کے دعوے کے طریقۂ کار میں متعدد آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔
درخواست دہندگان کو چار ہدفی زمروں (ٹی ایس) میں سے کسی ایک میں اپنی مینوفیکچرنگ سہولیات قائم کرنے کے لیے تین سال کی مدت دی جائے گی۔ یہ چار زمرے یہ ہیں: ہدفی زمرہ 1 (ٹی ایس 1): طبی استعمال کی اشیا، ڈسپوزیبل مصنوعات اور امپلانٹ، ہدفی زمرہ 2 (ٹی ایس 2): اہم اجزا، ہدفی زمرہ 3 (ٹی ایس 3): اعلیٰ درجے کے طبی آلات جن کی ملک میں تیاری فی الحال ابتدائی مرحلے میں ہے، ہدفی زمرہ 4 (ٹی ایس 4): اعلیٰ درجے کے طبی آلات جن کی ملک میں فی الحال صرف اسمبلی کی جاتی ہے۔
مرحلہ وار کم ہوتی ہوئی ترغیبی شرح اوسطاً ٹی ایس 1 کے لیے تقریباً 5 فیصد، ٹی ایس 2 اور ٹی ایس 3 کے لیے تقریباً 9 فیصد اور ٹی ایس 4 کے لیے 6 فیصد ہوگی۔ طبی استعمال کی اشیاء اور ڈسپوزیبل مصنوعات کے زمرے میں بڑے پیمانے پر پیداواری صلاحیت اور عالمی معیار کے مطابق معیاری مصنوعات کی تیاری پر توجہ دی جائے گی۔ ٹی ایس 3 اور ٹی ایس 4 زمروں میں ویلیو چین کے انضمام کو ترجیح دی جائے گی تاکہ بھارت میں تیار کردہ طبی آلات کی مجموعی مسابقت اور معیار میں اضافہ ہو سکے۔ اسکیم کے تحت اہم اجزا کی تیاری پر خصوصی توجہ دینے سے ویلیو چین کے انضمام کے مقصد کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور ایم ایس ایم ای شعبے کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
اسکیم کے تحت ترغیبی رقم کے حصول کے لیے کم از کم فروخت کی حد کی شرط ختم کر دی گئی ہے، جبکہ کم از کم سرمایہ کاری کی لازمی شرط میں بھی تخفیف کی گئی ہے۔ کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینے کے لیے اسکیم کے رہنما خطوط کو مزید آسان اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار بنایا گیا ہے۔ درخواست دہندگان ایک یا ایک سے زیادہ ہدفی زمروں میں اپنی مرضی کے مطابق متعدد درخواستیں جمع کرا سکیں گے اور درخواستیں جمع کرانے کا پورٹل طویل مدت تک مسلسل کھلا رہے گا۔
پی ایل آئی-ایم ڈی 2.0 کا مقصد آتم نربھر بھارت اور میک ان انڈیا کے وژن کو پورا کرنا، مقامی سپلائی چین کو فروغ دینا، سرمایہ کاری کو راغب کرنا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا، بھارت میں تیار کردہ طبی آلات کے معیار کو بہتر بنانا، طبی آلات کی قیمتوں میں کمی لانا اور اعلیٰ درجے کی طبی ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھارت کی عالمی مسابقت کو بڑھانا ہے۔
اس اسکیم کا بنیادی مقصد طبی آلات کی تیاری میں گہرائی اور وسعت پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ درجے کے طبی آلات کی تیاری کو فروغ دینا ہے۔ ان میں 3 ٹیسلا ایم آر آئی، پی ای ٹی-سی ٹی، الٹراساؤنڈ پروب اور کنسول، زیادہ استعداد والے آئی وی ڈی اینالائزر وغیرہ شامل ہیں، جنہیں فی الحال ملک میں تیار نہیں کیا جا رہا ہے۔
*****
ش ح۔ ف ش ع
U: 7470