پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 NOV 2026 6:05PM by PIB Delhi
پردھان منتری سواستھیہ سرکشا یوجنا (پی ایم ایس ایس وائی) کے تحت قائم کیے گئے نئے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں 22-2021 سے شروع ہونے والے پانچ سالہ عرصے کے دوران 31 اکتوبر 2026 تک بیرونی مریضوں کے شعبے (او پی ڈی) میں مجموعی طور پر 6 کروڑ سے زائد مریضوں کی دیکھ بھال اور تشخیص کی گئی ہے۔ یہ کامیابی ان اداروں کی بڑھتی ہوئی رسائی اور ملک بھر کے لوگوں کو اعلیٰ سطح کی خصوصی طبی سہولیات ان کے قریب فراہم کرنے میں ان کے کردار کی عکاسی کرتی ہے۔
حکومتِ ہند پی ایم ایس ایس وائی کے تحت آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے نیٹ ورک کو وسعت دے رہی ہے تاکہ معیاری اور قابلِ اعتماد اعلیٰ سطح کی طبی سہولیات کی دستیابی کے معاملے میں علاقائی تفاوت کو دور کیا جا سکے۔ اس پہل کا مقصد خصوصی طبی خدمات کی توسیع کے ساتھ ساتھ ملک میں طبی تعلیم اور تحقیق کے نظام کو بھی مضبوط بنانا ہے۔
پی ایم ایس ایس وائی کے تحت مختلف مراحل میں منظور کیے گئے 22 نئے ایمس میں سے 18 مکمل طور پر فعال ہیں۔ یہ ادارے بیرونی مریضوں کے شعبے (او پی ڈی) اور داخل مریضوں کے شعبے (آئی پی ڈی) میں علاج، ہنگامی اور حادثاتی طبی خدمات، تشخیصی سہولیات، طبی تعلیم اور تحقیق سمیت مختلف خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
ان اداروں سے استفادہ کرنے والوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کا اندازہ سال کے لحاظ سے او پی ڈی کے اعداد و شمار سے لگایا جا سکتا ہے۔ بیرونی مریضوں کے شعبے میں معائنے کی تعداد 22-2021 میں 50.03 لاکھ سے بڑھ کر 23-2022 میں 77.95 لاکھ اور 24-2023 میں 100.52 لاکھ ہو گئی۔ یہ تعداد 25-2024 میں 129.98 لاکھ اور 26-2025 میں 144.96 لاکھ تک پہنچ گئی۔ 27-2026 کے دوران اکتوبر 2026 تک نئے ایمس میں او پی ڈی کے تحت 97.41 لاکھ مریضوں کا معائنہ کیا گیا۔ ان تمام برسوں کے اعداد و شمار کو ملا کر مریضوں کے معائنے اور تشخیص کی مجموعی تعداد تقریباً 6.01 کروڑ بنتی ہے۔
نئے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) نے انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور نرسنگ کی تعلیم کے مواقع میں بھی اضافہ کیا ہے، دریں اثنا، خصوصی طبی سہولیات اور جدید طبی خدمات کو فروغ دیا ہے۔ یہ ادارے مجموعی طور پر بھارت میں طبی تعلیم اور تحقیق کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
***
ش ح۔ م م ع ۔ا ک م
7465:U-No