پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 NOV 2026 5:24PM by PIB Delhi
سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) نیز وزیر اعظم کے دفتر، عملہ، عوامی شکایات اور پنشن، محکمہ جوہری توانائی اور محکمہ خلاء کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج بایوٹیکنالوجی ریسرچ اینڈ انوویشن کونسل (بی آر آئی سی) کے تیسرے یومِ تاسیس کے موقع پر، جو بی آر آئی سی-نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف امیونولوجی (این آئی آئی) میں منعقد ہوا، خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں حیاتیاتی ٹیکنالوجی پر مبنی اگلے صنعتی انقلاب کی قیادت کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے سائنسی اداروں کے درمیان مزید گہرے تال میل اور ہندوستان کے حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے نظام میں صنعتوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت پر زور دیا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ حکومت نے مختلف اداروں کے درمیان الگ تھلگ کام کرنے کے رجحان کو ختم کرنے اور باہمی تال میل کو بہتر بنانے کے لیے سائنسی اداروں کے انضمام کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ وزیر موصوف نے بی آر آئی سی کو ایک ’’مشترکہ خاندان‘‘ قرار دیا، جہاں ادارے اپنی شناخت، آزادی اور خودمختاری برقرار رکھتے ہوئے وسائل کو مشترکہ طور پر بروئے کار لاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس انتظام سے متعدد ڈائریکٹوریٹ اور منظوریوں سے وابستہ طریقۂ کار میں ہونے والی تاخیر کم ہوئی ہے اور سائنسی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ دیگر محکموں اور وزارتوں نے بھی اس ماڈل کو اپنایا ہے۔
اس شعبے کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے وقت ہندوستان کی حیاتیاتی معیشت کا حجم تقریباً 10 ارب امریکی ڈالر تھا، جو اب بڑھ کر 195 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے نئے کاروباری اداروں کی تعداد بھی تقریباً 50 سے 60 سے بڑھ کر 11 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے، جن میں سے کئی اداروں میں عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ وزیر موصوف نے حیاتیاتی پیداوار کے مراکز، بایو فاؤنڈریز اور مصنوعی ذہانت سے مربوط حیاتیاتی پیداوار کے ذریعے اعلیٰ صلاحیت کی حامل پیداواری سرگرمیوں کو مضبوط بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے موہالی، حیدرآباد، پونے اور ترواننت پورم میں قائم بایو فاؤنڈری مراکز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کے سینٹر فار پروسیس انوویشن کے ساتھ تعاون سمیت بین الاقوامی شراکت داریاں اس شعبے میں مزید پیش رفت میں معاون ثابت ہوں گی۔
وزیر موصوف نے کہا کہ جینومکس کے مرکزِ امتیاز نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) سمیت متعدد طبی اداروں کی توجہ حاصل کی ہے۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ جینومکس درست اور انفرادی ضرورت کے مطابق علاج (پریسیژن میڈیسن) کی جانب پیش رفت میں معاون ثابت ہو سکتا ہے اور مختلف اداروں نے اس طریقۂ علاج کو اپنانے اور باہمی تعاون کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔ ڈاکٹر سنگھ نے آئی تھری سی پی ایچ ڈی پروگرام کا بھی ذکر کیا، جو محققین کو تحقیق میں پوری طرح مشغول ہونے، اختراعات کرنے اور باہمی تعاون کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ اس کے تحت صحت اور زراعت کے شعبوں میں عملی تربیت اور تقرریوں کے مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام سے تقریباً 200 طلبہ مستفید ہو چکے ہیں۔
ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے یومِ آزادی کے موقع پر نوجوانوں سے حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئے مواقع تلاش کرنے کی اپیل سے اس شعبے میں جوش و خروش پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے اسکول کے طلبہ اور عام لوگوں کے لیے شروع کیے گئے بیداری پروگراموں کا بھی ذکر کیا اور یاد دلایا کہ انہوں نے لڑکیوں کو سائنس کے شعبے میں آگے بڑھنے کی ترغیب دینے کے لیے ایک مخصوص رہنمائی پروگرام شروع کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مزید کہا کہ حکومت سائنس اور تحقیق کے شعبے میں نجی شعبے کی شمولیت کے مزید مواقع فراہم کر رہی ہے اور اس سلسلے میں جوہری توانائی کے شعبے میں کی گئی اصلاحات کے تجربات سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ریسرچ، ڈیولپمنٹ اینڈ انوویشن فنڈ، انوسندھان نیشنل ریسرچ فاؤنڈیشن اور بائریک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب تحقیق اور اختراع کے وسیع تر نظام کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو اگلے صنعتی انقلاب کا مرکز ہونا چاہیے، جس کی بنیاد حیاتیاتی ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور جینومکس پر استوار ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے صنعتی انقلابات پہلے دنیا کے دیگر حصوں میں رونما ہوئے اور ہندوستان نے بعد میں ان کی ٹیکنالوجیز اپنائیں، لیکن اب ہندوستانی حیاتیاتی ٹیکنالوجی برادری کے پاس اگلے صنعتی انقلاب میں پیش پیش رہنے کا موقع موجود ہے۔
تقریب کے دوران ویلکم ٹرسٹ نے 250 سے زائد آئی بی آر آئی سی پلس پی ایچ ڈی محققین کے لیے پانچ سالہ عملی تربیتی پروگرام کی غرض سے 21.7 کروڑ روپے تک کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر بی آر آئی سی اور برطانیہ کے سینٹر فار پروسیس انوویشن کے درمیان ایک رضامندی کے دستاویز پر بھی دستخط کیے گئے، جس کا مقصد حیاتیاتی پیداوار کے شعبے میں ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا اور بایو فاؤنڈریز کی ترقی میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
تقریب میں فیسٹیول آف اسپورٹس کے فاتحین کو اعزاز سے نوازا گیا۔ آئی بی آر آئی سی پلس اسپاٹ لائٹ سائنٹسٹ آف دی ایئر 2026 کے اعزازات بی آر آئی سی-انسٹیم کے ڈاکٹر سنیل لکشمن، بی آر آئی سی-سی ڈی ایف ڈی کی ڈاکٹر رشنا بھنڈاری اور بی آر آئی سی-ٹی ایچ ایس ٹی آئی کے پروفیسر ڈاکٹر بھباتوش داس کو پیش کیے گئے۔
محکمہ حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے سکریٹری اور بی آر آئی سی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر راجیش ایس گوکھلے نے اس موقع پر کہا کہ بی آر آئی سی کا بنیادی مقصد انفرادی اداروں کی محدود سطح پر نمایاں کارکردگی سے آگے بڑھتے ہوئے 11 شہروں میں واقع ہندوستان کے 13 ممتاز حیاتیاتی ٹیکنالوجی اداروں کو ایک غیر مرکزیت پر مبنی قومی نیٹ ورک میں یکجا کرنا ہے۔ افراد، ثقافت، اعتماد اور وسائل کی تقسیم کے بنیادی ستونوں پر قائم یہ کونسل ایک مختصر اور مؤثر سکریٹریٹ کے ساتھ آئی تھری سی پی ایچ ڈی نصاب اور بی آر آئی سی-بائریک کے کاروباری اقدامات جیسی عملی پہل کے ذریعے تجربہ گاہوں میں ہونے والی اختراعات کو بازار کی ضروریات سے جوڑنے، خود کفیل ٹیکنالوجیز کو فروغ دینے، غذائی اور صحت کے تحفظ کو مضبوط بنانے اور ہندوستان کو عالمی سطح پر حیاتیاتی ٹیکنالوجی کا ایک نمایاں مرکز بنانے کے لیے کوشاں ہے، تاکہ معیشت اور معاشرے پر دیرپا مثبت اثرات مرتب کیے جا سکیں۔
اس تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) ڈاکٹر مادھوری کنیٹکر، رکن، وزیر اعظم کی سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراعی مشاورتی کونسل (پی ایم-ایس ٹی آئی اے سی) اور سابق وائس چانسلر، مہاراشٹر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز؛ محترمہ ایکتا وشنوئی (آئی آر ایس)، جوائنٹ سکریٹری (انتظامیہ)، محکمہ حیاتیاتی ٹیکنالوجی؛ اور ڈاکٹر پشکر شرما، ڈائریکٹر، بی آر آئی سی-این آئی آئی بھی موجود تھے۔




***
ش ح۔ع و ۔م ذ
U.No: 7461