پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 NOV 2026 10:06AM by PIB Delhi
ہندوستان کو وسیع اور متنوع سمندری وسائل سے نوازا گیا ہے، جسے تقریباً 11,099 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی اور تقریباً 24 لاکھ مربع کلومیٹر پر محیط خصوصی اقتصادی زون کی حمایت حاصل ہے۔ اپنے خصوصی اقتصادی زون میں 58.6 لاکھ میٹرک ٹن کی تخمینہ شدہ سمندری ماہی گیری کی صلاحیت کے ساتھ یہ شعبہ تقریباً 50 لاکھ ماہی گیروں کے روزگار کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جبکہ غذائی تحفظ، تغذیہ، روزگار کے مواقع، آمدنی میں اضافے اور برآمدات سے حاصل ہونے والی آمدنی میں بھی نمایاں تعاون کرتا ہے۔آج ہندوستان دنیا بھر میں ماہی گیری اور آبی زراعت کی پیداوار کرنے والے سرکردہ ممالک میں شامل ہے۔ مالی سال26-2025 کے دوران سمندری خوراک کی برآمدات کی مالیت تقریباً 73,890 کروڑ روپے رہی، جو قومی معیشت اور عالمی سمندری خوراک کی تجارت میں اس شعبے کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔ہندوستان کا ماہی گیری کا شعبہ محض پیداوار پر مرکوز سرگرمی سے آگے بڑھ کر قومی معیشت کے ایک متحرک، ٹیکنالوجی پر مبنی اور قدر افزائی کرنے والے اہم ستون کی شکل اختیار کر رہا ہے۔ 2015 سے حکومت ہند نے اہم اسکیموں اور پروگراموں کے ذریعے اس شعبے میں سرکاری سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ کیا ہے اور اس مقصد کے لیے 39,272 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔

پردھان منتری متسیہ سمپدا یوجنا(پی ایم ایم ایس وائی) کے تحت جزیرہ جاتی علاقوں میں ماہی گیری کی ترقی کو مستحکم بنانے کے لیے خاطر خواہ سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ انڈمان و نکوبار جزائر کے لیے 218 ؍کروڑ روپے کی سرمایہ کاری مختص کی گئی ہے، جبکہ لکشدیپ کے لیے 175 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ یہ سرمایہ کاری ان اہم سمندری خطوں میں ماہی گیری کے امکانات سے بھرپور استفادہ کرنے کے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
جزائر پر مرکوز ماہی گیری کی ترقی کو ترجیح دینے کا یہ پہلو مرکزی بجٹ 26-2025میں بھی نمایاں طور پر سامنے آیا، جس میں خصوصی اقتصادی زون اور کھلے سمندروں (High Seas) سے ماہی گیری کے وسائل کے پائیدار استعمال کے لیے ایک سازگار لائحہ عمل پیش کیا گیا، جس میں لکشدیپ اور انڈمان و نکوبار جزائر پر خصوصی توجہ دی گئی۔ یہ ترجیح ہندوستان کے خصوصی اقتصادی زون اور اس سے متصل کھلے سمندروں میں ماہی گیری کے کم استعمال ہونے والے سمندری وسائل تک رسائی کے حوالے سے ان جزیرہ جاتی علاقوں کی تزویراتی اہمیت کے واضح اعتراف کی عکاسی کرتی ہے، جبکہ مستقبل میں اس شعبے کی توسیع کے لیے پائیداری اور سائنسی انتظام کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔
لکشدیپ اور انڈمان و نکوبار جزائر ہندوستان کے سمندری جغرافیے میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں۔ یہ دونوں جزیرہ جاتی گروپ مل کر ملک کے خصوصی اقتصادی زون کا تقریباً 40 فیصد حصہ تشکیل دیتے ہیں اور بحیرۂ عرب اور خلیج بنگال میں ہندوستان کی موجودگی کو وسعت دیتے ہیں۔ انہیں سمندر کے سمندر حیات سے مالا مال علاقوں اور ٹونا مچھلی کی نقل مکانی کے اہم راستوں تک رسائی حاصل ہے۔لکشدیپ کے سمندری جھیل نما علاقے، مرجانی چٹانیں اور گرد و نواح کے گہرے سمندری پانی ٹونا مچھلی کی ماہی گیری، سمندری گھاس کی کاشت اور مرجانی چٹانوں پر مبنی ذرائع معاش کے لیے سازگار حالات فراہم کرتے ہیں۔ اسی طرح انڈمان و نکوبار جزائر اپنی وسیع ساحلی پٹی، متنوع سمندری مساکن اور جنوب مشرقی ایشیا کے سمندری تجارتی راستوں سے قربت کے باعث پائیدار ماہی گیری، سمندری آبی زراعت اور قدر افزائی شدہ سمندری خوراک کی پیداوار کو وسعت دینے کے یکساں مواقع فراہم کرتے ہیں۔ان جزائر کی ماحولیاتی دولت اور تزویراتی محل وقوع انہیں ہندوستان کی جانب سے ماہی گیری کی زیادہ متنوع اور سمندر پر مبنی معیشت کی تشکیل کی کوششوں میں مرکزی اہمیت کا حامل بناتے ہیں۔

اعلیٰ قدر والی سمندری ماہی گیری کے لیے حکومت کےمنصوبہ بندی پر مبنی لائحہ عمل میں ٹونا کی ترقی کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ لکشدیپ اور انڈمان و نکوبار جزائر کے گرد و نواح کے سمندری پانی میں یلو فن، اسکیپ جیک اور بگ آئی ٹونا مچھلیوں کے وافر تعداد موجود ہیں، جن سے اب تک پوری طرح استفادہ نہیں کیا جا سکا ہے۔ یہ ذخائر پائیدار اور برآمدات پر مبنی ماہی گیری کے فروغ کے وسیع امکانات فراہم کرتے ہیں۔ حکومت جدید گہرے سمندر میں ماہی گیری کرنے والے جہازوں، ہُک اینڈ لائن اور پول اینڈ لائن جیسے منتخب ماہی گیری کے طریقوں، جہازوں پر ہی مچھلیوں کو بہتر انداز میں محفوظ رکھنے، کولڈ چین کی توسیع، پروسیسنگ اور کیننگ کی سہولتوں اور مؤثر برآمدی روابط پر مشتمل سائنسی بنیادوں اور ویلیو چین پر مبنی حکمت عملی کو آگے بڑھا رہی ہے۔لکشدیپ میں پانچ سالہ منصوبے کے تحت ٹونا کی پیداوار کو دوگنا کرکے 50,000 ٹن تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے گہرے سمندر میں ماہی گیری کرنے والے جہازوں اور مدر ویسلز کی شمولیت کے ساتھ جزائر میں رائج روایتی اور ماحول دوست پول اینڈ لائن ماہی گیری کے طریقے کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔ انڈمان و نکوبار جزائر میں پی ایم ایم ایس وائی(پی ایم ایم ایس وائی) کے تحت ایک مخصوص ٹونا کلسٹر کے ذریعے ماہی گیری کے بیڑے کو جدید بنانے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے۔ اس میں نئے جہازوں کی شمولیت، ماہی گیری کے موجودہ بیڑے کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور کولڈ اسٹوریج کی گنجائش میں اضافہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ، ایم پی ای ڈی اے کی مضبوط ہوتی ہوئی موجودگی سے منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے اور جزائر سے براہ راست برآمدات کو آسان بنانے کی توقع ہے۔
ٹونا کی ویلیو چین کی ترقی کے علاوہ حکومت جزائر کی معیشت کے معاون ستونوں کے طور پر سمندری گھاس اور آرائشی مچھلیوں کی ماہی گیری کو بھی فروغ دے رہی ہے، تاکہ ماہی گیری کی ترقی کے ماڈل کو صرف روایتی شکار پر مبنی ماہی گیری تک محدود رکھنے کے بجائے اسے مزید وسعت دی جا سکے۔ لکشدیپ کے صاف ستھرے سمندری جھیل نما علاقے اور انڈمان و نکوبار جزائر کے مرجانی چٹانوں سے مالا مال ماحولیاتی نظام پائیدار طریقے سے سمندری گھاس کی کاشت کے لیے سازگار حالات فراہم کرتے ہیں۔ اس کے استعمال کے امکانات خوراک، غذائی و صحت بخش مصنوعات، کاسمیٹکس، ادویات اور حیاتیاتی صنعتی مصنوعات سمیت مختلف شعبوں میں موجود ہیں۔لکشدیپ کو ایک مخصوص سمندری گھاس کلسٹر کے طور پر نشان زد کیے جانے کے بعد مجوزہ لائحہ عمل میں بڑے پیمانے پر کاشت، بیج بینکوں، ہیچریوں کے قیام اور صلاحیت سازی کے ذریعے سمندری گھاس کی ایک قابلِ اعتماد ویلیو چین تیار کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔آرائشی مچھلیوں کی ماہی گیری بھی اعلیٰ قدر کے ایک اور اہم موقع کے طور پر سامنے آئی ہے، بالخصوص لکشدیپ میں، جہاں مرجانی چٹانوں سے وابستہ آرائشی مچھلیوں کی 300 سے زائد اقسام پائی جاتی ہیں۔ منصوبہ بندی کے تحت اس علاقے میں درمیانے پیمانے پر افزائش کے یونٹس قائم کرنے، تحفظ پر مبنی اور ضابطہ بند طریقے سے مچھلیاں جمع کرنے کے عمل کو فروغ دینے اور پائیدار طریقے سے حاصل کی جانے والی ایکویریم مچھلیوں کے لیے منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اس طرح نازک سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے جزیرہ جاتی برادریوں کے لیے روزگار اور ذرائع معاش کے متنوع مواقع پیدا کیے جا سکیں گے۔
ترقی کے ان نئے ابھرتے ہوئے شعبوں کو فروغ دینے کے لیے جزیرہ جاتی علاقوں میں ماہی گیری کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانا حکومت کی حکمت عملی کا ایک اہم جزو بن گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ویلیو چین کے مختلف مراحل سے متعلق سہولتوں پر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، جن میں مچھلی اتارنے کے مراکز، برف تیار کرنے کے کارخانے، کولڈ چین نیٹ ورکس، جہازوں پر مچھلیوں کو محفوظ رکھنے کے نظام، مچھلیوں کو ایک مقام پر جمع کرنے والے آلات، کشتی سازی کے کارخانے، قدر افزائی کے یونٹس اور برآمدات کو آسان بنانے کے لیے درکار نظام شامل ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد مقامی صلاحیتوں کو فروغ دینا، ماہی گیری کے بعد ہونے والے نقصانات کو کم کرنا اور جزائر میں قائم ماہی گیری کے شعبے کو ملکی اور برآمدی منڈیوں تک رسائی کے لیے بہتر طور پر تیار کرنا ہے۔
مجموعی طور پر یہ اقدامات ہندوستان کے جزیرہ جاتی علاقوں کو زیادہ متنوع اور پائیدار سمندری معیشت کے مرکز میں لانے کی طویل مدتی کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ ٹونا کی ماہی گیری، سمندری گھاس کی کاشت، آرائشی مچھلیوں کی ماہی گیری، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تحقیقی معاونت اور منڈیوں تک رسائی کو باہم مربوط کرتے ہوئے اس حکمت عملی کا مقصد محض قدرتی وسائل کے حصول سے آگے بڑھ کر جزائر کے اندر ہی قدر افزائی کو فروغ دینا ہے۔ اس حکمت عملی کی کامیابی کا انحصار ماحولیاتی تحفظ کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پیداوار میں اضافے کے درمیان توازن برقرار رکھنے اور اس بات کو یقینی بنانے پر ہوگا کہ ماہی گیر، مقامی کاروباری ادارے اور جزیرہ جاتی برادریاں ابھرتی ہوئی ملکی اور برآمدی ویلیو چین میں مؤثر اور بامعنی طور پر حصہ لے سکیں۔
********
ش ح۔ م ع ن۔ ع ر
U-NO-7436