بندرگاہوں، جہازرانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

دلّی  میں جمنا پر پہلی تفریحی بحری سیر کی سروس شروع ہونے جا رہی ہے


مرکزی وزیر سربانند سونووال کل دلّی  کے لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ سندھو اور وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی موجودگی میں اس سروس کا افتتاح کریں گے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 09 NOV 2026 5:11PM by PIB Delhi

جمنا ندی میں تفریحی بحری سیر کی سروس  ( یمنا کروز سروس ) شروع ہونے سے دلّی  کے سیاحتی منظرنامے میں ایک نیا اضافہ ہونے جا رہا ہے۔ بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر سربانند سونووال کل (منگل، 10 نومبر  ، 2026 ء ) دلّی  کے لیفٹیننٹ گورنر سردار ترنجیت سنگھ سندھو اور دلّی  کی وزیر اعلیٰ محترمہ ریکھا گپتا کی موجودگی میں سونیا وہار میں اس سروس کا افتتاح کریں گے۔ جمنا ندی کے سونیا وہار سے جگت پور تک کے حصے میں شروع کی جانے والی اس پہل کا مقصد  ، دریائی سیاحت کو فروغ دینا اور قومی راجدھانی آنے والوں کو تفریح کا ایک نیا تجربہ فراہم کرنا ہے۔

افتتاحی تقریب میں بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے وزیر مملکت جناب شانتنو ٹھاکر اور سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہوں کے وزیر مملکت جناب ہرش ملہوترا بھی موجود ہوں گے۔ دلّی  حکومت کے وزراء، جن میں تعمیراتِ عامہ  کے محکمے اور آبپاشی و سیلاب پر قابو پانے کے وزیر جناب پرویش صاحب سنگھ اور سیاحت کے وزیر جناب کپل مشرا شامل ہیں، بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ ، رکن پارلیمنٹ جناب منوج تیواری اور مرکزی و دلّی  حکومتوں کے اعلیٰ افسران بھی  اس موقع پر موجود ہوں گے۔

قومی آبی گزرگاہوں کے قانون، 2016 کے تحت جمنا ندی کو قومی آبی گزرگاہ-110 قرار دیا گیا ہے۔ دلّی  میں جمنا ندی کے سونیا وہار سے جگت پور تک کے حصے میں تفریحی بحری سیر کی سروس کا آغاز، اس قومی آبی گزرگاہ کو تفریحی کشتی رانی اور دریائی سیاحت کے لیے بروئے کار لانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ اس سروس کے آغاز سے قبل، گزشتہ ماہ ان لینڈ واٹر ویز اتھارٹی آف انڈیا (آئی ڈبلیو اے آئی) اور دلّی  حکومت کے اعلیٰ افسران کی موجودگی میں بحری جہاز کے آزمائشی سفر کامیابی کے ساتھ مکمل کیے گئے۔

بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت کے تحت حکومتِ ہند کی ان لینڈ واٹر ویز اتھارٹی آف انڈیا (آئی ڈبلیو اے آئی) کی قیادت میں شروع کی گئی یہ پہل، اندرونِ ملک آبی نقل و حمل کو پائیدار انداز میں فروغ دینے اور آبی گزرگاہوں کو شہری آمدورفت اور سیاحتی بنیادی ڈھانچے کا لازمی حصہ بنانے کے لیے اتھارٹی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

اس پہل سے دلّی  کے رہائشیوں اور سیاحوں کو ایک منفرد تجربہ حاصل ہونے کی توقع ہے، ساتھ ہی جمنا ندی کے ساتھ عوامی وابستگی کو بھی فروغ ملے گا۔ بجلی سے چلنے والے بحری جہازوں کا استعمال صاف ستھری اور پائیدار آمدورفت کو فروغ دینے میں اندرونِ ملک آبی گزرگاہوں کی صلاحیت کو بھی اجاگر کرے گا اور قومی راجدھانی خطے میں تفریح کا ایک نیا مقام فراہم کرے گا۔

جمنا ندی میں تفریحی بحری سیر کی یہ سروس ان لینڈ واٹر ویز اتھارٹی آف انڈیا (آئی ڈبلیو اے آئی ) ، بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت کے تحت، دلّی  ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے ) ، دلّی  ٹورزم اینڈ ٹرانسپورٹیشن ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ڈی ٹی ٹی ڈی سی ) ، دلّی  جل بورڈ (ڈی جے بی)  اور حکومتِ دلّی  کے آبپاشی و سیلاب پر قابو پانے کے  محکمے کے اشتراک سے شروع کی جا رہی ہے۔

 

 ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(ش ح – م م  -  ع ا )

U. No. 7421

 


(ریلیز آئی ڈی: 2334400) وزیٹر کاؤنٹر : 12
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati