پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 NOV 2026 4:47PM by PIB Delhi
آئی این ایس چِلکا، جو بھارتی بحریہ کا ابتدائی تربیت کا اہم ترین مرکز ہے، 13 نومبر 2026 کو بھارتی بحریہ کے اگنی ویروں اور بھارتی کوسٹ گارڈ کے ناویکوں کے نویں بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ (پی او پی) کا انعقاد کرے گا۔ ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن، بحریہ کے سربراہ، اس پریڈ کے مہمان خصوصی اور جائزہ لینے والے افسر ہوں گے۔
اس پریڈ کے ساتھ 3,300 سے زائد زیرِ تربیت اہلکاروں کی 16 ہفتوں پر مشتمل ابتدائی تربیت کامیابی کے ساتھ مکمل ہو جائے گی۔ یہ آئی این ایس چِلکا سے تربیت مکمل کرکے فارغ ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا بیچ ہوگا۔ یہ پریڈ ایک سخت اور جامع تربیتی پروگرام کے اختتام کی علامت ہوگی، جس کا مقصد نوجوان بھرتی ہونے والوں کو نظم و ضبط کے پابند، جسمانی طور پر چاق و چوبند، ذہنی طور پر مضبوط اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے لیس بحری جنگجوؤں میں تبدیل کرنا ہے۔
تربیتی نصاب میں تعلیمی سرگرمیوں، جسمانی مشقوں، تیراکی، پریڈ کی تربیت، بیرونی سرگرمیوں اور کیمپ کو شامل کیا گیا ہے، تاکہ زیرِ تربیت اہلکاروں کے پیشہ ورانہ سفر کے لیے ایک جامع بنیاد فراہم کی جا سکے۔ کردار سازی، قیادت کی صلاحیت، نظم و ضبط، باہمی رفاقت اور ٹیم ورک پر بھی یکساں توجہ دی جاتی ہے، جب کہ اس دوران بحریہ کی بنیادی اقدار یعنی فرض شناسی، عزت اور حوصلے کو ان کے اندر پروان چڑھایا جاتا ہے۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ زیرِ تربیت اہلکاروں کے لیے فخر اور کامیابی کا ایک یادگار لمحہ ہوگی، جب ان کے اہل خانہ ان کی تربیت کی تکمیل اور ایک نئے پیشہ ورانہ سفر کے آغاز کا مشاہدہ کریں گے۔ اس موقع پر بحریہ کے سابق اہلکار اور ممتاز مہمان بھی موجود ہوں گے۔
اختتامی تقریب کی صدارت وائس ایڈمرل سمیر سکسینہ، فلیگ آفیسر کمانڈنگ اِن چیف، سدرن نیول کمانڈ کریں گے۔ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے زیرِ تربیت اہلکاروں، چیمپئن ڈویژن اور بہترین انسٹرکٹر کو ان کی مثالی کارکردگی اور تربیت میں نمایاں تعاون کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا جائے گا۔ اس تقریب میں زیرِ تربیت اہلکاروں کے دو لسانی رسالے ‘انکور’کی رونمائی بھی کی جائے گی۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ کی براہِ راست نشریات بھارتی بحریہ کے سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کی جائیں گی، تاکہ ملک بھر کے شہری اس تقریب کا مشاہدہ کر سکیں۔
(2)_20261109164836_56456f.jpeg)
(2)_20261109164846_d3120c.jpeg)
(1)_20261109164856_a8c64b.jpeg)
_20261109164906_c03355.jpeg)
**********
ش ح۔۔ ا ک۔ ر ب
U-7420