وزارت ثقافت
azadi ka amrit mahotsav

اروناچل پردیش کے توانگ میں 31 ہزار عقیدت مندوں نے شاکیہ منی بدھ کی مقدس باقیات کے درشن کرکے آشیرواد حاصل کی


توانگ مٹھ میں سات روزہ نمائش 7 نومبر کو اختتام پذیر؛ 8 نومبر سے مقدس باقیات بومڈیلا میں رکھی جائیں گی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 08 NOV 2026 11:44AM by PIB Delhi

حکومت ہند کی وزارت ثقافت نے حکومت اروناچل پردیش اور نئی دہلی کی انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی) کے اشتراک سے شاکیہ منی بدھ کی مقدس باقیات کے درشن کے لیے خصوصی نمائش کا اہتمام کیا تھا۔ یہ نمائش آج، 7 نومبر 2026 کو توانگ میں اپنے اختتام کو پہنچی۔ اس دوران عقیدت مندوں اور سیاحوں کی جانب سے زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ سات روزہ نمائش کے دوران کل 31 ہزار عقیدت مندوں اور لوگوں نے مقدس باقیات درشن کے لیے گادن نامگیال لاٹسے (توانگ مٹھ) کا دورہ کیا۔

شاکیہ منی بدھ کی مقدس باقیات 31 اکتوبر 2026 کو نئی دہلی کے نیشنل میوزیم سے ضروری ضابطہ جاتی اور رسمی انتظامات کے ساتھ توانگ پہنچی تھیں۔ اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب پیما کھانڈو نے مرکزی وزیر ثقافت و سیاحت جناب گجیندر سنگھ شیخاوت کی موجودگی میں ایک رسمی تقریب کے دوران ان مقدس باقیات کا استقبال کیا۔

اس خصوصی نمائش کے ذریعے بدھ بھکشوؤں، بزرگ شہریوں اور عام لوگوں کو شاکیہ منی بدھ کی مقدس باقیات کی موجودگی میں عقیدت و احترام پیش کرنے، عبادت کرنے اور آشیرواد حاصل کرنے کا موقع ملا۔ ساتوں دن توانگ مٹھ میں عقیدت و احترام کا غیر معمولی منظر دیکھنے میں آیا اور توانگ ضلع کے تمام بلاکس کے علاوہ پڑوسی علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں عقیدت مند پہنچے۔ وزیٹرزکی اس بڑی تعداد نے علاقے کے لوگوں کے درمیان ان مقدس باقیات کی گہری روحانی اور ثقافتی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اس نمائش کے ایک حصے کے طور پر اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب پیما کھانڈو نے توانگ مٹھ میں دو خصوصی نمائشوں کا افتتاح کیا۔ پہلی نمائش، جس کا عنوان ’مقدس پپرہوا کی دریافت: بھگوان بدھ کی مقدس باقیات اور ان کی دریافت کی داستان‘ تھا، انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی) کے زیر اہتمام منعقد کی گئی۔ اس میں 1898 میں پپرہوا کی مقدس باقیات کی تاریخی دریافت کو پیش کیا گیا۔ دوسری نمائش، جس کا عنوان ’دھمّ کے سنگم: کلاسیکی ورثہ، زندہ فن اور بشریاتی نقطۂ نظر‘ تھا، نئی دہلی کے نیشنل میوزیم کی جانب سے ترتیب دی گئی۔ اس نمائش نے لوگوں کو بدھ مت کے تاریخی، فنّی اور ثقافتی ورثے اور اس کے دیرپا اثرات کو جاننے اور سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔

2 نومبر 2026 کو انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن نے توانگ کے کلاوانگپو کنونشن سینٹر میں ’بدھ مت: ہمالیائی خطے اور اس سے آگے اس کی اشاعت و ترویج‘ کے عنوان سے ایک بین الاقوامی کانفرنس کا اہتمام کیا۔ اس کانفرنس میں ہندوستان اور کئی دیگر ممالک کے بدھ مت کے اسکالرز، مذہبی رہنماؤں اور نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں ہمالیائی خطے اور اس سے آگے بدھ مت کی تعلیمات اور ورثے کے فروغ، اشاعت اور تحفظ کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

7 نومبر کو توانگ میں مقدس باقیات کی خصوصی نمائش کے اختتام کے بعد، ان باقیات کا سفر نمائش کے اگلے مقام بومڈیلا کی جانب جاری رہے گا۔ 8 نومبر 2026 کو ہندوستانی فضائیہ کے ذریعے مقدس باقیات بومڈیلا منتقل کی جائیں گی۔ اپر گومپا میں مختصر قیام کے بعد ان باقیات کو ٹی جی ایل مٹھ (لوئر گومپا)، بومڈیلا میں رکھا جائے گا، جہاں 8 سے 13 نومبر 2026 تک عوام کو ان کے درشن کا موقع حاصل ہوگا۔

اس کے بعد مقدس باقیات کو گولڈن پگوڈا، نامسائی منتقل کیا جائے گا، جہاں 14 سے 20 نومبر 2026 تک عوام کو ان کے درشن کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ اس کے بعد 21 نومبر 2026 کو انہیں واپس نئی دہلی کے نیشنل میوزیم لایا جائے گا۔

یہ نمائش حکومت ہند کے اس مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ ملک کے عظیم بدھ مت ورثے کو محفوظ رکھا جائے اور اسے فروغ دیا جائے، نیز دنیا بھر کی بدھ مت برادریوں کے ساتھ ہندوستان کے ثقافتی اور روحانی روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

******

ش ح۔ ف ا ۔ م ر

U-NO. 7392


(ریلیز آئی ڈی: 2334128) وزیٹر کاؤنٹر : 13