نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھا کرشنن نے ایودھیا میں دیپوتسو 2026 کی تقریبات کا افتتاح کیا


دیپوتسو عوامی شراکت داری کے جشن کی شکل اختیار کر چکا ہے، جو بھارت کے اجتماعی عقیدے کی عکاسی کرتا ہے: نائب صدر جمہوریہ

ایودھیا میں لاکھوں  دیپ کروڑوں ہندوستانیوں کی زندگیوں میں آنے والی تبدیلی کی علامت ہیں: نائب صدر جمہوریہ

ہندوستان کو اپنی تہذیبی اقدار سے جڑے رہتے ہوئے جدید دور کی امنگوں کو اپنانا چاہیے: نائب صدر جمہوریہ

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 07 NOV 2026 9:39PM by PIB Delhi

نائب صدر جمہوریہ ہند جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج اتر پردیش کے ایودھیا میں رام کی پَیڑی پر دیپوتسو 2026 کی تقریبات کا افتتاح کیا۔ انہوں نے گھاٹوں کو لاکھوں دیوں سے روشن کیے جانے کے دلکش منظر، رامائن کے واقعات کی عکاسی کرنے والی ثقافتی پیشکشوں اور موسیقی کے ساتھ آتش بازی کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے نیا گھاٹ پر مقدس سریو آرتی میں بھی شرکت کی۔

 

رام کی پَیڑی پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ ہند نے 2017 میں اپنے آغاز کے بعد سے دیپوتسو کی غیر معمولی ترقی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد  دیپ روشن کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 2025 میں اس جشن کے دوران 26 لاکھ سے زائد  دیپ روشن کیے گئے، جب کہ اس کی دسویں تقریب کے موقع پر رام کی پَیڑی پر 30 لاکھ سے زیادہ اور پورے ایودھیا میں 70 لاکھ سے زائد دیے روشن کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے اس تہوار کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام دلانے کے لیے اتر پردیش حکومت کو مبارک باد دی۔

نائب صدر جمہوریہ ہند نے مقامی لوگوں کے روزگار اور معاش کے ذرائع کو فروغ دینے میں اس تہوار کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کمہاروں، دیہی خواتین، دست کاروں، فن کاروں، ہوٹل اور ہوم اسٹے چلانے والوں، رہنماؤں اور نقل و حمل کی خدمات فراہم کرنے والوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ٹیکنالوجی کے اختراعی استعمال کا بھی خیرمقدم کیا، جس میں رامائن کے مناظر پیش کرنے والے 2100 سے زائد مقامی ساختہ ڈرونز اور ثقافتی پروگراموں میں تقریباً ایک ہزار فن کاروں کی شرکت شامل ہے۔

ایودھیا کو روشن کرنے والے لاکھوں  دیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کروڑوں ہندوستانیوں کی زندگیوں میں رونما ہونے والی تبدیلی کی علامت ہیں۔ انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے، تعلیم، زراعت، صحت کی دیکھ بھال، رہائش اور کاروبار کے فروغ کے لیے اتر پردیش کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ریاست ’اتم پردیش‘  بننے کی سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔

نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے ان پر زور دیا کہ وہ رامائن کو سمجھیں اور اس کی تعلیمات کو اپنے روزمرہ کے طرزِ عمل میں اپنائیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان کی اقدار، زبانوں، روایات اور تہذیبی دانش سے جڑے رہتے ہوئے سائنس، اختراع اور ٹیکنالوجی کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو اپنی امنگوں کے اعتبار سے جدید ہونا چاہیے، لیکن اس کے ساتھ اپنی تہذیبی اقدار سے اس کی وابستگی بھی مضبوطی سے برقرار رہنی چاہیے۔

اس سے قبل نائب صدر جمہوریہ نے شری رام جنم بھومی مندر میں حاضری دے کر پوجا کی اور رام کتھا پارک میں شری رام جانکی کی خصوصی پوجا اور آرتی میں شرکت کی۔

 

رام کتھا پارک میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھگوان شری رام دھرم، راست بازی، رحم دلی اور مثالی کردار کی لازوال اور ابدی علامت ہیں۔

 

ایودھیا کو ’وکاس بھی، وراثت بھی‘  کی ایک روشن مثال قرار دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ سڑکوں، گھاٹوں، یاتریوں کے لیے سہولیات، قیام کے انتظامات اور ریل و فضائی رابطوں میں بہتری نے عقیدت مندوں اور سیاحوں کے سفر کے تجربے کو نمایاں طور پر بدل دیا ہے۔

نائب صدر جمہوریہ ہند نے دیپوتسو کے دسویں ایڈیشن کو عوامی شراکت داری کے ایک عظیم الشان جشن میں تبدیل کرنے کے لیے اتر پردیش حکومت، انتظامیہ، فن کاروں، رضاکاروں، دست کاروں اور شہریوں کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ جشن بھارت کے اجتماعی عقیدے اور عقیدت کی عکاسی کرتا ہے۔

ان تقریبات میں اتر پردیش کی گورنر محترمہ آنندی بین پٹیل، وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ، نائب وزرائے اعلیٰ جناب کیشو پرساد موریہ اور جناب برجیش پاٹھک، وزراء، قابل احترام سنتوں اور مذہبی رہنماؤں سمیت دیگر ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

 

******

ش ح۔ ف ا ۔ م ر

U-NO. 7391


(ریلیز آئی ڈی: 2334088) وزیٹر کاؤنٹر : 12