حکومتِ ہند کی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے فلم اور اس سے متعلقہ ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں کام کرنے والے اسٹارٹ اَپس سے درخواستیں طلب کی ہیں، تاکہ وہ گوا میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) 2026 کے دوران ویوز بازار میں ویو ایکس اسٹارٹ اَپ پویلین میں شرکت کر سکیں۔

اس اقدام کا مقصد اختراعی اسٹارٹ اَپس کو ایک خصوصی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، جہاں وہ قومی اور بین الاقوامی فلم اور میڈیا انڈسٹری کے سامنے اپنی مصنوعات، ٹیکنالوجیز اور حل پیش کر سکیں۔ اس کے علاوہ، اس کے ذریعے فلم سازوں، پروڈکشن ہاؤسز اور عالمی تخلیقی نظام سے وابستہ سرمایہ کاروں کے ساتھ نیٹ ورکنگ، صنعتی روابط اور باہمی تعاون کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔
فلم اور اس سے متعلقہ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کام کرنے والے ڈی پی آئی آئی ٹی (ڈیپارٹمنٹ فار پروموشن آف انڈسٹری اینڈ انٹرنل ٹریڈ) میں رجسٹرڈ اسٹارٹ اَپس درخواست دینے کے اہل ہیں۔ اہل اسٹارٹ اَپس کا انتخاب ویو ایکس کی جانب سے تشکیل دی گئی سلیکشن کمیٹی کے ذریعے جانچ اور جائزے کے عمل کے تحت کیا جائے گا۔
دلچسپی رکھنے والے اور اہل اسٹارٹ اَپس کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ درخواست دیں اور بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اپنی اختراعات پیش کرنے کے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
رجسٹریشن فارم اور مزید معلومات کے لیے: wavex.wavesbazaar.com سوالات کے لیے اس ای میل پتے پر رابطہ کیا جا سکتا ہے: Wavex-mib [at]gov[dot]in
آئی ایف ایف آئی، گوا کے بارے میں
انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) کا قیام 1952 میں عمل میں آیا تھا۔ یہ ایشیا کے اہم فلمی میلوں میں سے ایک ہے، جو عالمی سنیما میں بہترین کارکردگی کا جشن مناتا ہے اور ہندوستان سمیت دنیا بھر کے فلم سازوں، فن کاروں، پروڈیوسروں اور شائقینِ سنیما کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ گوا میں ہر سال منعقد ہونے والا آئی ایف ایف آئی عالمی فلمی برادری کو ایک جگہ جمع کرتا ہے، جہاں مختلف نوعیت کی فلمی تخلیقات پیش کی جاتی ہیں، تخلیقی تبادلے کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور سنیما کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیا جاتا ہے۔
ویو ایکس کے بارے میں
ویو ایکس (ویوز اسٹارٹ اَپ ایکسلریٹر) حکومتِ ہند کی وزارتِ اطلاعات و نشریات کا ایک اسٹارٹ اَپ ایکسلریٹر اور انکیوبیشن اقدام ہے، جس کا مقصد میڈیا اور انٹرٹینمنٹ کے شعبے میں اختراعات، کاروباری صلاحیتوں اور ابھرتے ہوئے ہنر کو پروان چڑھانا ہے۔ اس کا خصوصی مرکز اینیمیشن، ویژول ایفیکٹس، گیمنگ، کامکس، ایکسٹینڈڈ ریئلٹی (اے وی جی سی-ایکس آر) اور میڈیا ٹیکنالوجیز جیسے شعبوں میں کام کرنے والے اسٹارٹ اَپس کی معاونت کرنا ہے۔
******
ش ح۔ ف ا ۔ م ر
U-NO. 7371