سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر مملکت  جناب  رام داس اٹھاولے نے دلی ہاٹ، آئی این اے میں منعقدہ شلپ سماگم میلہ 2026 کا دورہ کیا

میلے میں مجموعی طور پر تقریباً 37.90 لاکھ روپے کی فروخت ریکارڈ کی گئی، جو عوام کی بھرپور پذیرائی اور دست کاروں کے لیے مارکیٹ کے بڑھتے ہوئے مواقع کی عکاسی کرتی ہے

ثقافتی شام کے پروگراموں نے سامعین کو ہندوستان کے متنوع ثقافتی رنگوں کی ایک مسحور کن جھلک پیش کی، جس سے جشن کا ماحول پیدا ہوا اور علاقائی ثقافتی تبادلے کو فروغ ملا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 06 NOV 2026 8:38PM by PIB Delhi

سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کے مرکزی وزیر مملکت  جناب رام داس اٹھاولے نے آج شام یہاں قومی راجدھانی میں واقع دلی ہاٹ، آئی این اے میں جاری شلپ سماگم میلہ 2026 کا دورہ کیا۔ اس میلے کا انعقاد حکومتِ ہند کی وزارتِ سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کے زیر اہتمام کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر صارفین کے امور، خوراک اور عوامی نظامِ تقسیم کی مرکزی وزیر مملکت محترمہ نموبین جینتی بھائی بامبھنیہ؛ نیشنل شیڈیولڈ کاسٹس فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس ایف ڈی سی) کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر جناب  پربھات تیاگی؛ این ایس ایف ڈی سی کے جنرل منیجر جناب  سپن بروا؛ ڈپٹی جنرل منیجر شری رجنی بینکر؛ اسسٹنٹ جنرل منیجرجناب  گلشن پہاڑیہ؛ منیجر جناب  پی کے جھا؛ اسسٹنٹ منیجرجناب  مہیش چند کے علاوہ وزارت کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

’پرکاش اور پرمپرا – جیوتی سے جیوتی جلائیں‘  کے موضوع پر منعقدہ یہ 15 روزہ میلہ سات منفرد موضوعاتی حصوں کے ذریعے ہندوستان کے مالا مال ثقافتی ورثے اور روایتی دست کاری کو یکجا کرتا ہے۔ ان حصوں میں ’کلا آنگن‘، ’پرکاش چوک‘، ’پوجا پتھ‘، ’سجاوٹ بازار‘، ’گھرانہ‘، ’سواد چوک‘ اور ’منچ‘ شامل ہیں، جو لوگوں  کو ہندوستان کے فنون، ثقافت اور کھانوں کے تنوع کا ایک جامع تجربہ فراہم کرتے ہیں۔

جناب رام داس اٹھاولے نے مختلف اسٹالوں کا دورہ کیا اور ان کا معائنہ کیا۔ یہ اسٹال درج فہرست ذاتوں، دیگر پسماندہ طبقات، صفائی کرمچاریوں اور معذور افراد سے تعلق رکھنے والے دست کاروں اور مستفیدین کی کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے کے تئیں وزارت کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ وزارت انہیں اپنی مصنوعات کی نمائش اور فروخت کے لیے ایک قابلِ رسائی پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔

جناب  رام داس اٹھاولے نے کہا کہ شلپ سماگم میلہ روایتی دست کاروں اور کاروباری افراد کو صارفین سے جوڑنے، منڈی تک رسائی کے روابط قائم کرنے اور روزگار کے مواقع کو مستحکم بنانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم  جناب نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت معاشرے کے تمام طبقات کی جامع سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے کام کرنے کے عزم پر قائم ہے، بالخصوص ان طبقات کے لیے جنہیں باوقار روزگار اور ذریعۂ معاش کمانے کے مناسب مواقع کی ضرورت ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ اس میلے میں 130 سے زائد اسٹالوں کے ذریعے دست کاری کی متنوع مصنوعات، ہینڈ لوم سے تیار کردہ اشیا، روایتی ملبوسات، تہواروں کی آرائشی اشیا،  لیمپ ، گھروں کی آرائش و زیبائش کی اشیا اور دیگر دیسی مصنوعات کی نمائش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت 2022 سے شلپ سماگم میلوں کا انعقاد کر رہی ہے۔ ان میلوں کے ذریعے درج فہرست ذاتوں، دیگر پسماندہ طبقات اور صفائی کرمچاری برادریوں سے تعلق رکھنے والے 1,000 سے زائد دست کاروں کو اپنی مصنوعات کی نمائش اور فروخت کے مواقع سے فائدہ پہنچا ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ یہ پروگرام روایتی دست کاری، ہینڈ لوم مصنوعات، دست کاری کے عملی مظاہروں اور ثقافتی پروگراموں کو ایک ساتھ پیش کرتا ہے، ساتھ ہی کاروبار کو فروغ دینے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور سبھی طبقات کی شمولیت کو یقینی بنانے میں بھی معاون ہے۔

جناب اٹھاولے نے کہا کہ دست کاروں کو مفت اسٹال، سفری اخراجات، یومیہ الاؤنس اور ان کے سامان کی نقل و حمل کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

شہری، خاندان اور نوجوان بڑی تعداد میں میلے کا رخ کر رہے ہیں تاکہ روایتی مصنوعات کی متنوع اقسام کا مشاہدہ کر سکیں، اس میں شریک دست کاروں کے ہنر سے لطف اندوز ہوں اور اس کی قدر کریں، نیز کاروبار، معاشی خودمختاری اور خود انحصاری کے حصول کے لیے ان کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کریں۔

وزارت کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ میلے کے آغاز سے ہی فروخت کا رجحان حوصلہ افزا رہا ہے، جو زائرین کی پُرجوش پذیرائی اور مستفید ہونے والی برادریوں کے دست کاروں کی تیار کردہ مصنوعات کے تئیں بڑھتی ہوئی پسندیدگی کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 1 نومبر سے 5 نومبر 2026 کے درمیان میلے میں شریک چار کارپوریشنوں، یعنی نیشنل شیڈیولڈ کاسٹس فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس ایف ڈی سی)، نیشنل بیک ورڈ کلاسز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این بی سی ایف ڈی سی)، نیشنل صفائی کرمچاریز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس کے ایف ڈی سی) اور نیشنل دویانگ جن فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ڈی ایف ڈی سی) کے اسٹالوں پر مجموعی طور پر تقریباً 37.90 لاکھ روپے کی فروخت ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فروخت کا یہ مجموعی اعداد و شمار میلے میں پیش کی گئی مصنوعات کو بازار کی جانب سے ملنے والی مثبت پذیرائی اور شریک دست کاروں کے لیے منڈی کے بڑھتے ہوئے مواقع کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ میلہ دست کاروں کو ’بھارت ٹولیپ‘ جیسے اقدامات کے ذریعے اپنی مصنوعات کی رسائی وسیع کرنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ یہ اقدام دست کاروں کو ای کامرس پلیٹ فارمز سے جوڑتا ہے۔ اسی طرح ’پرپل فیسٹ‘ معذور افراد کی تخلیقی صلاحیتوں اور استعداد کا جشن مناتا ہے اور شمولیت و مساوی مواقع کو فروغ دیتا ہے۔

ہر شام  لوگوں کی توجہ کا ایک بڑا مرکز ’منچ‘ پر منعقد ہونے والی ثقافتی سرگرمیوں اور پروگراموں کا سلسلہ ہے۔ مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے فن کار اور فن کاروں کے گروپ یہاں یکجا ہو کر رنگا رنگ لوک رقص، روایتی موسیقی اور علاقائی فنون کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

شام کے یہ پروگرام سامعین کو ایک ہی پلیٹ فارم پر ہندوستان کے کثیر ثقافتی رنگوں کی ایک مسحور کن جھلک پیش کرتے ہیں، جس سے جشن کا ماحول پیدا ہوتا ہے اور علاقائی ثقافتی تبادلے کو فروغ ملتا ہے۔

شرکت کرنے والے مستفیدین کو وزارت کے تحت کام کرنے والے اعلیٰ سطح کے کارپوریشنوں کی جانب سے تعاون فراہم کیا جاتا ہے، جن میں نیشنل شیڈیولڈ کاسٹس فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس ایف ڈی سی)، نیشنل بیک ورڈ کلاسز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این بی سی ایف ڈی سی)، نیشنل صفائی کرمچاریز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس کے ایف ڈی سی) اور نیشنل دویانگ جن فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ڈی ایف ڈی سی) شامل ہیں۔ وزارت ان کی شرکت کو آسان بنانے کے لیے مفت اسٹال، سفری اخراجات، یومیہ الاؤنس اور ان کے سامان کی نقل و حمل کی سہولیات فراہم کرتی ہے۔

شلپ سماگم میلہ 2026، دلی ہاٹ، آئی این اے میں 15 نومبر 2026 تک جاری رہے گا۔

 

******

 

ش ح۔ ف ا ۔ م ر

U-NO. 7363

 


(ریلیز آئی ڈی: 2333907) وزیٹر کاؤنٹر : 15
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Marathi