وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

بھارتی بحری جہاز ترشول کا یونان میں خلیج سودا کابندرگاہی دورہ مکمل

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 06 NOV 2026 4:38PM by PIB Delhi

بھارتی بحریہ کے جہاز ترشول کا بحیرۂ روم میں جاری تعیناتی کے سلسلے میں 3 نومبر 2026 کو یونان کی خلیج سودا بندرگاہ کا دورہ تکمیل کو پہنچا۔ اس دورے سے پیشہ ورانہ روابط، کارروائی سے متعلق تبادلۂ خیال اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے بھارتی بحریہ اور یونانی بحریہ کے درمیان بحری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا موقع ملا ہے۔

بندرگاہی قیام کے دوران آئی این ایس ترشول کے کمانڈنگ آفیسر نے یونانی بحریہ کے اعلیٰ حکام کے علاوہ نیٹو میری ٹائم انٹرڈکشن آپریشنل ٹریننگ سینٹر (این ایم آئی او ٹی سی) اور امریکی نیول سپورٹ ایکٹیویٹی (این ایس اے)، خلیج سودا کے سربراہان سے ملاقات کی۔ ان ملاقات میں آپریشنل لاجسٹکس کی ضروریات، باہمی تعاون اور شراکت دار بحری افواج کے درمیان ایک دوسرے کی معاونت سے متعلق امور پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ان تبادلۂ خیال سے مشترکہ دلچسپی کے معاملات پر خیالات کا تبادلہ کرنے اور آپریشنل معاونت و تعاون کے امکانات تلاش کرنے کا موقع ملاہے۔

بھارتی اور یونانی بحری اہلکاروں کے درمیان پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے تحت ایک دوسرے کے بحری جہازوں کے دورے اور باہمی ملاقاتیں بھی ہوئیں۔ یونانی بحریہ کے اہلکاروں نے آئی این ایس ترشول کا جائزہ لیا، جہاں انہیں جہاز اور اس کی صلاحیتوں سے آگاہ کرانے کے لئے جہاز کے اندرونی حصوں کا معائنہ کرایا گیا۔ ان سرگرمیوں سے دونوں بحری افواج کے اہلکاروں کو ایک دوسرے کے پیشہ ورانہ طریقۂ کار کو سمجھنے اور تجربات کے تبادلے کا موقع ملا۔

یونان میں ہندوستان کے سفیر عزت مآب جناب روی شنکر نے بھی جہاز کا دورہ کیا۔ انہیں آئی این ایس ترشول کی جنگی صلاحیتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور انہوں نے جہاز کے عملے سے بھی بات چیت کی۔ جہاز پر ایک ثقافتی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں یونان میں ہندوستان کے سفیر، نیٹو میزائل فائرنگ تنصیب کے کمانڈر میجر جنرل این دیمتراکوس، یونانی اور امریکی بحریہ کے سینئر افسران اور بھارتی برادری کے ارکان نے شرکت کی۔ اس تقریب نے سفارتی نمائندوں، بحری اہلکاروں اور بھارتی برادری کے افراد کو باہمی میل جول کا موقع فراہم کیا۔

خلیج سودا سے روانگی کے بعد آئی این ایس ترشول نے یونانی بحریہ کے جہاز ایچ ایس لیمنوس (ایف 451) کے ساتھ مشترکہ بحری مشق (پاسیکس) میں حصہ لیا۔ اس مشق میں سمندر میں باہمی ہم آہنگی کے ساتھ مختلف سرگرمیاں انجام دی گئیں، جن میں جہازوں کی نقل و حرکت سے متعلق مشقیں، رسد کی فراہمی کے لیے جہازوں کو قریب لانے کی مشق، جہاز کے اپنے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایک جہاز سے دوسرے جہاز پر اترنے کی مشق اور مواصلاتی طریقۂ کار سے متعلق مشقیں شامل تھیں۔ اس مشترکہ مشق سے دونوں بحری افواج کو سمندر میں مربوط سرگرمیاں انجام دینے، پیشہ ورانہ مہارت اور بہترین طریقۂ کار کا تبادلہ کرنے اور آپریشنل تعاون و باہمی ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانے کا موقع ملا۔

آئی این ایس ترشول کا یہ دورہ بھارتی اور یونانی بحری افواج کے درمیان بحری تعاون، پیشہ ورانہ روابط اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ ہے۔ دورے کی کامیاب تکمیل کے بعد آئی این ایس ترشول اپنی تعیناتی کے اگلے مرحلے کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/Pic(1)(5)_20261106163930_c251ad.jpeg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/Pic(2)(5)_20261106163944_16fd3e.jpeg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/Pic(3)(4)_20261106163957_bc6f69.jpeg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/Pic(4)(3)_20261106164015_62c027.jpeg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/Pic(5)(2)_20261106164027_efb08c.jpeg

***

ش ح۔ ک ا۔ ا ک م

U.NO. 7345


(ریلیز آئی ڈی: 2333689) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil