پوسٹ کرنے کی تاریخ:
06 NOV 2026 3:15PM by PIB Delhi
تینتیس(33)سالہ راہل کمار (فرضی نام) کے لیے این ایف ایس سی اسکیم تعلیمی میدان میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے اور تحقیقی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کی کوششوں میں معاونت کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوئی ہے۔
ان کا تجربہ اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ مخصوص طبقوں کے لیے فراہم کی جانے والی فیلوشپ مالی مشکلات کم کرنے، اعلیٰ تعلیم تک سب کو یکساں مواقع فراہم کرنے اور محققین کو تحقیق و علم کی نئی جہتوں کے ذریعے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
چھتیس گڑھ کے ضلع جانجگیر-چامپا کے رہائشی راہل کمار پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔ ان کا مقصد ایک ممتاز محقق بننا اور ملک کی ہمہ جہت ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔
خط افلاس سے نیچے زندگی گزارنے والے (بی پی ایل) خاندان سے تعلق رکھنے کے باعث انہیں شدید مالی مشکلات اور وسائل کی کمی کا سامنا تھا، جس کی وجہ سے اعلیٰ سطح پر تحقیق جاری رکھنا مشکل ہو گیا تھا۔ ان کے تعلیمی سفر کو گمراہ کن معلومات اور ادارہ جاتی طریقۂ کار سے پیدا ہونے والی مشکلات نے بھی متاثر کیا۔ ان میں یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے ضابطہ جاتی دائرۂ کار سے باہر کے قواعد و ضوابط کا نفاذ بھی شامل تھا۔
ان کی زندگی میں ایک اہم موڑ جولائی 2023 میں آیا، جب انہیں وزارتِ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کی ’’درج فہرست ذاتوں کے طلبہ کے لیے قومی فیلوشپ اسکیم‘‘ ( نیشنل فیلو شپ فار شیڈیولڈ کاسٹ اسٹوڈنٹس- این ایف ایس سی) کے تحت مالی امداد ملنا شروع ہوئی۔ اس فیلوشپ کے تحت انہیں فیلوشپ کی رقم اور مکان کے کرائے کا الاؤنس (ایچ آر اے) سمیت مجموعی طور پر 45,700 روپے کی مالی معاونت فراہم کی گئی۔ اس امداد سے انہیں انتہائی ضروری مالی استحکام حاصل ہوا اور تحقیق کے راستے میں حائل مشکلات پر قابو پانے میں مدد ملی

یہ مالی معاونت، جسے وہ اپنی توقعات سے کہیں بڑھ کر قرار دیتے ہیں، انہیں ڈاکٹریٹ کی تعلیم اور تحقیقی مقاصد پر زیادہ مؤثر انداز میں توجہ مرکوز کرنے کے قابل بنانے میں مددگار ثابت ہوئی۔ اس مالی امداد سے وسائل کی کمی کے باعث پیش آنے والی مشکلات میں کمی آئی اور انہیں پوری لگن کے ساتھ اپنی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیاں جاری رکھنے کے مزید مواقع میسر آئے۔ اس معاونت نے ان متعدد دشواریوں کو دور کرنے میں مدد دی جو اس سے قبل معیاری تحقیق کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی تھیں۔
اس فیلوشپ نے ان کی تحقیقی اور ذاتی زندگی میں بے حد اہمیت اور افادیت کا اضافہ کیا ہے۔ مالی مشکلات کم ہونے کے بعد مسٹر کمار اپنی پی ایچ ڈی کی تعلیم جاری رکھنے اور علمی و تحقیقی سرگرمیوں کو مزید مستحکم بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ان کا سفر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ بروقت تعلیمی مالی معاونت کس طرح معاشی طور پر کمزور طبقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و محققین کو اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے اور اپنے خوابوں کی تعبیر پانے کی کوششوں میں مدد فراہم کر سکتی ہے۔
***
ش ح۔ م م ۔م ذ
U.No: 7338