مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
06 NOV 2026 2:22PM by PIB Delhi
ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا( ٹی آر اے آئی -ٹرائی)نے آج رجسٹر آف انٹر کنکٹ ایگریمنٹ یعنی ’’باہمی رابطے کے معاہدوں کا رجسٹر (چوتھی ترمیم) ریگولیشنز، 2026‘‘ جاری کیے۔ یہ ضوابط(ریگولیشنز) یکم جنوری 2027 سے نافذ العمل ہوں گے۔
ٹیلی مواصلات کے شعبے میں باہمی رابطے (انٹرکنکشن) سے مراد ایسے تجارتی اور تکنیکی انتظامات ہیں جن کے ذریعے دو یا دو سے زیادہ ٹیلی مواصلاتی نیٹ ورکس کو آپس میں منسلک کیا جاتا ہے۔ اس سے ان نیٹ ورکس کے درمیان ٹیلی مواصلاتی ٹریفک کی ترسیل ممکن ہوتی ہے اور مختلف سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے صارفین ایک دوسرے سے بلا رکاوٹ رابطہ کر سکتے ہیں۔ ’’باہمی رابطے کے معاہدوں کے رجسٹر سے متعلق ضوابط، 1999‘‘ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے درمیان طے پانے والے باہمی رابطے کے معاہدوں کے رجسٹریشن اور ان کا ریکارڈ برقرار رکھنے کے لیے ضابطہ جاتی فریم ورک فراہم کرتے ہیں۔
ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیاایکٹ، 1997 کی دفعہ 11(1)(بی)کی ذیلی دفعات(vii)اور(viii)کے تحت ٹرائی کو دیگر اختیارات کے علاوہ، باہمی رابطے کے معاہدوں کا رجسٹر برقرار رکھنے اور مقررہ فیس کی ادائیگی اور دیگر متعین شرائط پوری کرنے سے مشروط، اسے عوام کے معائنے کے لیے دستیاب کرانے کا اختیار حاصل ہے۔
اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ باہمی رابطے سے متعلق موجودہ ضابطہ جاتی نظام وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ، شفاف اور سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے درمیان مؤثر باہمی رابطے کے فروغ کے لیے سازگار رہے، ٹرائی نے 03.04.2025 کو ’’باہمی رابطے کے معاملات سے متعلق ٹرائی کے موجودہ ضوابط کا جائزہ‘‘ کے عنوان سے ایک ماقبل مشاورت (پری کنسلٹیشن) دستاویز جاری کرکے ضابطہ جاتی نظام کا جائزہ لینے کا عمل شروع کیا۔ اس دستاویز کے ذریعے متعلقہ فریقوں سے، دیگر امور کے ساتھ ساتھ، ’’باہمی رابطے کے معاہدوں کے رجسٹر سے متعلق ضوابط، 1999‘‘ کا جائزہ لینے کے لیے آرا اور تجاویز طلب کی گئیں۔
بعد ازاں، ماقبل مشاورت (پری کنسلٹیشن) کے عمل کے دوران موصول ہونے والی متعلقہ فریقوں کی آرا کو مدنظر رکھتے ہوئے اور ضروری پس منظر کی معلومات کے ساتھ، 10.11.2025 کو ’’باہمی رابطے کے معاملات سے متعلق ٹرائی کے موجودہ ضوابط کا جائزہ‘‘ کے عنوان سے ایک مشاورتی دستاویز جاری کی گئی۔ اس دستاویز کے ذریعے متعلقہ فریقوں سے، دیگر امور کے علاوہ، ’’باہمی رابطے کے معاہدوں کے رجسٹر سے متعلق ضوابط، 1999‘‘ کا جائزہ لینے کے لیے آرا طلب کی گئیں۔ مہلت میں توسیع کے بعد تحریری آرا اور جوابی آرا جمع کرانے کی آخری تاریخیں بالترتیب 15.12.2025 اور 29.12.2025 مقرر کی گئیں۔
مشاورتی دستاویز میں اٹھائے گئے امور کے جواب میں 17 متعلقہ فریقوں نے اپنی آرا، جبکہ 9 متعلقہ فریقوں نے جوابی آرا پیش کیں۔ مشاورتی عمل کے ایک حصے کے طور پر، 28.01.2026 کو اس دستاویز پر کھلی نشست (اوپن ہاؤس ڈسکشن) کا انعقاد بھی کیا گیا۔ مشاورتی عمل کے دوران متعلقہ فریقوں سے موصول ہونے والی آرا اور ان کے تجزیے کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرائی نے ’’باہمی رابطے کے معاہدوں کا رجسٹر (چوتھی ترمیم) ضوابط، 2026‘‘ کو حتمی شکل دے دی ہے۔
ترمیمی ضوابط کے اہم نکات درج ذیل ہیں:
- باہمی رابطے کے معاہدوں کی آن لائن رجسٹریشن: ترمیمی ضوابط کے تحت تمام سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ اپنے باہمی رابطے کے معاہدوں اور ان میں کی جانے والی کسی بھی ترمیم کو اس مقصد کے لیے ٹرائی کے قائم کردہ پورٹل کے ذریعے رجسٹر کرائیں۔ اس سلسلے میں پہلے سے رائج یہ شرط ختم کر دی گئی ہے کہ معاہدوں کی مطبوعہ نقول کے ساتھ ان کی سافٹ کاپی فلاپی یا ڈسک میں بھی جمع کرائی جائے۔ یکم جنوری 2027 کو نافذ العمل معاہدوں کو اس تاریخ سے پندرہ دن کے اندر جمع کرانا ہوگا، جبکہ نئے معاہدوں اور ان میں کی جانے والی ترامیم کو ان کے طے پانے یا ترمیم کیے جانے کے پندرہ دن کے اندر جمع کرانا لازم ہوگا۔ اس سے معاہدوں کے مؤثر رجسٹریشن، رجسٹر کو تازہ ترین رکھنے اور باہمی رابطے کے معاہدوں کو بوقتِ ضرورت تلاش کرنے میں سہولت ہوگی۔
- متن کی تلاش کے قابل الیکٹرانک دستاویزات جمع کرانا: سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے لازم ہوگا کہ وہ باہمی رابطے کے معاہدوں اور ان میں کی جانے والی ترامیم کی الیکٹرانک نقول، رجسٹریشن کے لیے مقررہ مدت کے اندر، ایسی پی ڈی ایف فائل کی صورت میں جمع کرائیں جس میں متن کو تلاش کیا جا سکے۔ اس سے دستاویزات کی مؤثر جانچ پڑتال، ان کا جائزہ لینے، ریکارڈ برقرار رکھنے اور ضرورت کے وقت انہیں تلاش کرنے کے عمل میں سہولت ہوگی۔
- باہمی رابطے کے معاہدوں کے رجسٹر تک آن لائن رسائی: ترمیم شدہ ضابطہ جاتی نظام کے تحت اب پورٹل کے ذریعے باہمی رابطے کے معاہدوں کے رجسٹر کے معائنے کے لیے درخواستیں جمع کرانے، رجسٹر کے مقررہ حصے تک رسائی حاصل کرنے اور اس کی نقول یا اقتباسات حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس طرح پہلے سے موجود بالمشافہ طریقۂ کار کے علاوہ رجسٹر کے متعلقہ حصوں تک الیکٹرانک رسائی بھی ممکن ہوگی، جس سے عوام کے لیے معلومات تک رسائی آسان اور سہل ہو جائے گی، تاہم یہ سہولت متعلقہ ضابطہ جاتی شرائط سے مشروط ہوگی۔
- تفصیلی معلومات مقررہ مدت میں فراہم کرنا: ٹرائی ایسی تفصیلی اور الگ الگ معلومات حاصل کرنے کے لیے مخصوص فارمیٹس مقرر کر سکتی ہے جنہیں باہمی رابطے کے معاہدوں کے رجسٹر میں شامل کیا جا سکے۔ متعلقہ معلومات ٹرائی کی جانب سے مقرر کردہ مدت کے اندر فراہم کرنا ہوں گی۔ اس سے منظم اور یکساں معیار کے مطابق معلومات بروقت دستیاب ہوں گی، جس کے نتیجے میں ضابطہ جاتی نگرانی مؤثر بنانے اور باہمی رابطے کے انتظامات میں شفافیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔
- معائنے اور نقول کے حصول کی فیس پر نظرِ ثانی: رجسٹر کے معائنے کی فیس بڑھا کر 1,500 روپے فی گھنٹہ یا اس کے کسی حصے کے لیے مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ نقول یا اقتباسات حاصل کرنے کے لیے فی صفحہ 500 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔ فیس کا نظرثانی شدہ ڈھانچہ بڑی حد تک ’’ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا (معلومات تک رسائی) ضابطہ، 2005‘‘ میں مقرر کردہ نظام سے ہم آہنگ ہے۔
- مالی جرمانوں کا مرحلہ وار نظام: ان ضوابط پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ان کی خلاف ورزی کی صورت میں مرحلہ وار مالی جرمانوں کا نظام مقرر کیا گیا ہے۔ اس سے ضابطہ جاتی نظام پر عمل درآمد زیادہ مؤثر اور متناسب ہوگا، جبکہ جرمانوں کا تعین خلاف ورزی کی نوعیت اور اس کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جا سکے گا۔
ترمیمی ضوابط کے ذریعے باہمی رابطے کے معاہدوں کے رجسٹریشن اور ان کا ریکارڈ برقرار رکھنے کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے رجسٹریشن، دستاویزات جمع کرانے اور ان تک رسائی کے تمام مراحل کو ڈیجیٹل بنایا گیا ہے۔ معلومات مقررہ مدت میں فراہم کرنے اور مرحلہ وار مالی جرمانوں سے متعلق دفعات ضابطہ جاتی نگرانی اور قواعد و ضوابط پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ مجموعی طور پر، ترمیم شدہ ضابطہ جاتی نظام سے باہمی رابطے کے معاہدوں سے متعلق امور میں انتظامی کارکردگی، شفافیت، معلومات تک رسائی اور ضابطہ جاتی یقین دہانی میں بہتری آنے کی توقع ہے۔
’’باہمی رابطے کے معاہدوں کا رجسٹر (چوتھی ترمیم) ضوابط، 2026‘‘ کا مکمل متن اور اس کے ساتھ وضاحتی یادداشت (ایکسپلینیٹری میمورنڈم) ٹرائی کی ویب سائٹ www.trai.gov.in پر دستیاب ہیں۔
کسی بھی وضاحت یا مزید معلومات کے لیے ٹرائی کے مشیر (نیٹ ورکس، اسپیکٹرم اور لائسنسنگ۔ اوّل) جناب سمیر گپتا سے درج ذیل ذرائع پر رابطہ کیا جا سکتا ہے:ای میل: adv-nsl1@trai.gov.inٹیلی فون نمبر: +91-11-20907752
***
ش ح۔ م م ۔م ذ
U.No: 7330