کانکنی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

کان کنی کے وزراء کے چوتھے اجلاس کے پہلے دن متعدد اہم اقدامات، اہم امور پر تبادلۂ خیال اور مرکز و ریاستوں کے درمیان ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے پر زور

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 05 NOV 2026 9:29PM by PIB Delhi

گوا میں کانکنی کی وزارت کے زیرِ اہتمام دو روزہ کان کنی کے وزراء کے چوتھے اجلاس کے پہلے دن گوا کے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر پرمود ساونت، کوئلہ و کانکنی کےمرکزی وزیرِ جناب جی کشن ریڈی، وزیرِ مملکت برائے کوئلہ و کانکنی جناب ستیش چندر دوبے، وزارتِ کانکنی کے سکریٹری جناب کیشو چندر، کوئلہ  کی وزارت کے سکریٹری، مختلف ریاستوں کے وزرائے کانکنی اور وزارتِ کانکنی و وزارتِ کوئلہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

A1.jpeg

اس دن تین اہم اقدامات کا آغاز کیا گیا، جن کا مقصد معدنیات کی تلاش کے عمل کو مستحکم بنانا، شفافیت میں اضافہ کرنا اور ٹیکنالوجی پر مبنی معدنی انتظام و انصرام کو فروغ دینا ہے۔ اہم اور اسٹریٹجک معدنیات کے بلاکس کی نیلامی کی نویں قسط کا آغاز کیا گیا، جس کے تحت 8 ریاستوں میں 20 معدنی بلاکس پیش کیے گئے ہیں۔ ان میں نادر ارضی عناصر، گریفائٹ اور وینیڈیم جیسے اسٹریٹجک اعتبار سے اہم معدنیات شامل ہیں۔ اس کے بعد تلاش کے لائسنس کی نیلامی کی تیسری قسط کا آغاز کیا گیا، جس میں 6 ریاستوں کے 11 معدنیاتی تلاش کے بلاکس شامل ہیں۔ اس سے ملک میں معدنیات کے غیر دریافت شدہ ذخائر کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کی راہ ہموار ہوگی۔

A2.jpeg

موجود معزز شخصیات نے اعداد و شمار پر مبنی حکمرانی اور سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے کے عمل کو مستحکم بنانے کے لیے بھارتی بیورو آف مائنز (آئی بی ایم) کے تیار کردہ دو ڈیجیٹل پورٹلوں-انویش اور ایکم کا بھی آغاز کیا۔ ’انویش‘-(کانکنی میں قدروقیمت کے تعین، جائزے اور اسٹریٹجک پیش رفت کے لیے تجزیاتی و رہنمائی نظام)،کانکنی سے متعلق اہم اعداد و شمار تک رسائی اور ان کے تجزیے کو آسان بنائے گا۔ ان اعداد و شمار میں معدنی پیداوار، ترسیل، فروخت کی مقدار، فروخت کی اوسط قیمت اور درآمدات و برآمدات شامل ہیں۔ یہ اقدامات بھارت کی معدنیاتی سلامتی کو مضبوط بنانے اور کانکنی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی سمت میں اہم پیش رفت ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ مملکت برائے کوئلہ و کانکنی جناب ستیش چندر دوبے نے مرکز اور ریاستوں کے درمیان مؤثر تال میل، معدنیات کی تلاش کی سرگرمیوں کو مستحکم بنانے اور کانکنی کے شعبے کو درپیش چیلنجوں کے حل کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

A3.jpeg

گوا کے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر پرمود ساونت نے گوا کی اقتصادی ترقی میں کانکنی کے شعبے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور پائیدار کانکنی کے طریقوں، وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال اور مرکز و ریاستوں کے درمیان تعاون پر زور دیا۔

A4.jpeg

کوئلہ و کانکنی کےمرکزی وزیرجناب جی کشن ریڈی نے  وکست بھارت @2047 کے وژن کو حقیقت میں بدلنے میں کانکنی اور کوئلہ کے شعبوں کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مقامی معدنی پیداوار کو مستحکم بنانے، معدنیات کی تلاش کے عمل میں تیزی لانے، اہم معدنیات کی پراسیسنگ، تطہیر اور بازتدویر کو فروغ دینے، جدید ٹیکنالوجیز اپنانے اور مرکز و ریاستوں کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔

کانکنی کی وزارت کے سکریٹری جناب کیشو چندر نے کانکنی کے شعبے کی مؤثر ترقی کے لیے ریاستوں کی فعال شرکت اور مرکزی حکومت کے ساتھ قریبی تال میل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے چیلنجوں سے نمٹنے، معدنیات کی تلاش میں تیزی لانے اور ملک کی معدنیاتی صلاحیت سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔

کوئلے کی وزارت کے سکریٹری نے کوئلہ کے شعبے کی اہم ترجیحات اور اس شعبے کو مستحکم بنانے نیز ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مرکز اور ریاستوں کے درمیان مربوط کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

کانکنی کی وزارت کے ایڈیشنل سکریٹری نے کانکنی کے شعبے میں اہم پیش رفت، اقدامات اور ترجیحات پر ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی، جس میں معدنیات کی تلاش، معدنی بلاکس کی نیلامی، اہم اور اسٹریٹجک معدنیات، مقامی معدنی پیداوار اور مرکز و ریاستوں کے درمیان مربوط کارروائی سے متعلق امور شامل تھے۔ وزارتِ کوئلہ کے ایڈیشنل سکریٹری نے بھی اہم مسائل، شعبے کو درپیش چیلنجوں اور کوئلہ کے شعبے کو مستحکم بنانے کے لیے ترجیحی اقدامات پر ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔

اجلاس میں شرکت کرنے والی ریاستوں کے کانکنی  محکمے کے وزراءنے اپنی اپنی ریاستوں کے کانکنی کے شعبے سے متعلق چیلنجوں، مسائل اور ترجیحات کے بارے میں تفصیلی خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ریاستی سطح کے مخصوص مسائل، عمل درآمد سے متعلق چیلنجوں اور ایسے شعبوں کی نشاندہی کی جن کے لیے مرکزی حکومت کی توجہ اور تعاون درکار ہے۔ ان مباحثوں نے ریاستوں کو اپنے خیالات پیش کرنے، تجربات کا تبادلہ کرنے، رکاوٹوں کو دور کرنے کے اقدامات پر غور و خوض کرنے اور کانکنی کے شعبے کی ترقی کو رفتار دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا۔

پہلے دن کا اختتام مثبت تبادلۂ خیال، مرکز و ریاستوں کے درمیان ہم آہنگی کو مستحکم بنانے پر نئے سرے سے زور، ریاستوں کے مسائل کے حل اور بھارت کے کانکنی و کوئلہ کے شعبوں کی ترقی کو آگے بڑھانے کے عزم کے ساتھ ہوا۔ یہ اجلاس  کو اہم ترجیحات اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر مزید تبادلۂ خیال کے لئے6 نومبر 2026 تک جاری رہے گا۔

****

ش ح۔ع و۔ ش ا

U.NO : 7322


(ریلیز آئی ڈی: 2333446) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Marathi