پوسٹ کرنے کی تاریخ:
05 NOV 2026 3:38PM by PIB Delhi
وزارتِ ٹیکسٹائل نے خصوصی مہم 6 کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی، جو 2 اکتوبر سے 31 اکتوبر 2026 تک جاری رہی۔ اس مہم میں وزارت کے منسلک اور ماتحت دفاتر، خودمختار اداروں اور سرکاری شعبے کے اداروں(پی ایس یوز) نے بھرپور شرکت کی۔اس مہم کا مقصد صفائی ستھرائی کو فروغ دینا، انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانا، زیرِ التوا معاملات کو کم کرنا، ریکارڈ کے انتظام کو مستحکم بنانا اور کچرے کو پائیدار طریقے سے ٹھکانے لگانے کے عمل کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔خصوصی مہم 6 کے دوران وزارتِ ٹیکسٹائل کے تمام ماتحت دفاتر اور متعلقہ اداروں نے فعال طور پر حصہ لیا۔ ان اداروں کی جانب سے صفائی مہم، شجرکاری پروگرام، فالتو اور ناکارہ سامان کی تلفی، الیکٹرانک کچرے (ای ویسٹ) کا انتظام، ریکارڈ کی ترتیب و تنظیم اور دیگر سرگرمیاں انجام دی گئیں، جنہوں نے مہم پر کامیابی سے عمل درآمد میں اہم کردار ادا کیا۔مہم کی مؤثر منصوبہ بندی، باہمی تال میل اور نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ( ڈی ڈی جی) کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، جس میں تین ارکان شامل تھے۔
خصوصی مہم کے تحت وزارت اور اس سے منسلک اداروں نے فالتو اور ناکارہ سامان کو ٹھکانے لگانے کے ذریعے 10,15,814 روپے کی آمدنی حاصل کی، جبکہ 44,025 مربع فٹ دفتری جگہ کو خالی کرایا گیا۔مہم کے دوران جائزہ لی گئی 20,950 فزیکل فائلوں میں سے 8,080 غیر ضروری فائلوں کو تلف کیا گیا، جبکہ 6,727 ای فائلوں کا جائزہ لینے کے بعد 996 فائلیں بند کر دی گئیں۔اس کے علاوہ 242 مقامات پر صفائی ستھرائی کی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ وزارت نے مقررہ اہداف کے مطابق عوامی شکایات اور عوامی شکایات سے متعلق اپیلوں کے نمٹارے میں 100 فیصد کامیابی حاصل کی۔مزید برآں، 26 پارلیمانی یقین دہانیوں میں سے 9 پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹس وزارتِ پارلیمانی امور کو ارسال کی گئیں۔
ای ویسٹ (الیکٹرانک کچرے) کو ٹھکانے لگانے سے متعلق مہم کے تحت اب تک 3,62,096 روپے کی آمدنی حاصل کی جا چکی ہے۔ باقی متوقع آمدنی کی وصولی کا عمل جاری ہے اور یہ رقم مناسب وقت پر سرکاری خزانے میں جمع کر دی جائے گی۔
خصوصی مہم 6 کے تحت وزارتِ ٹیکسٹائل کی جانب سے انجام دی گئی اہم سرگرمیاں
ماحولیات کے تئیں شعور بیدار کرنے اور ادارہ جاتی سطح پر صفائی ستھرائی کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے۔ اس مہم کا آغاز 2 اکتوبر 2026 کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی(این آئی ایف ٹی) ، دہلی میں شجرکاری مہم کے ساتھ ہوا، جس کا افتتاح سیکریٹری (ٹیکسٹائل) نے کیا۔ اس موقع پر وزارت کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

این آئی ایف ٹی دہلی میں گاندھی جینتی کے موقع پر صفائی ستھرائی اور سوچھتا سے متعلق سرگرمیوں کا انعقاد
خصوصی مہم 6 کے تحت وزارتِ ٹیکسٹائل کی جانب سے سائبر سیکیورٹی سے متعلق بیداری ورکشاپ کا انعقاد بھی کیا گیا، جس کا مقصد افسران اور عملے کو سائبر سیکیورٹی کی اہمیت اور محفوظ ڈیجیٹل طریقۂ کار سے روشناس کرانا تھا۔ورکشاپ کے دوران ابھرتے ہوئے سائبر خطرات، فشنگ (آن لائن دھوکہ دہی)، انٹرنیٹ کے دیگر خطرات، پاس ورڈ کی حفاظت، ڈیجیٹل معلومات کے محفوظ استعمال اور سرکاری آئی ٹی نظام کے ذمہ دارانہ استعمال جیسے اہم موضوعات پر روشنی ڈالی گئی۔اس اقدام کا مقصد سائبر سیکیورٹی سے متعلق احتیاطی تدابیر کو مضبوط بنانا، ملازمین میں بیداری پیدا کرنا اور وزارت سمیت اس کے ماتحت اداروں میں ایک محفوظ ڈیجیٹل کام کا ماحول فروغ دینا تھا۔


خصوصی مہم 6 کے تحت وزارتِ ٹیکسٹائل نے الیکٹرانک کچرے (ای ویسٹ) کے مؤثر انتظام پر خصوصی توجہ مرکوز کی۔ اس سلسلے میں ای ویسٹ کی نشاندہی، جمع آوری، درجہ بندی اور منظم طریقے سے ٹھکانے لگانے کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے۔مہم کے دوران مختلف دفاتر اور ماتحت اداروں کی حوصلہ افزائی کی گئی کہ وہ ای ویسٹ کو ٹھکانے لگانے کے عمل میں حصہ لیں، تاکہ ناکارہ اور پرانے الیکٹرانک آلات کو ماحول دوست طریقے سے تلف کیا جا سکے۔اس کے علاوہ ای ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق بیداری اجلاس ، کوئز اور مضمون نویسی کے مقابلوں سمیت مختلف سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔ ان سرگرمیوں کا مقصد ای ویسٹ کے ماحولیاتی اثرات کے بارے میں افسران اور ملازمین میں شعور بیدار کرنا اور انہیں پائیدار اور ماحول دوست طریقے اپنانے کی ترغیب دینا تھا۔

وزارتِ ٹیکسٹائل نے وزارتِ ہاؤسنگ و شہری امور کے اشتراک سے ٹیکسٹائل کے فضلے کو جمع کرنے کے لیے ایک خصوصی مہم ’’ٹیکسٹائلز فار ٹومارو (پرانے کپڑے، نئے امکانات)‘‘ شروع کی، جس کا مقصد استعمال شدہ کپڑوں کے دوبارہ استعمال، ری سائیکلنگ اور ٹیکسٹائل کے فضلے کے پائیدار انتظام کو فروغ دینا ہے۔اس مہم کو حوصلہ افزا پذیرائی حاصل ہوئی اور اس کے تحت مجموعی طور پر 1,003 کلوگرام استعمال شدہ ٹیکسٹائل کا فضلہ جمع کیا گیا۔



’’کچرے سے فن پارے‘‘تخلیقی صلاحیتوں اور دوبارہ استعمال کے رجحان کو فروغ دینا
این آئی ایف ٹی نے اپنی تخلیقی اور ڈیزائن پر مبنی شناخت کے عکاس ایک منفرد اقدام کے تحت ’’کچرے سے فن پارے‘‘ سرگرمی کا انعقاد کیا، جس میں یہ دکھایا گیا کہ کس طرح ضائع شدہ اشیا اور ناکارہ مواد کو کارآمد اور آرائشی مصنوعات میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔اس سرگرمی کے تحت تخلیقی انداز میں تیار کی گئی اشیا کو کیمپس کے منتخب مقامات کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے بھی استعمال کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد اشیا کے دوبارہ استعمال، ری سائیکلنگ اور کچرے میں کمی کے اصولوں کو فروغ دینا تھا۔


تشہیر اور عوامی رابطہ مہم
وزارتِ ٹیکسٹائل نے اپنے ماتحت اداروں کی کامیابیوں اور سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لیے پریس انفارمیشن بیورو کی پریس ریلیزز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بڑے پیمانے پر تشہیری مہم چلائی۔اس مہم کے تحت مجموعی طور پر 12 پی آئی بی پریس ریلیزز اور 2,960 سوشل میڈیا پوسٹس شائع کی گئیں، جن میں 2,055 جامد تخلیقی پوسٹس اور 690 ریلز/شارٹس شامل تھیں۔اس تشہیری مہم کے ذریعے مجموعی طور پر 2,80,697 افراد تک رسائی اور تاثرات حاصل ہوئے، جبکہ لائکس، شیئرز اور کمنٹس کی صورت میں 40,854 انگیجمنٹس ریکارڈ کی گئیں۔
خصوصی مہم 6 کی کامیاب تکمیل وزارتِ ٹیکسٹائل کے سوچھتا ، وسائل کے پائیدار انتظام، شفافیت اور مؤثر حکمرانی کے تئیں مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ کامیابی وزارت کے تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ اور مربوط کوششوں کا نتیجہ ہے۔
****
ش ح۔ ش ب۔ خ م
U.NO.7273