مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا (ٹرائی) نے نیٹ ورک انوبھو پلیٹ فارم کا آغاز کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 04 NOV 2026 4:21PM by PIB Delhi

بھارتی ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی (ٹرائی) نے آج ‘‘نیٹ ورک انوبھو پلیٹ فارم’’ کا آغاز کیا۔ یہ صارفین کے نیٹ ورک ٹیسٹ کے اعداد و شمار اور ٹرائی کے آزادانہ ڈرائیو ٹیسٹ کے اعداد و شمار کے لیے ایک جیؤ اسپیشل اور تجزیاتی ڈیش بورڈ ہے، جس میں ڈی این ڈی کا ویب انٹرفیس بھی فراہم کیا گیا ہے۔ صارفین کے ٹیسٹ کے اعداد و شمار میں ٹرائی کی مائی اسپیڈ اور مائی کال ایپس کے ذریعے حاصل ہونے والے ٹیسٹ نتائج شامل ہیں۔ یہ پلیٹ فارم صارفین، خدمات فراہم کرنے والوں اور ٹرائی کو نیٹ ورک کے مختلف پیمانوں سے متعلق معلومات اور تجزیاتی نتائج فراہم کرتا ہے۔

جغرافیائی نقشوں کی اہم خصوصیات

جغرافیائی نقشوں کے ذریعے صارفین درج ذیل سہولتیں حاصل کر سکتے ہیں:

  • سیلولر یا فکسڈ براڈ بینڈ کے زمرے کے لحاظ سے ٹیسٹ کے نتائج دیکھنا، جنہیں ڈاؤن لوڈ اور اپ لوڈ کی رفتار سمیت مختلف پیمانوں کی بنیاد پر خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں اور ٹیکنالوجی کے اعتبار سے مزید تقسیم کیا گیا ہے۔
  • نقشے پر مختلف مقامات تک رسائی حاصل کرنا اور انہیں بڑا کرکے صارفین کے ذریعے تیار کردہ ٹیسٹ کے مشاہدات کے مقامات اور ان کی تقسیم کا جائزہ لینا۔
  • دکھائے گئے نتائج کو سمجھنے اور ان کی تشریح کرنے کے لیے فلٹرز، وضاحتی علامات، معاون جدولوں اور ڈاؤن لوڈ کیے جا سکنے والے گوشواروں کا استعمال کرنا۔

یہ پلیٹ فارم کسی مخصوص علاقے میں صارفین کے ذریعے کیے گئے ٹیسٹ کی بنیاد پر مختلف فیصد اقدار پیش کرتا ہے:

  • پی 50 (درمیانی رفتار): نصف ٹیسٹوں میں رفتار اس قدر کے برابر یا اس سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔
  • پی 80 (موبائل براڈ بینڈ کے لیے): 80 فیصد ٹیسٹوں میں رفتار اس قدر کے برابر یا اس سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔
  • پی 90 (فکسڈ براڈ بینڈ کے لیے): 90 فیصد ٹیسٹوں میں رفتار اس قدر کے برابر یا اس سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔

اگرچہ صارفین کے ٹیسٹ کی بنیاد پر حاصل ہونے والی یہ اقدار، معیاری طریقۂ کار کے مطابق نیٹ ورک کے معیار کے جامع جائزے کی نمائندگی نہیں کرتیں، تاہم یہ مختلف مقامات پر دوسرے صارفین کے تجربات کے بارے میں لوگوں کو قیمتی معلومات فراہم کرتی ہیں۔ ان نقشوں کے ذریعے مختلف مقامات پر کیے گئے آزادانہ ڈرائیو ٹیسٹ کے نتائج کا جغرافیائی جائزہ لینا بھی آسان ہوتا ہے۔ اس طرح، اعداد و شمار کے ان دونوں مجموعوں اور ان کی جغرافیائی نقشہ بندی کے ذریعے صارفین کو دوسرے لوگوں کے تجربات اور آزادانہ ڈرائیو ٹیسٹ کے نتائج سے متعلق مفید معلومات حاصل ہوتی ہیں۔

صارفین کی بااختیاری

صارفین اسپیم کی اطلاع دے سکتے ہیں اور انٹرنیٹ کی رفتار جانچ سکتے ہیں۔ ٹرائی کی ایپس، ویب انٹرفیس اور آزادانہ ڈرائیو ٹیسٹ کے ذریعے حاصل ہونے والے مجموعی نتائج نیٹ ورک انوبھو ڈیش بورڈ پر دستیاب ہیں۔ صارفین مختلف مقامات پر دوسرے صارفین کے ذریعے کیے گئے ٹیسٹ کے نتائج بھی دیکھ سکتے ہیں۔

ٹی ایس پیز اور ٹرائی کے لیے مفید معلومات

ایک محفوظ انٹرفیس کے ذریعے ٹیلی کام خدمات فراہم کرنے والی کمپنیاں (ٹی ایس پیز) صارفین کے ذریعے کیے گئے کال کے معیار، نیٹ ورک کوریج اور انٹرنیٹ ٹیسٹ کے اعداد و شمار دیکھ سکتی ہیں۔ مقام، تاریخ، وقت اور تکنیکی پیمانوں کی اقدار کے ساتھ ٹی ایس پیز مزید تجزیے کے لیے مخصوص جغرافیائی مقامات کی نشاندہی کر سکتی ہیں اور نیٹ ورک کو بہتر بنانے کے لیے ان معلومات سے استفادہ کر سکتی ہیں۔

ٹرائی صارفین کے تجربات کی شواہد پر مبنی نگرانی کے لیے ان مجموعی معلومات کا استعمال کر سکتی ہے اور نیٹ ورک کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ان سے استفادہ کر سکتی ہے۔

مائی اسپیڈ ایس ڈی کے

ٹرائی کا مائی اسپیڈ ایس ڈی کے اہل تیسرے فریق کی ایپس کو رابطے کی پیمائش کی سہولتیں شامل کرنے کے قابل بناتا ہے۔ اس سہولت کو وسیع پیمانے پر اپنانے سے صارفین کی شرکت اور حقیقی حالات میں حاصل ہونے والے پیمائشی اعداد و شمار کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے، جو اس پلیٹ فارم میں شامل کیے جاتے ہیں۔

ڈی این ڈی خدمات

انوبھو پورٹل کے ذریعے اب ڈی این ڈی تک رسائی ویب انٹرفیس کے ذریعے بھی دستیاب ہے۔ صارفین تجارتی پیغامات اور کالز کے سلسلے میں اپنی ترجیحات درج کرنے، غیر مطلوبہ تجارتی مواصلات سے متعلق شکایات درج کرانے، شکایات کی صورتِ حال معلوم کرنے اور مجموعی طور پر نیز خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے اعتبار سے شکایات کی تفصیلات دیکھنے کے لیے دستیاب ڈی این ڈی سہولتوں کا استعمال کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر ٹرائی کے چیئرمین جناب انل کمار لاہوٹی نے کہا:

‘‘نیٹ ورک انوبھو پلیٹ فارم صارفین اور ٹرائی کے ذریعے کیے گئے نیٹ ورک ٹیسٹ کے نتائج میں زیادہ شفافیت لاتا ہے۔ یہ صارفین کو مقام اور خدمات فراہم کرنے والی کمپنی کے اعتبار سے ٹیسٹ کے نتائج کا تجزیہ کرنے کے قابل بناتا ہے، ٹیلی کام خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو نیٹ ورک کی بہتری کے لیے مخصوص علاقوں کی نشاندہی کرنے میں مدد دیتا ہے اور نیٹ ورک کو بہتر بنانے کی ٹرائی کی کوششوں کو مزید تقویت بخشتا ہے۔’’

صارفین سے گزارش ہے کہ وہ ٹرائی کی مائی اسپیڈ اور مائی کال ایپس کے ذریعے باقاعدگی سے اپنا تعاون پیش کریں۔ زیادہ سے زیادہ صارفین کی شرکت سے پلیٹ فارم پر دستیاب معلومات کی وسعت اور افادیت میں اضافہ ہوگا۔

پلیٹ فارم تک رسائی

نیٹ ورک انوبھو پورٹل: https://anubhav.trai.gov.in

مزید معلومات کے لیے رابطہ کریں:محترمہ ارچنا اہلاوت، مشیر (آئی ٹی) ای میل: advisorit@trai.gov.in.

*****

ش ح۔ک ح۔ اش ق

U. No- 7224


(ریلیز آئی ڈی: 2332640) وزیٹر کاؤنٹر : 6