سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سی ایس آئی آر اور دکشن-آر آئی ایس نے عالمی جنوب کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کو فروغ دینے کے لیے معاہدہ کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 04 NOV 2026 12:07PM by PIB Delhi

عالمی جنوب کے ممالک کی ترقی کے لیے صلاحیت سازی، تحقیقی تعاون اور ٹیکنالوجی کی شراکت داریوں کو مضبوط بنانے کے مشترکہ وژن کے تحت، سائنسی و صنعتی تحقیق کی کونسل (سی ایس آئی آر) اور ترقی پذیر ممالک کے لئے تحقیق اور معلومات کا نظام (آر آئی ایس) کے تحت قائم دکشن – گلوبل ساؤتھ سینٹر آف ایکسی لینس نے 3 نومبر 2026 کو ایک شراکت داری کے معاہدے (ایل او اے) پر دستخط کیے۔

دکشن کا تصور عالمی جنوب کے ممالک کے درمیان علم کے تبادلے اور باہمی استفادے کو فروغ دینا ہے، جس کے ذریعے پائیدار، کفایتی اور مقامی ضروریات کے مطابق  حل تیار کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ وسائل کے اشتراک، ٹیکنالوجی کی منتقلی، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ حکمت عملیوں کے ذریعے دکشن کا مقصد ترقی سے متعلق مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنا اور پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) کے حصول کی جانب پیش رفت کو تیز کرنا ہے۔ اس تناظر میں، سی ایس آئی آر اپنے وسیع سائنسی اور تکنیکی علمی ذخیرے کے ساتھ ساتھ ایسی تیار شدہ، کفایتی اور خود کو نئے حالات کے مطابق ڈھالنے لائق ٹیکنالوجیز بھی اس شراکت داری کے لیے فراہم کرتا ہے، جو عالمی جنوب کی ترقیاتی ضروریات کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہیں۔ ان ٹیکنالوجیز میں وسیع پیمانے پر فروغ، صنعت کی قیادت میں نفاذ اور شراکت دار ممالک میں صنعت کاری کو سہولت فراہم کرنے کے نمایاں امکانات موجود ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سی ایس آئی آر کے بین الاقوامی سائنس و ٹیکنالوجی امور ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ ڈاکٹر راما سوامی بنسل نے عالمی جنوب کے ممالک کے درمیان بین الاقوامی روابط کی اہمیت پر زور دیا اور ترقیاتی ترجیحات کے مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اشتراکی شراکت داری کے اختراعی ماڈل تیار کرنے کے امکانات کو اجاگر کیا۔

آر آئی ایس کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر سچن کمار شرما نے کہا کہ سی ایس آئی آر کے ساتھ یہ اشتراک عالمی جنوب کے ممالک کے لیے سائنسی مہارت اور تکنیکی اختراعات کو باہمی تعاون پر مبنی مؤثر حل میں ڈھالنے کی سمت ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے بالخصوص صحت کی دیکھ بھال، بنیادی ڈھانچے، زراعت، نیلگوں معیشت اور ڈیجیٹل معیشت جیسے اہم شعبوں میں تعاون کے امکانات کو اجاگر کیا۔

ایل او اے کے اہم مقاصد میں درج ذیل شامل ہیں:

  1. ترقیاتی چیلنجوں کے لیے اختراعی اور مقامی حالات کے مطابق  حل تلاش کرنے کی غرض سے مشترکہ پالیسی مطالعات کو فروغ دینا۔
  2. ترقیاتی اقدامات کو بڑے پیمانے پر وسعت دینے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں اور ایجنسیوں کو شامل کرنا۔
  3. صلاحیت سازی، انسانی وسائل کی ترقی اور مہارتوں کو مزید بہتر بنانے کی سرگرمیوں کو فروغ دینا۔
  4. عالمی جنوب کے ممالک کے درمیان اجتماعی خود انحصاری کو مستحکم کرنے کے لیے ترقیاتی تجربات، بہترین طور -طریقوں اور کامیابی کی داستانوں کو دستاویزی شکل دینا اور ان کا تبادلہ کرنا۔

توقع ہے کہ یہ شراکت داری  جنوب-جنوب تعاون کو فروغ دینے، بین الاقوامی شراکت داریوں کو متحرک کرنے اور سائنس و ٹیکنالوجی کے موزوں حل کی منتقلی، مقامی ضروریات کے مطابق ان میں تبدیلی اور ان کے نفاذ میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک بامعنی پلیٹ فارم مہیا کرے گی۔ سی ایس آئی آر کی سائنسی اور تکنیکی مہارت اور دکشن کے عالمی روابط کے پلیٹ فارم سے استفادہ کرتے ہوئے، اس اشتراک کا مقصد کم لاگت، پائیدار اور مقامی ضروریات سے ہم آہنگ تکنیکی حل اور مصنوعات کی تیاری اور ان کے فروغ میں معاونت فراہم کرنا ہے، جس سے عالمی جنوب میں شمولیتی ترقی اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔

********

 (ش ح ۔م ش  ۔ص ج )

U. No.7204


(ریلیز آئی ڈی: 2332503) وزیٹر کاؤنٹر : 9
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati