پوسٹ کرنے کی تاریخ:
03 NOV 2026 4:33PM by PIB Delhi
پنشن اور پنشن یافتگان کی بہبود کے محکمہ (ڈی او پی پی ڈبلیو) نے ملک گیر ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ (ڈی ایل سی) مہم کے پانچویں مرحلے کے تحت آج نئی دہلی میں پارلیمنٹ اسٹریٹ برانچ میں پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) کے اشتراک سے ایک بڑے کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس کیمپ کا مقصد پنشن یافتگان اور خاندانی پنشن یافتگان کو چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانے میں سہولت فراہم کرنا اور ڈیجیٹل خدمات کی آسانی کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے محکمۂ پنشن و پنشن یافتگان کی بہبود کی سکریٹری محترمہ نِویدتا شکلا ورما نے اس بات پر زور دیا کہ محکمہ کے تمام اقدامات کا محور پنشن یافتگان ہیں اور ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ مہم کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہے کہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے پنشن یافتگان سمیت ہر پنشن یافتہ تک رسائی حاصل کی جائے۔ بزرگ پنشن یافتگان کی شرکت اور تعاون کو سراہتے ہوئے سکریٹری محترمہ نویدیتا ورما نے بتایا کہ گزشتہ مہم کے دوران 80 سال یا اس سے زیادہ عمر کے 14 لاکھ سے زائد پنشن یافتگان نے اپنے ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ جمع کرائے تھے، جو ایک اہم کامیابی ہے۔
سکریٹری نے پنشن یافتگان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے تجربات دوسروں کے ساتھ مشترک کر کے اور ساتھی پنشن یافتگان کو چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی اپنانے کی ترغیب دے کر ڈیجیٹل خودمختاری کے سفیر بنیں۔ اس پہل کی سہولتوں کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنشن یافتگان اسمارٹ فون کے ذریعے گھر بیٹھے اپنے ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ تیار کرسکتے ہیں اور اس کے لیے انہیں نہ تو کسی دوسرے شخص پر انحصار کرنے کی ضرورت ہے اور نہ ہی بینک کی شاخ میں جانے کی کوئی ضرورت ہے۔
محکمۂ پنشن و پنشن یافتگان کی بہبود کے جوائنٹ سکریٹری جناب دھروب جیوتی سین گپتا نے بتایا کہ 2014 میں آغاز کے بعد سے ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ کی خدمات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ 2021 میں چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی متعارف کرائے جانے سے یہ عمل مزید آسان اور قابلِ رسائی ہوگیا ہے۔ جوائنٹ سکریٹری نے بتایا کہ گزشتہ مہم کے دوران چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کیے گئے سرٹیفکیٹس کی تعداد تقریباً 50 لاکھ سے بڑھ کر لگ بھگ 1.25 کروڑ ہوگئی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جو پنشن یافتگان کیمپوں میں نہیں آسکتے یا خود اس عمل کو مکمل کرنے سے قاصر ہیں، ان کے لیے بینکوں اور ڈاک خانوں کے ذریعے گھر پر ہی خدمات فراہم کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
پی این بی کے اس بڑے کیمپ میں بزرگ پنشن یافتگان کے ساتھ تبادلۂ خیال کا موقع بھی فراہم کیا گیا اور ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ کی خدمات کے ساتھ ایک طبی کیمپ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس پہل سے قابلِ رسائی، محفوظ اور پنشن یافتگان کی ضروریات پر مرکوز ڈیجیٹل خدمات کو فروغ دینے کے لیے محکمۂ پنشن و پنشن یافتگان کی بہبود کے عزم کا اعادہ ہوا۔



****
ش ح۔ م ع۔ خ م
U.NO.7159