پوسٹ کرنے کی تاریخ:
03 NOV 2026 1:30PM by PIB Delhi
کانوں کو بند کرنا کان کنی کے پورے عمل کا ایک لازمی حصہ ہے۔ تاہم، کان کنی کی سرگرمیاں مکمل ہونے کے ساتھ ہی کان کنی والے علاقے کے تئیں ذمہ داریاں ختم نہیں ہو جاتیں۔ کان کنی کے بعد خالی ہونے والی زمین کا مفید استعمال یقینی بنانے، ماحولیات کی بحالی اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے کانوں کو نئے مقاصد کے تحت بروئے کار لانے کا ایک منظم طریق کار اختیار کرنا ضروری ہے۔ اس ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے، حکومت ہند کی وزارت کوئلہ کے تحت کوئلہ کنٹرولر تنظیم (سی سی او) نے سووِکلپ- کانوں کے نئے استعمال کا منصوبہ ساز آلہ تیار کیا ہے۔ یہ ایک ڈجیٹل پلیٹ فارم ہے، جو کوئلہ اور لگنائٹ کی کانوں کے لیے کان کنی کے منصوبے سے متعلق رہنما خطوط- 2025 کے مطابق تیار کیا گیا ہے اور فیصلہ سازی میں معاونت فراہم کرتا ہے۔
‘سووِکلپ’ کا مقصد کان کنی کے بعد خالی ہونے والی زمین کے مناسب استعمال کے امکانات کی نشاندہی کے لیے ایک سائنسی، شفاف اور معیاری نظام قائم کرنا ہے۔ یہ پلیٹ فارم روایتی طور پر کانوں کے نئے استعمال سے متعلق فیصلوں میں مختلف پہلوؤں کے بکھرے ہوئے جائزے، متعدد عوامل کی الگ الگ جانچ اور مقامی برادریوں کی ترجیحات کو محدود طور پر شامل کیے جانے جیسے مسائل سے نمٹنے میں مدد کرتا ہے۔
سائنسی اور اعداد و شمار پر مبنی جائزہ
سووِکلپ ایک ہی ڈجیٹل پلیٹ فارم پر کانوں کی جغرافیائی اور کان کنی سے متعلق خصوصیات، ماحولیاتی حالات، بنیادی ڈھانچے کی دستیابی، وسائل کی حدود، مالی پہلوؤں اور سماجی و اقتصادی عوامل کو یکجا کرتا ہے۔ صارفین متعلقہ کان سے متعلق معلومات درج کرکے اس کا ایک جامع خاکہ تیار کر سکتے ہیں، جس کی مدد سے ہر کان کے مقام کی خصوصیات اور حدود کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے استعمال کے ممکنہ متبادل کا منظم جائزہ لیا جا سکتا ہے۔
یہ پلیٹ فارم ممکنہ متبادل استعمالات کی جانچ اور درجہ بندی کے لیے کثیر معیارات پر مبنی فیصلہ سازی (ایم سی ڈی ایم) کا طریق کار اپناتا ہے، جو ٹاپسس (مثالی حل سے مماثلت کی بنیاد پر ترجیحی متبادل کے انتخاب کی تکنیک) پر مبنی ہے۔ اس طریق کار سے متعدد معیارات کی بنیاد پر مختلف متبادل کا معروضی موازنہ ممکن ہوتا ہے اور متعلقہ فریقوں کو شفاف، یکساں اور شواہد پر مبنی سفارشات فراہم کی جاتی ہیں۔
جائزے کا عمل ایک منظم ترتیب کے تحت انجام دیا جاتا ہے، جس میں عوامل کا انتخاب، ممکنہ متبادل کی نشاندہی، مقامی برادریوں کی ترجیحات کو شامل کرنا، موزونیت کا جائزہ اور آخر میں درجہ بندی شامل ہے۔ اس سے کانوں کے مالکان، منصوبے کے تجویز کنندگان اور سرکاری اداروں کو محض شخصی آرا پر انحصار کرنے کے بجائے ہر کان کے مقام کے مخصوص حالات کی بنیاد پر باخبر فیصلے کرنے میں مدد ملتی ہے۔
ری کلیم کے ذریعے مقامی برادریوں کی ترجیحات کو شامل کرنا
کانوں کے پائیدار اور نئے استعمال کے منصوبوں میں کان کنی والے علاقوں میں رہنے والی برادریوں کی خواہشات اور ضروریات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ اسی مقصد کے تحت سووِکلپ میں ری کلیم- برادری کی شمولیت اور ترقی کا فریم ورک شامل کیا گیا ہے تاکہ منصوبوں کے جائزے کے عمل میں مقامی ترجیحات کو بھی جگہ دی جا سکے۔
یہ فریم ورک تکنیکی امکانات، ماحولیاتی موزونیت اور اقتصادی پہلوؤں کے ساتھ مقامی لوگوں کی ترجیحات کو منظم انداز میں ملحوظ رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ اس سے اس بات کو یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے کہ مجوزہ ترقیاتی منصوبے مقامی ترقیاتی ضروریات، روزگار کی فراہمی، ذریعۂ معاش کے مواقع، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مقامی برادریوں کے طویل مدتی مفادات سے ہم آہنگ ہوں۔
فیصلہ سازی کے عمل میں مقامی برادریوں کے نقطۂ نظر کو شامل کرکے سووِکلپ کان کنی کے بعد ترقی کے لیے ایک شراکتی طریق کار کو فروغ دیتا ہے۔ اس طرح کانوں کی بندش، علاقائی ترقی اور جامع نمو کے درمیان ربط مزید مضبوط ہوتا ہے۔
منصوبے کی نشاندہی سے عمل درآمد تک: پرزم
سووِکلپ کی ایک نمایاں خصوصیت اس کا پرزم (کان کنی کے بعد نئے استعمال کے منصوبوں پر عمل درآمد کا حکمت عملی ماڈل) ہے جو اس پلیٹ فارم کو ممکنہ منصوبوں کی نشاندہی اور درجہ بندی تک محدود نہیں رکھتا، بلکہ اس سے آگے بڑھ کر ان کے عملی نفاذ میں بھی معاونت فراہم کرتا ہے۔
پرزم منصوبوں پر عمل درآمد کے مختلف طریقوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک منظم طریق کار فراہم کرتا ہے۔ اس میں منصوبے کا ویژن، نئے استعمال کی حکمت عملیاں، سرمایہ کاری کے مختلف پہلو، حکمت عملی کی تشکیل اور نگرانی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ایک مربوط معلوماتی ذخیرہ بھی موجود ہے، جس میں منصوبوں کے تصوری نوٹس، قومی اور بین الاقوامی کیس اسٹڈیز، نمونے کے طور پر ٹینڈر دستاویزات، عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں کی تفصیلات اور بہترین طور طریقوں سے متعلق مواد شامل ہے۔
یہ مربوط طریق کار متعلقہ فریقوں کو موزوں مواقع کی نشاندہی سے آگے بڑھ کر منصوبوں کی تیاری اور عملی نفاذ کے تقاضوں کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ، یہ معلومات کے تبادلے کو فروغ دیتا ہے اور باخبر منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں معاونت کے لیے حوالہ جاتی مواد بھی فراہم کرتا ہے۔


آئندہ کا لائحۂ عمل: عمل درآمد پر مبنی نظام کی تشکیل
سووِکلپ کے اگلے مرحلے میں اس کے استعمال کو وسعت دینے اور منصوبوں سے متعلق سفارشات کو عملی شکل دینے کے عمل کو مزید مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس سلسلے میں اہم ترجیحات درج ذیل ہیں:
1. وسیع پیمانے پر استعمال:سووِکلپ کا دائرہ بند اور متروک کوئلہ ور لگنائٹ کی کانوں تک وسیع کرنا۔
2. منصوبوں کی تیاری:سفارشات کو ہر مقام کے مخصوص حالات کے مطابق فزیبلٹی اسٹڈیز، تصوری نوٹس اور تفصیلی منصوبہ جاتی رپورٹوں (ڈی پی آرز) میں تبدیل کرنا۔
3. ادارہ جاتی ہم آہنگی: حکومت، صنعت، ماہرین اور عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں کے درمیان تال میل کو مزید مضبوط بنانا۔
4.سرمایہ کاری کے وسائل کی فراہمی: کانوں کے نئے استعمال سے متعلق قابل عمل منصوبوں کے لیے مالی وسائل اور شراکت داری کے امکانات تلاش کرنا۔
5.علم اور صلاحیت سازی: بہترین طور طریقوں کا تبادلہ کرنا اور متعلقہ فریقوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینا۔
6.نگرانی اور جائزہ:منصوبوں پر عمل درآمد کی پیش رفت پر نظر رکھنا اور ان سے حاصل ہونے والے ماحولیاتی، اقتصادی اور برادری سے متعلق فوائد کا جائزہ لینا۔
کان کنی کے بعد پائیدار مستقبل کی جانب
سووِکلپ کانوں کے نئے استعمال سے متعلق سائنسی اور شراکتی فیصلہ سازی کو ادارہ جاتی شکل دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ایک ہی ڈجیٹل نظام کے تحت تکنیکی جائزے، مقامی برادریوں کی ترجیحات، منصوبوں کی معروضی درجہ بندی اور عمل درآمد سے متعلق رہنمائی کو یکجا کرکے یہ کان کنی کے بعد زمین کے پائیدار استعمال کی منصوبہ بندی کے لیے ایک منظم بنیاد فراہم کرتا ہے۔
طویل مدتی ویژن یہ ہے کہ سووِکلپ کو ایک ایسے قومی معلوماتی اور فیصلہ سازی میں معاونت فراہم کرنے والے نظام کی شکل دی جائے، جسے مختلف کان کنی کے حالات اور علاقائی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق وسعت دی جا سکے۔ اس پہل کی کامیابی کا اندازہ بالآخر صرف موزوں منصوبوں کی نشاندہی سے نہیں، بلکہ ان پر کامیابی کے ساتھ عمل درآمد اور کان کنی والے علاقوں کی برادریوں کو حاصل ہونے والے دیرپا فوائد سے لگایا جائے گا۔
سووِکلپ کے ذریعے مقصد یہ ہے کہ کان کنی کی وراثت کو محض وسائل کے استخراج تک محدود رکھنے کے بجائے اسے ماحولیاتی بحالی، اقتصادی تنوع اور پائیدار علاقائی ترقی کے ایک موقع میں تبدیل کیا جائے۔
*****
ش ح-ظ الف- ت ع
UR No. 7143