پوسٹ کرنے کی تاریخ:
02 NOV 2026 5:17PM by PIB Delhi
وزارتِ کانکنی نے اپنے منسلک اور ماتحت دفاتر، مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں اور خود مختار اداروں کے ساتھ مل کر خصوصی مہم 6 کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی ہے۔ اس مہم میں خاص طور پر ای ویسٹ کو مؤثر طریقے سے جمع کرنے، اس کی درجہ بندی کرنے اور اسے ٹھکانے لگانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اس کے علاوہ صفائی ستھرائی، ریکارڈ کے مؤثر انتظام، زیرِ التوا حوالہ جات کو نمٹانے، عوامی شکایات کے ازالے اور انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی گئی۔ اس مہم کے ذریعے وزارت نے پائیداری اور بہتر حکمرانی کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
خصوصی مہم 6 کی ایک اہم خصوصیت ای ویسٹ کو جمع کرنے اور ٹھکانے لگانے کے لیے وسیع پیمانے پر چلائی گئی مہم تھی۔ اس مہم کے دوران 96 مقامات سے مجموعی طور پر 134.92 ٹن ای ویسٹ جمع کرکے ٹھکانے لگایا گیا، جس سے تقریباً 1.2 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل ہوئی۔ اس اقدام میں وزارتِ کانکنی کے دفاتر اور فیلڈ دفاتر کے ساتھ ساتھ دیگر سرکاری دفاتر کو بھی شامل کیا گیا، جس سے ای ویسٹ کو ذمہ دارانہ طریقے سے ٹھکانے لگانے، وسائل کی بازیافت اور ماحول دوست طریقوں کو فروغ ملا۔
مہم کے دوران وزارت اور اس کے ماتحت اداروں میں صفائی ستھرائی کی465 مہمات چلائی گئیں۔ اس مہم کے تحت ناکارہ سامان اور ای ویسٹ کو ٹھکانے لگانے سے مجموعی طور پر تقریباً 6.19 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل ہوئی اور دفاتر کی تقریباً47,881 مربع فٹ جگہ خالی کرائی گئی۔ ان کوششوں سے کام کرنے کے ماحول کو بہتر بنانے، دفتری جگہ کے بہتر استعمال اور صفائی ستھرائی و پائیداری کے رجحان کو فروغ دینے میں مدد ملی۔
ریکارڈ کے انتظام سے متعلق اقدام کے تحت 13,067 کاغذی فائلوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 9,470 فائلوں کو تلف کر دیا گیا۔ الیکٹرانک ریکارڈ کے زمرے میں3,270 ای فائلوں کا جائزہ لیا گیا اور ان میں سے 1,812 کو بند کر دیا گیا۔ اس طرح مجموعی طور پر 11,282 فائلوں کو تلف یا بند کیا گیا، جس سے ریکارڈ کے انتظام کو مزید منظم بنانے اور انتظامی کارکردگی بہتر کرنے میں مدد ملی۔
وزارت نے عوامی شکایات اور ان سے متعلق اپیلوں، اراکینِ پارلیمنٹ، وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او)، بین وزارتی کمیٹی (آئی ایم سی) اور ریاستی حکومتوں سے موصول ہونے والے حوالہ جات کو نمٹانے کے مقررہ اہداف بھی حاصل کیے۔ اس کے علاوہ، بہتر حکمرانی اور انتظامی کارکردگی کو فروغ دینے کے لیے مہم کے دوران 7 قواعد و ضوابط اور طریقۂ کار کو آسان بنایا گیا۔
ماحولیاتی پائیداری اور وسائل کے تحفظ کو فروغ دینے کے لیے وزارت کے مختلف اداروں نے کئی اختراعی بہترین طریقے اپنائے۔ ہندوستان کاپر لمیٹڈ (ایچ سی ایل) نے راجستھان کے کھیتڑی کاپر کمپلیکس میں بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کی سہولت کا افتتاح کیا اور جھارکھنڈ کے انڈین کاپر کمپلیکس میں ‘ایک پیڑ ماں کے نام’ پہل کے تحت شجرکاری مہم کا اہتمام کیا۔ نالکو نے اپنی ٹاؤن شپ میں حیاتیاتی طور پر تحلیل ہونے والے تھیلوں کے استعمال کو فروغ دیا اور ‘ایک ملازم، ایک سبز پہل’ کے تحت شجرکاری مہمات چلائیں۔ انڈین بیورو آف مائنز (آئی بی ایم) نے رانچی میں بنجر زمین پر ایک سرسبز پارک تیار کیا۔ دیگر اقدامات میں ناکارہ سامان کو دوبارہ استعمال کرکے اسے کارآمد بنانے کی اختراعی سرگرمیاں بھی شامل تھیں، جن کے تحت ضائع شدہ اشیا ءسے آرائشی پودے اور آلات کی کِٹ تیار کی گئیں۔ یہ اقدامات اشیاء کی بازیافت اور تخلیقی انداز میں دوبارہ استعمال کے امکانات کو ظاہر کرتے ہیں۔
وزارتِ کانکنی نے اپنے دفاتر اور اداروں کی مخلصانہ کوششوں سے صفائی ستھرائی، کچرے کے پائیدار انتظام، ریکارڈ کو بہتر انداز میں مرتب کرنے اور شہریوں پر مرکوز حکمرانی کو فروغ دینے کے سلسلے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ خصوصی مہم 6 کے تحت حاصل ہونے والی کامیابیاں ماحولیاتی پائیداری، وسائل کے مؤثر استعمال اور انتظامی امور میں بہتر طریقۂ کار اپنانے کے تئیں وزارت کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔
***
) ش ح ۔ا ک۔ش ت)
U.No. 7107