پوسٹ کرنے کی تاریخ:
02 NOV 2026 4:34PM by PIB Delhi
ریلوے کی وزارت کی جانب سے30 اکتوبر 2026 کو نئی دہلی کے ریل بھون میں قومی یومِ اتحاد منایا گیا اور سوچھتا ہی سیوا 2026 – خصوصی مہم 6.0 کے تحت مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔

بھارت کے ’مردِ آہن‘سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 151ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو افسر جناب ستیش کمار نے ریل بھون کے ’وچار‘(کانفرنس ہال) میں قومی یومِ اتحاد کا حلف دلایا۔ اس موقع پر ریلوے بورڈ کے اراکین، ڈائریکٹر جنرلز، وزارتِ ریلوے کے سینئر افسران اور ملازمین موجود تھے۔

قومی یومِ اتحاد ہر سال 31 اکتوبر کو سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یومِ پیدائش کے موقع پر منایا جاتا ہے۔ انہوں نے نوابی ریاستوں کو بھارتی یونین میں ضم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا اور ملک کے اتحاد اور سالمیت کو مضبوط بنانے میں دیرپا خدمات انجام دیں۔
سوچھتا ہی سیوا 2026 – خصوصی مہم 6.0 کے تحت صفائی ستھرائی، حفظانِ صحت اور صاف ستھرے ماحول کو فروغ دینے کے لیے ریل بھون میں مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ صفائی متروں کی صحت اور فلاح و بہبود کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے لیے طبی معائنے کے کیمپ بھی لگائے گئے۔

اس موقع پر ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو افسر نے صفائی متروں کی مخلصانہ خدمات اور ریل بھون میں صفائی ستھرائی برقرار رکھنے میں ان کے تعاون کے اعتراف میں انہیں اعزاز سے نوازا۔ اس تقریب کے ذریعے ان کی محنت اور صفائی ستھرائی برقرار رکھنے کے عزم کے ساتھ ساتھ بھارتی ریلوے میں سوچھتا کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔

اس تقریب میں روزمرہ دیکھ بھال اور رکھ رکھاؤ کے کاموں سے وابستہ عملے کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ ریلوے بورڈ کے سینئر اراکین نے ملازمین کی لگن اور محنت کے اعتراف میں انہیں اعزاز سے نوازا۔ اعزاز حاصل کرنے والوں میں صفائی ستھرائی اور باغبانی کے شعبوں سے وابستہ ملازمین بھی شامل تھے، جو ریلوے میں اتحاد کے گہرے جذبے اور ایک خاندان کی حیثیت سے مل جل کر کام کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔ اس موقع پر ان 11 ملازمین کو بھی اعزاز سے نوازا گیا، جو اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ بھارتی ریلوے اور ملک کے عوام کی خدمت کے لیے وقف کرنے کے بعد سبکدوش ہوئے۔
ان تقریبات کے ذریعے دفاتر کو صاف ستھرا اور سرسبز رکھنے کے پیغام کو مزید تقویت ملی، ساتھ ہی باہمی تعاون، ایک دوسرے کے احترام اور اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔ اس موقع نے بھارتی ریلوے کے اس تصور کو اجاگر کیا کہ پورا ریلوے خاندان ایک ٹیم کی حیثیت سے مل کر بھارت کے عوام کی خدمت کے لیے کام کرتا ہے۔
بھارت جب ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کے وژن کی جانب آگے بڑھ رہا ہے، ایسے میں بھارتی ریلوے ملک کے اتحاد اور یکجہتی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ملک کے قومی ٹرانسپورٹر کی حیثیت سے بھارتی ریلوے بھارت کے ہر حصے کو آپس میں جوڑتا ہے اور روزانہ لاکھوں مسافروں کو ان کی منزلوں تک پہنچاتا ہے۔ اس طرح بھارتی ریلوے قومی اتحاد کی علامت بن کر لوگوں، خطوں اور ریاستوں کو ایک دوسرے کے مزید قریب لا رہا ہے۔
***
ش ح۔ ک ا۔ ت ع
U.NO. 7103