پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 OCT 2026 5:30PM by PIB Delhi
حکومتِ ہندکی ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت (ایم ایس ڈی ای)اور حکومتِ مدھیہ پردیش نے بین الاقوامی سطح پر ہنر مندی کے فروغ اور بیرونِ ملک روزگار کے مواقع کو وسعت دینے کے لیے باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کی غرض سے نئی دہلی میں ایک مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کیے۔ اس مفاہمت نامے پر ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت جوائنٹ سکریٹری (بین الاقوامی تعاون) محترمہ مانسی سہائے ٹھاکر اور حکومتِ مدھیہ پردیش کے محکمۂ تکنیکی تعلیم، ہنر مندی کے فروغ اور روزگار کے پرنسپل سکریٹری جناب منیش سنگھ نے دستخط کیے۔
یہ شراکت داری بھوپال کے سنت شرومنی رویداس گلوبل اسکلز پارک میں اسکل انڈیا انٹرنیشنل سینٹر (ایس آئی آئی سی) کے قیام میں سہولت فراہم کرے گی، جس کا انتظام حکومتِ مدھیہ پردیش کی جانب سے یہی پارک انجام دے گا۔ یہ مرکز مقامی تربیتی نصاب اور بیرونِ ملک آجروں کی جانب سے مخصوص ملازمتوں کے لیے مطلوبہ پیشہ ورانہ مہارتوں، زبان پر عبور اور اسناد کے معیارات کے درمیان موجود فرق کو دور کرنے میں مدد کرے گا۔ یہ پہل قدمی بھارتی نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع تک رسائی کی راہیں ہموار کرنے اور 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے وژن میں اپنا تعاون دینے کے حکومت کے عزم سے ہم آہنگ ہے۔
اس شراکت داری پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت (ایم ایس ڈی ای) کی سکریٹری محترمہ دیباشری مکھرجی نے کہا، ’’بھوپال میں اسکل انڈیا انٹرنیشنل سینٹر کا قیام مدھیہ پردیش کے نوجوانوں کو عالمی سطح پر موزوں مہارتوں سے آراستہ کرنے اور انہیں بین الاقوامی روزگار کے مواقع سے جوڑنے کی ہماری کوششوں کو مزید تقویت فراہم کرے گا۔ آجروں کی جانب سے تصدیق شدہ طلب، متعلقہ ممالک کے معیارات اور زبان سے متعلق تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کرکے یہ مرکز بین الاقوامی منڈیوں میں امیدواروں کی روزگار حاصل کرنے کی صلاحیت کو مضبوط بنائے گا۔ یہ شراکت داری بیرونِ ملک نقل و حرکت کے لیے ایک اخلاقی، شفاف اور ضروریات کے مطابق ردعمل دینے والے نظام کی تشکیل کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہے، جو کارکنوں کو ہنر مندی کی تربیت سے لے کر روزگار کے حصول تک کے پورے سفر میں معاونت فراہم کرے گا۔‘‘
اس اشتراک کے تحت حکومتِ مدھیہ پردیش مرکز کے روزمرہ کے انتظامی امور، عملے کی تعیناتی، بنیادی ڈھانچے اور مقامی سطح پر نفاذ کی ذمہ داری سنبھالے گی، جبکہ ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت قومی رہنما خطوط، تکنیکی معاونت، ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچہ اور افرادی قوت کی طلب کی نشاندہی نیز بیرونِ ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے رابطہ کاری کی ذمہ داری انجام دے گی۔ اسکل انڈیا انٹرنیشنل سینٹر (ایس آئی آئی سی) امیدواروں کو متحرک کرنے، متعلقہ ملک کی ضروریات کے مطابق تربیت فراہم کرنے، غیر ملکی زبانوں میں مہارت پیدا کرنے، ثقافتی رہنمائی، بیرونِ ملک روانگی سے قبل تیاری اور ہنر مندی کے تربیتی اداروں نیز بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ روابط قائم کرنے کے لیے ریاستی سطح کے رابطہ کاری مرکز کے طور پر کام کرے گا۔
اس مرکز کے نفاذ اور کارکردگی کی نگرانی باہمی طور پر طے شدہ کلیدی کارکردگی اشاریوں (کے پی آئیز) کی بنیاد پر کی جائے گی۔ ان اشاریوں میں بیرونِ ملک روزگار کے لیے تیار امیدواروں کی نشاندہی اور اندراج کی تعداد، ترجیحی ممالک اور خطوں کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت میں اضافہ، بین الاقوامی سطح پر تقرریاں، سال بہ سال تقرریوں میں اضافہ اور ترسیلاتِ زر میں اضافہ شامل ہیں۔ مالیاتی اور کارکردگی سے متعلق پیش رفت کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جائے گا، جبکہ مسلسل معاونت کی فراہمی منظور شدہ عملی منصوبوں، بجٹ، اخراجات کے استعمال کے سرٹیفکیٹس، رپورٹنگ سے متعلق ضوابط کی پابندی اور باہمی طور پر طے شدہ اہداف کے حصول سے مشروط ہوگی۔






( ش ح ۔ م م ۔م ا )
UR.No-7091