وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

فضائیہ کے اسکولوں نے بچوں کے ڈیجیٹل تحفظ کا پروگرام اپنایا


اسکرول کنٹرول پروجیکٹ کے تحت فضائیہ کے 42 اسکول شامل: اساتذہ کو سائبر جرائم سے نمٹنے کے لیے فرسٹ ریسپانڈر کے طور پر سند سے نوازا گیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 02 NOV 2026 12:54PM by PIB Delhi

فضائیہ کے اسکولوں کی برادری میں سائبر تحفظ کی صلاحیت کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پہل کرتے ہوئے، فضائیہ کے صدر دفتر کی سرپرستی میں انڈین ایئر فورس ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سوسائٹی نے انفارمیشن شیئرنگ اینڈ اینالیسس سینٹر فاؤنڈیشن )آئی ایس اے سی(کے ذریعے ملک بھر کے فضائیہ کے اسکولوں کو اسکرول کنٹرول کے جامع چائلڈ ڈیجیٹل سیفٹی پروگرام میں شامل کیا ہے۔ یہ اقدام قومی سائبر سکیورٹی بیداری ماہ کے موقع پر شروع کیا گیا ہے۔

بیالیس فضائیہ کے اسکولوں کے 261 اساتذہ نے سائبر کرائم انٹروینشن آفیسرز کی حیثیت سے سرٹیفکیشن کورس مکمل کیا ہے۔ اس کا مقصد بچوں کو آن لائن بہلا پھسلا کر استحصال کرنے، مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال، آن لائن گیمنگ سے متعلق نقصانات اور مالی دھوکہ دہی سے محفوظ رکھنا ہے۔ اس کے علاوہ اس تربیت کے ذریعے اساتذہ کو ڈیجیٹل شواہد محفوظ رکھنے اور ایسے معاملات میں ابتدائی ردِعمل دینے والے اہلکاروں کے طور پر کارروائی کرنے کے قابل بھی بنایا گیا ہے۔

سستے داموں تیز رفتار انٹرنیٹ، اسمارٹ ڈیوائسز اور سوشل میڈیا تک رسائی کے اس دور میں اسکول جانے والے بچے بڑی تعداد میں ایسے غیر منضبط ڈیجیٹل ماحول کے زیرِ اثر آ رہے ہیں، جو بنیادی طور پر بالغ افراد کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ سائبر دنیا میں اسکول کے بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مرکزی ثانوی تعلیمی بورڈ )سی بی ایس ای( نے اپنے سے منسلک اسکولوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہر ماہ ’سائبر جاگروکتا دیوس‘ مناتے ہوئے سائبر تحفظ کے بہترین طریقوں کو اپنے نظام کا حصہ بنائیں۔ موجودہ پہل کے ذریعے فضائیہ کے اسکولوں کو تربیت یافتہ داخلی صلاحیت کے ساتھ اس ضرورت کے مطابق اقدامات کرنے کے قابل بنایا جا رہا ہے۔

اسکرول کنٹرول کے ذریعے فضائیہ کے اسکول سائبر کلب قائم کر سکیں گے، طلبہ کو سائبر تحفظ سے متعلق سرٹیفکیٹ فراہم کر سکیں گے، والدین اور عملے کے لیے بیداری اجلاس منعقد کر سکیں گے، خاندانوں کے لیے عمر کے لحاظ سے موزوں مواد کی درجہ بندی کے پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کر سکیں گے اور ’سائبر سیف اسکول‘ کے طور پر اپنی شناخت قائم کر سکیں گے۔

اس پروگرام کے تحت اساتذہ کی تربیت اور سرٹیفکیشن، نیشنل سکیورٹی ڈیٹابیس میں ان کا اندراج اور سائبر وکلاء، سائبر ماہرینِ نفسیات اور فرانزک ماہرین پر مشتمل کثیر شعبہ جاتی نظام کے ذریعے متاثرین کو 24 گھنٹے مدد فراہم کرنے کی سہولت آئی ایس اے سی فاؤنڈیشن کے توسط سے فراہم کی جا رہی ہے۔

***

 (ش ح ۔ش  ت۔ع ن)

U. No. 7086


(ریلیز آئی ڈی: 2331468) وزیٹر کاؤنٹر : 10
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil