پوسٹ کرنے کی تاریخ:
02 NOV 2026 11:37AM by PIB Delhi
مالی سال 2026-27 کے اکتوبر کے مہینے کے دوران کیپٹیو اور تجارتی کانوں سے کوئلے کی پیداوار 22.03 ملین ٹن(ایم ٹی) رہی، جو اکتوبر 2025 میں درج 15.49 ملین ٹن کے مقابلے میں تقریباً 42 فیصد سالانہ اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ اسی طرح کوئلے کی ترسیل 21.11 ملین ٹن رہی، جو اکتوبر 2025 میں درج 15.48 ملین ٹن کے مقابلے میں تقریباً 36 فیصد سالانہ اضافہ ہے۔ گزشتہ سال کی اپریل سے اکتوبر کی مدت کے مقابلے میں کوئلے کی پیداوار 105.33 ملین ٹن سے بڑھ کر 117.23 ملین ٹن ہوگئی، جو 11.30 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے، جبکہ ترسیل 111.95 ملین ٹن سے بڑھ کر 124.86 ملین ٹن ہوگئی، جو 11.53 فیصد اضافہ ہے۔ یہ اعداد و شمار کان کنی کی سرگرمیوں میں مسلسل پیش رفت کی عکاسی کرتے ہیں۔
یہ حوصلہ افزا نتائج بہتر عملیاتی کارکردگی، کان کنی کی پیداواری صلاحیت میں اضافے اور کیپٹیو و تجارتی کوئلہ کان کنی کے شعبے میں کانوں کی پیداواری صلاحیت کے زیادہ مؤثر استعمال کو ظاہر کرتے ہیں۔
منسلک گراف پیداوار اور ترسیل کے اعداد و شمار(ملین ٹن میں) کی وضاحت کرتا ہے۔

اس شعبے کو مزید تقویت دیتے ہوئے جھارکھنڈ کی لوہاری کوئلے کی کان کو اکتوبر 2026 میں کان کھولنے کی اجازت حاصل ہوئی۔ یہ کان کئی برسوں سے کام شروع کرنے کی منظوری کی منتظر تھی اور اسے منظوری ملنا وزارت کی کاروبار کرنے میں آسانی(ایز آف ڈوئنگ بزنس) سے متعلق اصلاحات کے اثرات کو ظاہر کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی فعال کیپٹیو اور تجارتی کوئلے کی کانوں کی تعداد بڑھ کر 87 ہوگئی ہے۔
ان کانوں سے کوئلے کی بڑھتی ہوئی پیداوار سے درآمد شدہ کوئلے پر انحصار کم ہونے، سپلائی چین کی مضبوطی میں اضافے، قیمتی زرمبادلہ کے تحفظ اور صنعتی ترقی کے لیے ایک اہم خام مال میں خود کفالت بڑھا کر حکومت کے آتم نربھر بھارت کے وژن کو آگے بڑھانے کی توقع ہے۔
کیپٹیو اور تجارتی کوئلے کی کان کنی کی مکمل صلاحیت سے استفادہ کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، وزارت ،پیداوار میں مسلسل اضافے کو برقرار رکھنے، رسد سے متعلق رکاوٹوں کو دور کرنے، ترقی پسند پالیسی اقدامات، مضبوط ضابطہ جاتی نگرانی اور متعلقہ فریقوں کے مسلسل تعاون کے ذریعے کوئلے کی دستیابی بہتر بنانے پر اپنی توجہ مرکوز رکھے گی، تاکہ ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی اور صنعتی ضروریات کو پورا کرنے میں قابلِ اعتماد تعاون یقینی بنایا جا سکے۔
***
(ش ح ۔ش ت۔ع ن)
U. No. 7081