قبائلی امور کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

حیدرآباد کے کانہا شانتی ونم میں صحت عامہ کے قبائلی معالجین کے لیے قومی تربیتی پروگرام کا انعقاد

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 02 NOV 2026 11:28AM by PIB Delhi

قبائلی امور کی وزارت نے جن جاتیہ صحت ادارہ جاتی تبدیلی (جن ہِت) پہل کے تحت، آئی سی ایم آر-نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ ریسرچ (آئی سی ایم آر-این آئی ایچ آر)، بھونیشور کے اشتراک سے، یکم اور 2 نومبر 2026 کو حیدرآباد کے کانہا شانتی ونم میں صحتِ عامہ کے موضوع پر قبائلی معالجین کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا قومی تربیتی پروگرام منعقد کیا۔ اس پروگرام کا افتتاح کانہا شانتی ونم، حیدرآباد کے آڈیٹوریم میں قبائلی امور کی وزارت کے ایڈیشنل سکریٹری جناب منیش ٹھاکر اور آئی سی ایم آر-این آئی ایچ آر، بھونیشور کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سنگھمتر پتی نے کیا۔ اس موقع پر تلنگانہ کے خصوصی سکریٹری اور ڈائریکٹر، قبائلیوں کی فلاح و بہبود کا محکمہ ،جناب بی ایم سنتوش، آئی اے ایس، قبائلی ثقافتی تحقیق و تربیت کے ادارے (ٹی سی آر اینڈ ٹی آئی)، تلنگانہ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر وی سموُجولا اور قبائلی امور کی وزارت اور آئی سی ایم آر-این آئی ایچ آر، بھونیشور کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

جن جاتیہ گورو دیوس پکھواڑے کے پہلے دن اس اہم پہل کا آغاز کیا گیا جو جامع صحت کی سہولتوں اور صلاحیتوں کو فروغ دینے کے اقدامات کے ذریعے ملک کی قبائلی برادریوں کے احترام اور انہیں بااختیار بنانے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261102112928_9c1e46.jpg

تربیتی پروگرام کے پہلے مرحلے میں ہندوستان کی نو ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں (آندھرا پردیش، گوا، کرناٹک، کیرالہ، مہاراشٹر، اڈیشہ، تمل ناڈو، تلنگانہ اور دادرا و نگر حویلی) کے قبائلیوں کی فلاح و بہبود کی محکمے کی جانب سے نامزد کیے گئے تقریباً 550 قبائلی معالجین شرکت کر رہے ہیں۔ اس تربیتی پروگرام کا مقصد قبائلی معالجین کو صحتِ عامہ کے اہم مسائل سے روشناس کرانا اور عام بیماریوں، خطرے کی علامات کی بروقت شناخت اور مناسب طبی نگہداشت کے لیے مریضوں کو متعلقہ مراکز تک پہنچانے کے طریقۂ کار کے بارے میں ان کی سمجھ بوجھ کو بہتر بنانا ہے۔ قبائلی برادریوں میں معالجین کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے، اس پہل کے ذریعے صحت کے بنیادی اصولوں اور ضروری احتیاطی تدابیر کے بارے میں ان کی آگاہی بڑھانے کے ساتھ ساتھ انہیں باقاعدہ طبی نظام سے مربوط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

دو روزہ تربیتی پروگرام میں تین تربیتی ماڈیول شامل ہوں گے، جن کے تحت صحتِ عامہ سے متعلق مختلف اہم موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا۔ ان میں متعدی اور ناقلِ حشرات(کیڑے مکوڑوں کے ذریعے پھیلنے والی بیماریوں) سے پھیلنے والی بیماریاں، جلدی امراض، غیر متعدی بیماریاں، میٹابولزم اور خون سے متعلق امراض، جگر کی بیماریاں اور ذہنی صحت کے مسائل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سانپ کے کاٹنے، بچھو اور دیگر زہریلے جانداروں کے ڈنک یا کاٹنے، جانوروں کے کاٹنے، چوٹ لگنے، آنکھوں اور کانوں کے امراض، منہ کی صحت اور نومولود بچوں اور شیر خواروں کی دیکھ بھال کے معاملات میں مریضوں کو مناسب طبی مراکز تک پہنچانے کے طریقوں پر بھی توجہ دی جائے گی۔ تربیت میں عملی مشقیں، جائزہ میٹنگ، تربیت کے بعد جانچ اور شرکاء کی آرا بھی شامل ہوں گی، تاکہ سیکھی گئی باتوں کو مزید پختہ کیا جا سکے اور تربیتی پروگرام کی افادیت کا اندازہ لگایا جا سکے۔

مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے شرکاء اس دو روزہ پروگرام میں حصہ لیں گے۔ مؤثر رابطے اور بہتر سیکھنے کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے تربیتی نشستوں کا اہتمام ریاستوں کے لحاظ سے علاقائی زبانوں میں کیا گیا ہے۔ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس)، آئی سی ایم آر، کوالٹی کونسل آف انڈیا، ایم ایس سوامی ناتھن فاؤنڈیشن، امرتا انسٹی ٹیوٹ، کوچی، آئی آئی ایچ ایم آر، بنگلورو اور پیرامل سواستھیہ، مہاراشٹر کے ماہرین قبائلی معالجین کے لیے متعلقہ زبانوں میں تربیتی نشستیں منعقد کریں گے۔

قبائلی معالجین کو صحت سے متعلق اہم مسائل اور مریضوں کو مناسب طبی مراکز تک پہنچانے کے طریقوں سے روشناس کرانے کے ذریعے اس پروگرام کا مقصد برادری کی سطح پر صحت سے متعلق باخبر مدد کو فروغ دینا اور قبائلی برادریوں کے روایتی طریقۂ علاج اور باقاعدہ طبی نظام کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ آئی سی ایم آر-این آئی ایچ آر، بھونیشور نے قبائلی امور کی وزارت کے تعاون سے صلاحیت سازی کا یہ منظم تربیتی نصاب تیار کیا ہے، جو قبائلی طریقۂ علاج کو باقاعدہ طبی نظام سے مربوط کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ جن جاتیہ گورو دیوس کے موقع پر اس پہل کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔

یہ پروگرام 2 نومبر 2026 کو اختتامی تقریب اور شرکاء میں اسناد کی تقسیم کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔

***

 ش ح۔م م ع۔ص ج

UN-7080


(ریلیز آئی ڈی: 2331421) وزیٹر کاؤنٹر : 12
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil