ریلوے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ریلوے کے مرکزی وزیر نے بنگلورو-ممبئی وندے بھارت سلیپر ایکسپریس ریل گاڑی کو جھنڈ دکھاکر رخصت کیا


مرکزی وزراء پرہلاد جوشی، ایچ ڈی کمارسوامی، وزیر مملکت برائے ریلوے وی سومنا اور دیگر معززین نے بھی جھنڈی دکھا کر روانہ کرنے کی تقریب میں شرکت کی

نئی وندے بھارت سلیپر ایکسپریس بنگلورو اور ممبئی کے درمیان رابطے کو مزید بہتر بنائے گی، جو ہندوستان کے آئی ٹی  اور اسٹارٹ اپ دارالحکومت کو اس کے مالیاتی دارالحکومت سے جوڑے گی: جناب اشونی ویشنو

جدید اوور نائٹ ریل کنکٹیویٹی سے پیشہ ور افراد، کاروباری افراد، طلباء، تاجروں اور سیاحوں کو فائدہ پہنچے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 01 NOV 2026 7:21PM by PIB Delhi

ریل وزراء جناب اشونی ویشنو نے آج مرکزی وزیر جناب پرہلاد جوشی، مرکزی وزیر جناب ایچ ڈی کمارسوامی، وزیر مملکت برائے ریلوے جناب وی سومنا، وزیر مملکت محترمہ شوبھا کراندلاجے اور دیگر معززین کی موجودگی میں ایس ایم وی ٹی بنگلورو - چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس (سی ایس ایم ٹی) ، ممبئی وندے بھارت سلیپر ایکسپریس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ فلیگ آف تقریب ہندوستان کے دو بڑے میٹروپولیٹن اور اقتصادی مراکز کے درمیان جدید اوور نائٹ ریل کنکٹیویٹی کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

اس اگلی نسل کی سلیپر ٹرین کے آغاز سے مسافروں کو بنگلورو اور ممبئی کے درمیان سفر کا ایک اضافی جدید، آرام دہ اور کارآمد متبادل میسر آئے گا۔ توقع ہے کہ یہ سروس پیشہ ور افراد، کاروباری افراد، کاروباری مسافروں، طلباء، تاجروں اور سیاحوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی اور اس کے ساتھ ساتھ کرناٹک، آندھرا پردیش اور مہاراشٹر کے اہم علاقائی مراکز کے مابین رابطے کو بھی مضبوط کرے گی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261101192255_df7db6.jpg

جنوری 2026 میں ہاوڑہ-گوہاٹی کوریڈور پر وندے بھارت سلیپر سروسز کے آغاز اور گزشتہ روز وارانسی-نئی دہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیے جانے کے بعد، بنگلورو-ممبئی سروس جدید اوور نائٹ ریل سفر کے نیٹ ورک کو مزید وسعت دیتی ہے اور مسافروں کی سہولت پر مبنی نقل و حرکت کے تئیں بھارتی ریلوے کے عزم کو تقویت بخشتی ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261101192301_f776e8.jpg

بنگلورو-ممبئی وندے بھارت سلیپر ایکسپریس کے آغاز پر روشنی ڈالتے ہوئے، جناب ویشنو نے کہا کہ یہ سروس ملک کے آئی ٹی اور اسٹارٹ اپ دارالحکومت بنگلورو کو اس کے مالیاتی دارالحکومت ممبئی سے جوڑے گی۔ یہ ٹرین آندھرا پردیش میں اننت پور اور گنٹکل؛ کرناٹک میں رائے چور، یادگیر اور کالبورگی؛ اور مہاراشٹر میں سولا پور، پونے اور کلیان کے راستے چلے گی، جس سے شمالی کرناٹک کے متعدد حصوں کو اوور نائٹ کنکٹیویٹی فراہم ہوگی جو پہلے پریمیم اور عالمی معیار کی ٹرین سروسز سے محروم تھے۔ انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ کرناٹک کے لیے اگلی وندے بھارت سلیپر سروس بنگلورو سے شروع ہوگی، جو ریاست کے شمالی حصوں کو ہبلی خطے کی طرف جوڑتے ہوئے پونے اور ممبئی کی طرف بڑھے گی۔

مرکزی وزیر نے مزید اعلان کیا کہ بنگلورو اور منگلورو کے درمیان وندے بھارت سروسز آئندہ چند ہفتوں میں شروع ہونے کی امید ہے، جو اس راستے پر برق کاری کی تکمیل اور کامیاب ٹیسٹنگ کے بعد عمل میں آئے گی۔ یہ سروس بنگلورو اور ساحلی کرناٹک کے درمیان رابطے کو مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ نئی سروس خطے کو تیز رفتار، زیادہ آرام دہ اور عالمی معیار کا ریل رابطہ فراہم کرے گی۔ انہوں نے مسافروں کے رابطوں کو مضبوط بنانے اور کرناٹک کی اقتصادی ترقی میں مدد کے لیے جدید ریلوے انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات اور تیز رفتار سروسز کی توسیع کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

مرکزی وزیر ریل جناب اشونی ویشنو نے علاقائی رابطوں کو مضبوط کرنے اور اقتصادی انضمام کو فروغ دینے کے لیے کرناٹک میں تیز رفتار ریل رابطوں کی توسیع اور نئے ریلوے گلیاروں کی ترقی پر روشنی ڈالی۔ سفر کے وقت میں متوقع کمی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بنگلورو سے چنئی کا سفر اب محض 73 منٹ لے گا، جبکہ بنگلورو سے حیدرآباد کا رابطہ تقریباً 2 گھنٹے اور 10 منٹ میں مکمل ہو جائے گا۔

مرکزی وزیر جناب پرہلاد جوشی نے کرناٹک بالخصوص شمالی کرناٹک میں ریلوے کنکٹیویٹی کو مضبوط بنانے کے لیے وزارتِ ریل کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے ریلوے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے فنڈز کی بڑھتی ہوئی تخصیص پر روشنی ڈالی اور کرناٹک میں ریلوے کے ترقیاتی کاموں میں ہونے والی نمایاں پیش رفت کی تعریف کی۔ جناب جوشی نے اس بات پر زور دیا کہ اس بھاری سرمایہ کاری نے انفراسٹرکچر کی توسیع اور حفاظتی انتظامات دونوں کو فروغ دیا ہے، اور انہوں نے اشارہ کیا کہ 'کوَچ'  پروٹیکشن سسٹم کے نفاذ کے بعد حادثات کی شرح 135 سے گر کر محض 16 رہ گئی ہے، جبکہ ادارہ جاتی طور پر صفر حادثات کا واضح ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے نئی وندے بھارت سروسز کے آغاز اور اضافی ہائی اسپیڈ ریل کوریڈورز کے اعلان کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ ان اقدامات سے مسافروں کے رابطے بہتر ہوں گے، علاقائی ترقی کو فروغ ملے گا اور کرناٹک بھر میں جدید ریل سروسز تک بہتر رسائی حاصل ہوگی۔

مرکزی وزیر جناب ایچ ڈی کمارسوامی نے بنگلورو-ممبئی وندے بھارت سلیپر سروس کے آغاز، بنگلورو اور منگلورو کے درمیان مجوزہ وندے بھارت کنکٹیویٹی، اور بنگلورو کو پونے سے جوڑنے والے ریل رابطے کے منصوبے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ان پہل قدمیوں سے نہ صرف کرناٹک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا بلکہ بنگلورو میں مقیم مغربی بنگال، اسام اور بہار جیسی ریاستوں کے مہاجر مزدوروں اور خاندانوں کی ایک بڑی تعداد کو بھی فائدہ ہوگا، اور اس کے ساتھ ساتھ مسافروں کی سہولت اور علاقائی رابطوں میں بھی بہتری آئے گی۔

مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے جناب وی سومنا نے کرناٹک میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے میں آنے والی نمایاں تبدیلی کا ذکر کیا، جس میں طویل عرصے سے زیر التوا منصوبوں کو تیز کرنے، ریل رابطوں کو مضبوط بنانے اور ریاست بھر میں مسافروں کی سہولیات کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ریاست میں تقریباً 52,000 کروڑ روپے کے ریلوے انفراسٹرکچر کی ترقی کے کام جاری ہیں۔ انہوں نے ٹرین سروسز کی بحالی، ریلوے اوور بریجز اور انڈر بریجز کی تعمیر میں تیزی لانے، اور بنگلورو، ضلعی ہیڈ کوارٹرز اور دیگر اہم مراکز میں ریلوے اسٹیشنوں کو جدید بنانے کے لیے وزیر ریل کی کوششوں کو سراہا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261101192311_4010cf.jpg

دو بڑے اقتصادی اور تجارتی مراکز کو جوڑنا

نئی وندے بھارت سلیپر ایکسپریس انفارمیشن ٹیکنالوجی، جدت طرازی، تعلیم اور صنعت کاری کے ایک اہم مرکز بنگلورو اور ملک کے مالیاتی و تجارتی دارالحکومت ممبئی کے درمیان اوور نائٹ ریل لنک قائم کرے گی۔

دونوں میٹروپولیٹن مراکز پیشہ ور افراد، کاروباری افراد، طلباء، کاروباری مسافروں اور خاندانوں کی ایک بڑی تعداد کی آمد و رفت کے شاہد ہیں۔ یہ نئی سروس مسافروں کو سفر کا ایک اضافی اور آرام دہ متبادل فراہم کرے گی، جس سے وہ رات بھر میں طویل مسافت کا سفر طے کر کے اگلے ہی دن اپنی منزل پر پہنچ سکیں گے۔

یہ ٹرین اپنے روٹ پر آنے والے اہم اسٹیشنوں کو جوڑے گی، جن میں اننت پور، گنٹکل، رائے چور، یادگیر، واڑی، کالبورگی، سولا پور، پونے اور کلیان شامل ہیں۔ اس سے کرناٹک، آندھرا پردیش اور مہاراشٹر کے مختلف حصوں کے درمیان رابطے کو تقویت ملے گی، جس سے اہم تجارتی، تعلیمی اور علاقائی مراکز تک رسائی مزید بہتر ہوگی۔

یہ ٹرین ایس ایم وی ٹی بنگلورو سے شام 19:45 بجے روانہ ہوگی اور اگلے دن صبح 11:55 بجے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس، ممبئی پہنچے گی۔ واپسی کے سفر میں، یہ سی ایس ایم ٹی سے رات 20:10 بجے روانہ ہوگی اور اگلے دن دوپہر 12:00 بجے ایس ایم وی ٹی بنگلورو پہنچے گی۔ یہ سروس ہفتے میں چھ دن چلے گی، جس میں بنگلورو سے روانہ ہونے والی سمت میں پیر کا دن اور ممبئی سے روانہ ہونے والی سمت میں منگل کا دن شامل نہیں ہوگا۔

رات بھر کا یہ شیڈول مسافروں کو دونوں میٹروپولیٹن مراکز کے درمیان آرام دہ سفر کے ساتھ ساتھ اپنے دن کے وقت کا زیادہ مؤثر استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔ اس روٹ پر آنے والے شہروں اور قصبوں کے مسافروں کو بھی ریل سفر کے ایک اضافی اور جدید متبادل سے فائدہ پہنچے گا۔

بنگلورو-ممبئی وندے بھارت سلیپر ایکسپریس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کرنا، جدید ترین انفراسٹرکچر، جدید ٹیکنالوجی اور بہتر رابطوں کے ذریعے مسافروں کی نقل و حمل کو بدلنے کے لیے انڈین ریلویز کی جاری کوششوں میں ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔ بھارتی ریلوے ایک جدید، کارآمد، محفوظ اور مسافروں کی سہولت پر مبنی ٹرانسپورٹیشن نیٹ ورک تیار کرنے کے لیے پرعزم ہے، جو ہندوستان کی اقتصادی ترقی میں مددگار ثابت ہو اور بڑے میٹروپولیٹن مراکز کو ابھرتے ہوئے علاقائی مراکز سے جوڑے۔

**********

 

(ش ح –ا ب ن)

U.No:7066


(ریلیز آئی ڈی: 2331333) وزیٹر کاؤنٹر : 22